#PAKvBD: پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار


کرکٹ

لاہور میں بارش کے باعث گراؤنڈ سٹاف پچ کو ڈھانپ رہا ہے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بارش کے باعث یہ میچ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔

آج کھیلے جانے والے میچ کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہونا تھا، تاہم بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہے۔

دونوں ٹیمیں کرکٹ سٹیڈیم پہنچ چکی ہیں۔ گراؤنڈ میں پچ کو محفوظ کرنے کے لیے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو اس انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلے ہی دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف نو وکٹوں سے فتح

وہ فیصلہ جس نے آج لاہور میں ’پاکستان کی لاج رکھ لی‘

’بابر اعظم آج اطمینان سے سو سکتے ہیں‘

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

یاد رہے کہ 25 جنوری کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نےبنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سنیچر کے روز بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کو 137 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور بابر اعظم کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ جس کے باعث پاکستان نے 137 رنز کا ہدف 17 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

اس سے قبل پہلے 24 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کے 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کر لی تھی۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے لیے پاکستان نے بابر اعظم کی قیادت میں جو ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں دو نئے کھلاڑی حارث رؤف اور احسان علی بھی شامل تھے۔ حارث رؤف آسٹریلیا میں بگ بیش میں اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے والے میں کامیاب ہوئے۔

سیریز کا پس منظر

ٹرافی اور کپتان

PCB
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو سیریز کے تمام میچ جیتنے ہوں گے

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کا یہ دورۂ پاکستان اپنے شیڈول اور نوعیت کی وجہ سے تنازع کا شکار بھی رہا۔ تین مراحل پر مشتمل اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ٹی 20، ایک ون ڈے جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدا میں دورے کی طوالت اور اس دوران سکیورٹی کو بنیاد بنا کر صرف ٹی 20 میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پاکستان مُصر تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کی فرمائش کا جواز نہیں۔

بعدازاں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی کوششوں کے نتیجے میں ڈیڈ لاک ختم ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے پول پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ برس 10 میں سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا گیا جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp