ڈیوڈ کیمرون کے ذاتی محافظ کی پستول جہاز کے بیت الخلا میں پائی گئی


ڈیویڈ کیمرون

ڈیویڈ کیمرون جولائی 2016 میں وزیر اعظم کے عہدے سے اعلیحدہ ہو گئے تھے

سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کےایک ذاتی محافظ کے دوران پرواز جہاز کے بیت الخلا میں اپنی پستول بھول جانے کے واقعے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

برطانوی جریدے ڈیلی میل کے مطابق گزشتہ پیر کو نیویارک سے لندن آنے والی برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئر ویز کی ایک پرواز پر ایک مسافر پستول بیت الخلا میں دیکھ کر گھبرا گیا اور اس نے یہ پستول جہاز کے عملے کے حوالے کیا۔

برطانوی میٹرپولیٹن پولیس ڈیوڈ کیمرون کو سابق برطانوی وزیر اعظم ہونے کی حیثیت سے ذاتی محافظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ سیکیورٹی اہلکار کو جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اس کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ڈیوڈ کیمرون کے ذاتی عملے نے اس واقع پر کسی قسم کا کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیکیورٹی کے معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیے

فرانسیسی نوجوان نے استاد پر ’پستول‘ تان لی

کشمیر میں سکیورٹی فورس کے کمانڈر کی خودکشی

لڑکی نے شادی کے منڈپ سے دولھے کو اغوا کر لیا

یہ پستول جو نائن ایم ایم گلوک سترہ پستول بتائی جاتی ہے میٹروپولیٹن پولیس کے خصوصی پروٹیکشن یونٹ میں شامل ایک اہلکار نے بیت الخلا میں اپنی بیلٹ سے نکال کر رکھی اور اسے دوبارہ بیلٹ میں لگانا بھول گیا۔

ایک اور برطانوی جریدے ‘دی سن’ کے مطابق پستول کے ساتھ اس افسر اور ڈیوڈ کیمرون کا پاسپورٹ بھی بیت الخلا میں رکھا پایا گیا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ فروری کی تین تاریخ کو ہونے والے اس واقع سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اس واقع کے ذمہ دار پولیس اہلکار کو اس کی ذمہ داریوں سے علیحدہ کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ واقع سنگین نوعیت کا ہے اور اس کی مکمل محکمانہ تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔

ڈیویڈ کیمرون چھ برس تک برطانیہ کے وزیر اعظم رہنے کے بعد جولائی 2016 میں یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کے بارے میں کرائے جانے والے ریفرنڈم کے بعد اپنے عہدے سے علیحدہ ہو گئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp