’پاکستان نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگ پر اکسانے والے بیانات کو رد کرتا ہے‘


پاکستان

پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج کی صلاحیت پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے

’پاکستان انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگ پر اکسانے والے بیانات کو مکمل طور پر رد کرتا ہے۔‘

پاکستان کے دفترِ خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان کے یہ بیانات پاکستان کے متعلق انڈیا کے ناقابلِ علاج خبط کا عکاس ہیں اور بی جے پی کی قیادت کی متعصبانہ، کشمیر اور اقلیت مخالف پالیسیوں پر بڑھتی ہوئی اندرونی اور بیرونی تنقید پر سے توجہ ہٹانے کی ایک مایوس کن کوشش ہے۔‘

یہ بھی پڑھیئے

نریندر مودی: پاکستان ایک لڑائی سے نہیں سدھرے گا

’پاکستان 370 کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تھا‘

’سوچا بادلوں میں پاکستان کو طیارے دکھائی نہیں دیں گے‘

پاکستان کا مودی کے لیے فضائی حدود کھولنے سے انکار

دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ انڈین وزیرِ اعظم کی دھمکیاں اور اشتعال دلانے والے بیانات سے بی جے پی کی قیادت میں انتہا پسند رویے کی مزید وضاحت ہوتی ہے جو صاف طور پر انڈیا کے ریاستی اداروں میں سرایت کر چکا ہے۔

’پاکستان کے انڈیا کے بالا کوٹ پر بدنصیب حملے کے فوری اور موثر ردِ عمل، بشمول گذشتہ سال انڈین جنگی جہاز کے گرائے جانے اور پائلٹ کو پکڑنے کے واقعے سے ہماری مسلح افواج کے عزم، اہلیت اور تیاری کا پتہ لگ جانا چاہیئے۔ کسی کو پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے کسی بھی قسم کی جارحیت کا موثر طریقے سے جواب دینے کے عزم پر شک نہیں ہونا چاہیئے۔‘

نریندر مودی

انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مسلح افواج کے ساتھ خطاب میں پاکستان کو دھمکی دی تھی

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری سے درخواست کرتا ہے کہ وہ انڈین قیادت کے جاری متشدد بیانات اور جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے جن کی وجہ سے خطے کے امن اور سکیورٹی کو خطرہ ہے۔

’ہم امید کرتے ہیں کہ جنوبی ایشیا کے پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں اور کشمیر کے تنازعے کا کوئی پر امن حل نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔‘

انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کو مسلح افواج سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انڈیا کسی بھی نئی جنگ میں پاکستان کو 10 سے بھی کم دنوں میں ’خاک چٹا‘ سکتا ہے۔

شہریت کے نئے قانون کے خلاف مظاہروں، سست رفتار معیشت اور اگلے ماہ دہلی میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں شکست کے امکان کی وجہ سے مودی پر شدید دباؤ ہے۔

انڈین طیارہ

گذشتہ برس پاکستان نے انڈیا کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا تھا اور پائلٹ کو پکڑ لیا تھا

انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’پاکستان پہلے ہی تین جنگیں ہار چکا ہے۔ ہماری مسلح افواج پاکستان کو خاک چٹانے میں سات سے دس دنوں سے بھی کم لیں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ 2016 میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے اندر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے انڈیا کے حملے اس بات کا ثبوت ہیں۔

’ہم سرجیکل سٹرائیک کرتے ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے گھروں میں مارتے ہیں۔‘

انڈین وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں شدت پسندوں کی حمایت کر کے انڈیا کے خلاف ’پراکسی جنگ‘ جاری رکھی ہوئی ہے جہاں حالیہ دہائیوں میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp