کورونا وائرس: چین میں موجود غیر رجسٹرڈ طلبا کو فوری پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے کی ہدایت


چین

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق حکومت نے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے چین کے ساتھ مل کر ایک ہائی پاور ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ چین کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر پاکستانی طلباء کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’چین میں موجود جو پاکستانی طلبا سفارتخانے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں انھیں فوری طور پر رجسٹرڈ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘

نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق اس سوال پر کہ حکومت پاکستان دیگر ممالک کی طرح چینی صوبہ ووہان میں موجود اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیوں نہیں کر رہی، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جن ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے نکالنے کی خبریں آ رہی ہیں وہ ابھی صرف بات چیت کر رہے ہیں، پاکستان بھی اپنے شہریوں کے حق میں بہتر اقدامات کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس: 132 ہلاکتیں، چار پاکستانی طلبا متاثر

چین: مہلک وائرس کی ’انسان سے انسان میں منتقلی‘ کی تصدیق

کورونا وائرس: پاکستانیوں کو احتیاط کی ہدایت

وزارت خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’چین کے علاقے ارومچی سے ہمیں پروازیں لیٹ ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کو مشکلات کی اطلاعات ملی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ چین میں موجود پاکستانی شہریوں کی فلاح کے لیے جو بھی بہتر اقدامات ہوں گے وہ ہی اٹھائے جائیں گے، اور جہاں خوراک کی قلت سمیت دیگر مسائل ہیں ان کو حل کرنے کے لیے چین سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق چینی حکومت نے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں جن کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں چین کو درکار ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی حکومت کے اس وائرس کی روک تھام کی لیے گیے گئے اقدامات پر پوری دنیا ان کی معترف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کا بارڈر معمول کے مطابق اپریل میں کھلے گا۔

چین

وزارت خارجہ کی جانب سے دیے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے دوسری جانب فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی طالب علم میرال جاوید، جو اس وقت چین کے شہر ووہان میں موجود ہیں، نےکہا کہ پاکستانی  دفتر خارجہ نے کورونا وائرس کے ایشو پر بات کی ہے اس کی معلومات ان کے پاس پاکستان طلبا کے چیٹ گروپس کے ذریعے پہنچی ہیں لیکن زیادہ تر طلبا ان کے بیانات پر انحصار نہیں کرتے۔‘ 

چین کی زوہانگ ایگری کلچر یونیورسٹی ووہان میں پڑھنے والی میرال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پورے ووہان شہر میں ایک ہفتہ سے مکمل ناکہ بندی ہے، ہم باکل بھی باہر نہیں جا سکتے۔ حتٰی کہ یونیورسٹی سے بھی باہر نہیں جا سکتے ہر جانب ایک ہی خوف ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ‘جب سے چار پاکستانی طلبا میں کروونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس کے بعد ہم میں خوف اور بھی بڑھ گیا ہے کہ کہیں ہم بھی اس کا شکار نہ ہو جائیں۔

میرال جاوید نے بتایا کہ جو صورت حال ملکی اور بین الاقوامی میڈیا میں دکھائی جا رہی ہے، اصل صورت حال اس سے کہیں زیادہ خراب ہے۔

‘شہر میں خوراک کی قلت ہے، یہاں تک کہ سڑک پر آپ چل بھی نہیں سکتے۔ صورت حال بہت سنگین ہے۔’

انھوں نے بتایا کہ ‘یونی ورسٹی انظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم لوگ اطمینان رکھیں اور باہر نہ جائیں۔ ویسے بھی ہماری یونیورسٹی کے تمام گیٹس پر تالے لگے ہوئے ہیں ہم کہیں باہر نہیں جا سکتے۔’

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پر پاکستانی طالبعلموں کی تعداد 500 بتائی جا رہی ہے جو درست نہیں۔ ووہان میں پاکستانی سٹوڈنٹ ایک ہزار سے زائد ہیں۔ جن کے گھر والے پاکستان میں مسلسل پریشان ہیں۔

میرال جاوید نے بتایا کہ ‘ان کا پاکستان میں اپنے گھر والوں سے مسلسل رابطہ ہے لیکن وہ تمام لوگ بھی اس صورت حال پر پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہم جلد از جلدگھر واپس آ جائیں۔ لیکن ہمیں یہ خوف ہے کہ اگر ہم میں سے کسی ایک کو بھی یہ وائرس ہوا تو پاکستان جانے کی صورت میں وائرس منتقل نہ ہو جائے تو وہاں بھی صورت حال خراب ہو جائے گی۔’

میرال کا کہنا تھا کہ ‘ہم پورا پورا دن اپنے کمرہ میں رہتے ہیں اورصرف کھانا پکانے کے لیے کمرے سے باہر جاتے ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان سفارتخانے کی جانب سے فی الحال کوئی خاص سہولت نہیں دی گئی جب بھی ہم ان سے رابطہ کرتے ہیں تو وہ ہمیں کہتے ہیں کہ آپ اطمینان رکھیں ہم بھی آپ کے ساتھ ہیں۔’

انھوں نے بتایا کہ ‘پاکستانی سفارتخانے کے حکام کہتے ہیں کہ ہم بیجنگ میں ہیں اور آپ ووہان میں، ہم آپ کی یونیورسٹی سے رابطہ میں ہیں لیکن وہ یونیورسٹی سے براہ راست بات نہیں کرتے۔’

ان کا کہنا تھا ‘ہماری یونیورسٹی میں 180 پاکستانی طلبا ہیں جو یونیورسٹی انتظامیہ سے خود ہی بات کر رہے ہیں۔’

انھوں نے بتایا کہ پہلے کھانے پینے کا مسئلہ تھا مگر اب یونیورسٹی انتظامیہ اور انٹرنیشنل آفس کی جانب سے ہر سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32490 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp