انڈیا: خواتین کھلاڑیوں کے لیے ’بی بی سی انڈین سپورٹس وومن آف دی ایئر ایوارڈ‘


کھلاڑی

اس ایوراڈ کا مقصد ملک میں کھیل کے میدان میں عورتوں کی خدمات اور کامیابیوں کا جشن منانا ہے۔

ٹوکیو میں 24 جولائی سے اولمپکس گیمز شروع ہونے والے ہیں اور دنیا بھر کے ایتھلیٹس کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ انڈیا کے ایتھلیٹس بھی ٹریننگ کیمپوں میں ہیں اور میڈلز جیت کر لانے کی امید میں زبردست تیاریوں میں مصروف ہیں۔

سنہ 2000 میں ہونے والے سڈنی اولمپکس سے اب تک انڈیا نے 13 اولمپکس میڈل حاصل کیے ہیں جن میں سے پانچ میڈلز خواتین نے حاصل کیے تھے۔

پہلی مرتبہ بی بی سی نے انڈیا کی بہترین خاتون کھلاڑیوں یا ایتھلیٹس کی خدمات کو سراہنے کے لیے ’بی بی سی انڈین سپورٹس وومن آف دی ایئر ایوارڈ‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ایوراڈ کا مقصد ملک میں کھیلوں کے میدان میں عورتوں کی خدمات اور کامیابیوں کا جشن منانا ہے۔

سنہ 2016 کے ریو اولمپکس میں پہلوان ساکشی ملک اور بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے انڈیا کے لیے دو میڈل جیتے تھے۔ ساکشی ملک پہلوانی میں انڈیا کے لیے اولمپک میڈل جیتنے والی پہلی پہلوان خاتون تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

ثانیہ اور شعیب بتانا کیا چاہ رہے ہیں؟

انڈیا کی چار جڑواں بہنوں کا جنم جنم کا ساتھ

کیا ثانیہ نے بحث جیتنے کے لیے ’اپنا وقار کھو دیا‘؟

اگر یہ خاتون ایتھلیٹس نہ ہوتیں تو ریو اولمپکس سے انڈیا کو خالی ہاتھ واپس آنا پڑتا۔

سنہ 2012 کے لندن اولمپکس میں انڈیا کے چھ میں سے دو میڈل خواتین نے حاصل کیے تھے۔ جس میں کسی خاتون کا باکسنگ میں پہلا اولمپک میڈل تھا اور یہ میڈل باکسر میری کوم نے حاصل کیا تھا۔

اس کے علاوہ سانیا نہوال اولمپکس بیڈمنٹن میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون تھیں۔

میری کوم

میری کوم (فائل فوٹو)

اولمپکس کے علاوہ کرکٹ میں ہرمن پریت کور سو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والی پہلی انڈین کھلاڑی ہیں جبکہ میتھالی راج انڈیا کو دو بار کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں لےجانے والی (مرد یا عورت) واحد کپتان ہیں۔

سنہ 2018 کے ایشین گیمز میں 57 میڈلز میں سے 28 خواتین نے جیتے تھے۔

کھیل کے میدان میں مردوں کے مقابلے خواتین کی کامیابی اور خدمات کی بات زیادہ اجاگر نہیں ہوتی اور میڈیا میں بھی کرکٹ ہو یا ہاکی یا کوئی اور کھیل مرد کھلاڑیوں یا ٹیم کی بات زیادہ ہوتی ہے اور اس کی وجہ ملک میں پدرشاہی سوچ اور بنیادی ڈھانچے میں کمی بھی ہے۔

ان تمام رکاوٹوں کے باوجود انڈین عورتوں نے کشتی اور باکسنگ جیسے کھیلوں میں کامیابی حاصل کی ہے جو اب تک صرف مردوں کے کھیل سمجھے جاتے رہے ہیں۔

انڈیا کی شمالی ریاست ہریانہ میں ہر ہزار لڑکوں پر 924 لڑکیاں ہیں لیکن پھر بھی اس چھوٹی سی ریاست نے کئی بڑی کھلاڑیوں کو جنم دیا ہے۔

بی بی سی کا یہ ایوارڈ کیوں؟

’بی بی سی انڈین سپورٹس وومن آف دی ایئر ایوارڈ‘ 2020 کے ٹوکیو اولمپکس سے پہلے عورتوں اور نوجوانوں کی کھیلوں میں بڑھتی دلچسپی کے مدِ نظر شروع کیا جا رہا ہے۔

ایورڈ جیتنے والوں کا انتخاب کیسے کیا جائے گا؟

بی بی سی کی جانب سے منتخب کی جانے والی جیوری نے خاتون کھلاڑیوں کے ناموں کی ایک فہرست تیار کی ہے۔اس جیوری میں انڈیا کے کئی ممتاز سپورٹس صحافی ہیں ماہرین اور مصنف ہیں۔

فہرست میں شامل کھلاڑیوں کو عوام ووٹ دے گی اور ان میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے پانچ کھلاڑیوں کو یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp