ہالی ووڈ سٹار امریکی اداکار کرک ڈگلس 103 برس کی عمر میں انتقال کر گئے


امریکی اداکار

چھ دہائیوں تک سینما پر راج کرنے والے امریکی اداکار کرک ڈگلس 103 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

سٹیج اور سکرین پر نظر آنے والے اداکار نے مختلف کردار نبھائے، جس میں 1960 میں بنائی جانے والی فلم سپارٹاکس میں ان کا کردار یادگار رہے گا۔

ڈگلس سنہ 1916 میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے ہالی ووڈ کے سنہرے دور میں خاصی شہرت پائی اور وہ 1949 کی باکسنگ پر مبنی فلم ’چیمپیئن‘ میں اداکاری کے لیے پہلی بار آسکر لیے نامزد ہوئے۔

وہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے اداکار مائیکل ڈگلس کے والد تھے۔

اپنے والد کے انتقال پر ان کے بیٹے نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’میں اور میرے بھائی انتہائی صدمے کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ کرک ڈگلس آج ہمیں چھوڑ گئے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’دنیا کے لیے وہ ایک لیجنڈ اور ہالی ووڈ کے سنہرے دور کے اداکار تھے۔۔ لیکن میرے اور میرے بھائیوں جوئیل اور پیٹر کے لیے وہ بس والد تھے۔‘

انھوں نے بتایا کہ انھوں نے اپنے والد کو ان آخری سالگرہ پر یہ کہا تھا کہ ’ڈیڈ- میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں اور مجھے آپ کا بیٹا ہونے پر بہت فخر ہے۔‘

مائیکل کی اہلیہ اور کرک ڈگلس کی بہو اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز نے سوشل میڈیا پر اپنے سسر کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس پر یہ تحریر لکھی ہے کہ ’میں آپ کو اپنی پوری زندگی پیار کرتی رہونگی۔ مجھے پہلے ہی آپ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp