موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان ہیں، چودھری شجاعت


پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان ہیں، آصف زرداری پر اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ ناتجربہ کاری ہے۔ حکومت کو کسی بھی تنقید کو اصلاح کے طور پر لینا چاہیے۔ ہمارا مقصد حکومت کی اصلاح کرنا ہوتا ہے۔ اس کوکسی اور نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں سربراہ جے یوآئی ف کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ف کے دھرنے کے دوران مجمع پرامن رہا۔ ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا۔ مولانا فضل الرحمان دھرنے کے دوران حکومتی ٹیم سے مذاکرات کیلئے تیار نہیں تھے، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ ملک کے مفاد میں دورس نتائج کیلئے بہترین فیصلہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں سربراہ چودھری شجاعت نے کہا کہ مریم نواز بیٹیوں کی طرح ہیں۔ مسلم لیگ ن میں آج بھی طاقت کا منبع نوازشریف ہیں۔ ن لیگ میں ووٹ بینک شہبازشریف کا نہیں ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے میری خیریت دریافت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاست میں آصف زرداری اچھے سیاستدان اور رکھ رکھاؤ والے ہیں۔ آصف زرداری پر موجودہ سیاست میں اعتماد کیا جا سکتا ہے۔ شاہ فیصل، ذوالفقار علی بھٹو اور جنرل ضیاء الحق نے مسلم امہ کے اتحاد کیلئے کام کیا۔ لیکن موجودہ دور میں مسلم امہ کے پاس کوئی ایسا لیڈر موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو قانون نہیں ہونے چاہئیں ۔ ملک میں نیب کا قانون الگ اور باقی اداروں کے قوانین الگ نظر آتے ہیں۔ نیب نے ہم سے سوالات کیے تھے جن کا تفصیلی جواب ادارے کو دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کام نہیں کرنا ۔ یہ واحد عمل ہے جس کی نیب قانون میں کوئی سزا نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments