#TayyarHain: پی ایس ایل کے نئے ترانے کی رونمائی پر اسٹیک ہولڈرز خوش، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل


پاکستان کرکٹ

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن ’ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020‘ کا آفیشل ترانہ ’’تیار ہیں‘ منگل کی شام لانچ کر دیا ہے اور اس ترانے کی تقریبِ رونمائی لاہور کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی۔

سپر لیگ میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز نے تقریب میں شرکت کی جہاں حاضرین کو ’’تیار ہیں‘‘ ،ملک کے ٹیلی ویژن چینلز پر نشر ہونے سے قبل سنوایا گیا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔

ترانے کے لانچ کی تقریب میں چھ فرنچائزز، اسپانسرز، میڈیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس سیزن کے آفیشل ترانے کو خوب سراہا، جو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے تما میچوں کے پاکستان میں انعقاد پر جوش وخروش کی عکاسی کرتا ہے۔”تیار ہیں” کی باضابطہ رونمائی سے آدھا گھنٹہ قبل تقریب میں ترانہ بجانے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مختصر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں میں تمام ٹیموں کے نمائندگان، کھلاڑیوں، سینیئر ممبران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سوال و جواب میں شریک حاضرین نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشنز سے متعلق اپنی یادیں تازہ کرنے کے ساتھ آئندہ ایڈیشن سے متعلق توقعات کا بھی اظہار کیا۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفیشل ترانہ “تیار ہیں” لیگ کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد پر جشن مناتے مداحوں کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس تقریب کے کامیاب انعقاد سے واضح ہو گیا کہ ایونٹ میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انہیں امید ہے کہ لیگ کا آئندہ ایڈیشن کامیابی کے نئے معیار قائم کرے گا۔احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر پی سی بی کی ٹیم کے مشکور ہیں اور انہیں امید ہے کہ ٹیم میں شامل تمام افراد اسی محنت اور لگن کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر 22 مارچ تک کام کرتے رہیں گے۔اس موقعے پر لاہور قلندرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنکگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالکان اور سی اے اوز بھی موجود تھ اور انہوں نے بھی نئے ترانے کی تعریف کی اور امید کا اظہار کیا کہ پانچواں ایڈیشن گزشتہ برسوں سے بھی بہتر ثابت ہو گا۔

آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے لیے مربوط مارکیٹنگ مہم کا آغاز 28جنوری بروز پیر سے ہوگا۔ مہم کے تحت آفیشل ہیش ٹیک #HBLPSLV اور #TayyarHain ہیں۔”تیار ہیں” کی ویڈیو ملک بھر میں ایونٹ کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کی خوشی اور جوش و جذبہ کی عکاسی کرتی ہے۔ “تیار ہیں” میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، فوک گلوکار عارف لوہار، “آواز “بینڈ سے شہرت پانے والے گلوکار ہارون رشید اور مشہور پاپ گلوکار عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا ہے۔ آفیشل ترانے کی ہدایتکاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان(زلفی) اور کمال خان (لال کبوتر) نے کی ہے۔”تیار ہیں” کی موسیقی میں تُنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ اسٹارز بابراعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔

تیار ہیں کے لانچ کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار شروع کر دیا جہاں کچھ لوگوں نے اسے سراہا، تاہم ایک بڑی تعداد کے خیال میں یہ ترانہ ان کی توقعات پر پورا نہیں اترا۔

خاتون کرکٹ کمنٹیٹر مرینہ اقبال نے ترانے کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ترانہ جوش اور جذبے سے لبریز ہے اور اسے سن کر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔

https://twitter.com/MarinaMI_24/status/1222210219268288515

لیکن سکینہ زہرہ کے خیال میں ترانہ بنانے والوں نے ڈانس پر زیادہ توجہ دی ہے اور شاعری اور گائیکی پر کم۔ ان کے خیال میں یہ ترانا اس معیار کا نہیں ہے جو علی ظفر نے گائے تھے۔

https://twitter.com/Sakinazahra1998/status/1222212190410854407

کئی دیگر ٹوئٹر صارفین نے بھی نئے ترانے کا موازنہ علی ظفر کے پی ایس ایل کے ترانوں کیا ہے اور ان کے خیال میں اس ترانے میں وہ جوش و جذبہ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ فرحان ظہیر خواجہ نے علی ظفر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پلیز بھائی پی ایس ایل کے گانے آپ بنائیں کیونکہ میں تمام سیزن ’تیار ہیں‘ نہیں سن سکتا ہے۔ جب آپ گاتے تھے تو یقین مانیں ہمارے روگٹھے کھڑے ہو جاتے تھے۔‘

https://twitter.com/fzk_94/status/1222209603221454848

ایک اور ٹوئٹر صارف سعدیہ خان کہتی ہیں کہ نئے ترانے کو ’ایک گھنٹہ مسلسل سننے کے بعد اب ’تیار ہیں‘ ان کمے لیے پی ایس ایل کا دوسرا پسندیدہ ترانہ بن گیا ہے۔‘

https://twitter.com/Sadiah_Khan/status/1222208228215476224

آئی سی سی ورلڈ کپ کی پریزینٹر زینب عباس نے اپنی ایک ٹویٹ میں ’تیار ہیں‘ گانے والے چاروں گلوکاروں کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک زبردست ترانہ ہے۔

https://twitter.com/ZAbbasOfficial/status/1222185403861610497


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp