کوبی برائنٹ: باسکٹ بال کے لیجنڈ کی زندگی تصویروں میں


برائنٹ کوبی

برائنٹ کوبی پانچ مرتبہ این بی اے چیمپیئن رہے ہیں

کوبی برائنٹ باسکٹ بال کی تاریخ کے بڑے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ان کی اچانک موت پر پانچ مرتبہ این بی اے چیپیئن کے لیے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کوبی برائنٹ این بی اے کی تاریخ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے چوتھے کھلاڑی تھے اور انھوں نے امریکی ٹیم کے لیے دو اولمپک گولڈ میڈل جیتے تھے۔ اس کے علاوہ کوبی نے اپنے پورے بیس سالہ کیریئر میں صرف لاس اینجلیز لیکرز کے لیے ہی کھیلا۔ وہ اپریل 2016 میں ریٹائر ہوئے تھے۔

کوبی برائنٹ

کوبی نے اپنے پورے بیس سالہ کیریئر میں صرف لاس اینجلیز لیکرز کے لیے ہی کھیلا

انھوں نے 2006 میں ٹورونٹو ریپٹرز کے خلاف 81 پوائنٹس بنا کے تاریخ رقم کی تھی اور وہ این بی اے کی تاریخ میں کسی ایک گیم کا دوسرا سب سے بڑا ٹوٹل تھا۔

کوبی برائنٹ

کوبی برائنٹ نے اٹلی میں باسکٹ بال کھیلنا شروع کیا۔ اس کے علاوہ وہ فٹ بال بھی کھیلتے تھے۔

برائنٹ سابق این بی اے کھلاڑی ’جیلی بین‘ برائنٹ کے بیٹے تھے جنھوں نے 1975 اور 1983 کے درمیان تین مختلف ٹیموں کے لیے آٹھ سیزن کھیلا تھا۔ ریٹائر ہونے کے بعد برائنٹ اپنے خاندان کے ساتھ اٹلی منتقل ہو گئے اور وہیں کھیلنے لگے۔ برائنٹ پیدا تو 1978 میں فیلاڈلفیا میں ہوئے تھے لیکن باسکٹ بال کے لیے ان میں لگن اٹلی جانے کے بعد پیدا ہوئی۔ وہ روانی سے اطالوی زبان بولتے تھے اور ایک مرتبہ انھوں نے کہا تھا کہ انھوں نے اپنی زندگی کا بہترین وقت شمالی اٹلی میں گزارا تھا۔ وہ باسکٹ بال کے علاوہ فٹ بال کھیلتے تھے اور اے سی میلان کے بڑے مداح تھے۔

امریکہ واپس آنے کے بعد برائنٹ لوئر میریئن ہائی سکول کی طرف سے کھیلنے لگے اور 1996 میں سکول کو چیپیئن شپ جتوائی۔ انھیں سکول سے چنا گیا اور اس کے بعد انھوں نے لیکرز میں شمولیت اختیار کر لی جہاں انھوں نے دو دہائیاں گزاریں۔

انھوں نے لیکرز کے لیے پانچ مرتبہ این بی اے چیمپیئن شپ اور بہت زیادہ اعزازات جیتے۔ 2008 میں انھیں این بی اے کا سب سے زیادہ قابلِ قدر کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کوبی برائنٹ

کوبی برائنٹ این بی اے کی تاریخ کے سرکردہ گول سکورر کے طور پر ریٹائر ہوئے

برائنٹ نے اپنے کیریئر میں 1346 گیمز کھیلیں اور این بی اے کی تاریخ میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی کے اعزاز کے ساتھ ریٹائر ہوئے۔ سنیچر کو لیکرز کی ہی ایک اور سٹار کھلاڑی لیبرون جیمز نے ان کا ریکارڈ توڑ دیا اور اس طرح اب برائنٹ چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

برائنٹ نے اپنی آخری گیم میں 60 سکور کیے تھے جو کہ اپنے اپ میں آخری گیم کے لیے ایک منفرد ریکارڈ تھا۔

کوبی برائنٹ

لیکرز کلب نے کوبی برائنٹ کے بعد ان کی شرٹس کے نمبروں کو بھی ریٹائر کر دیا تھا

لیکرز کلب وہ دونوں نمبرز ۔ 8 اور 24 بھی، جن کو پہن کر برائنٹ کھیلتے تھے، ان کی ریٹارمنٹ کے بعد ریٹائر کر دیے تھے۔

باسکٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے اپنی توجہ بزنس اور اینٹرٹینمنٹ پر مرکوز کر دی تھی۔ انھوں نے اپنے سپورٹس ڈرنک کے بزنس سے لاکھوں پاؤنڈ منافع کمایا۔

جریدے فوربز کے مطابق ان کے پورے کیریئر کی کمائی 770 ملین ڈالر تھی جو کہ ٹیم سپورٹس کی تاریخ میں سب سے زیادہ تھی۔

برائنٹ نے 2018 میں اپنی شارٹ اینیمیٹڈ فلم ’ڈیئر باسکٹ بال‘ پر 2018 میں آسکر جیتا تھا۔ یہ ان کے 2015 میں باسکٹ بال کے کھیل کے لیے لکھے گئے ایک ’محبت نامے‘ پر مبنی تھی۔

کوبی برائنٹ

کوبی برائنٹ نے 2001 میں ونیسا سے شادی کی تھی

برائنٹ کے لواحقین میں ان کی بیوی ونیسا اور تین بچے، نیتالیا، بیانکا اور کیپری ہیں۔ انھوں نے ونیسا کے ساتھ 2001 میں شادی کی تھی۔

کوبی برائنٹ

کوبی برائنٹ اپنی بیٹی جیانا برائنٹ کے ساتھ ایک گیم دیکھتے ہوئے

کوبی برائنٹ کی موت پر دنیا بھر میں بہت دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ہلاک ہونے والی ان کی 13 برس کی بیٹی جیانا بھی باسکٹ بال کی ایک ابھرتی ہوئی کھلاڑی سمجھی جاتی تھیں۔

سابق امریکی صدر براک اوباما نے برائنٹ کو ’کورٹ میں ایک لیجنڈ‘ قرار دیا ہے۔

کوبی برائنٹ

این بی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے کوبی برائنٹ اور ان کی بیٹی کو موت پر گہرا صدمہ ہے

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp