شوبز ڈائری: داؤد ابراہیم کی تصویر جو سونم کپور کی مشکل کا باعث بن رہی ہے


تاپسی پنوں

کچھ فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو آپ کی بھرپور تفریح کا سامان بنتی ہیں اور کچھ فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو آپ کو سوچنے پر مجبور کر دیتی ہیں اور آپ کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔

اداکارہ تاپسی پنوں کی فلم ’تھپڑ‘ کا ٹریلر بھی کچھ ایسا ہے جو آپ کو سوچنے پر مجبور کر دے گا۔ تاپسی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اکثر ایسی فلموں کا حصہ رہی ہیں جنھیں دیکھ کر لوگ سوچنے پر مجبور ہوئے۔ چاہے ان کی فلم نام ’شبانہ‘ ہو یا ’ملک‘ یا پھر فلم ‘پِنک’۔

فلسماز انوبھؤ سنا کی فلم ’تھپڑ‘ بھی اسی زمرے میں آتی ہے۔

ایک طرف شاہد کپور کی فلم ’کبیر سنگھ‘ تھی جس میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ محبت میں سب چلتا ہے یہاں تک کہ محبوبہ پر ہاتھ اٹھانا بھی محبت ہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ فلم سٹارز آخر کھاتے کیا ہیں؟

رنبیر اور دیپکا بریک اپ کے بعد پھر سے ساتھ؟

’ایسی سکرپٹ لے کر کنگنا کے پاس آئے بھگوان ہی بچائے‘

تاہم تاپسی پنوں کا کہنا ہے ہمارے معاشرے میں لوگوں کی زندگی میں تشدد بچپن سے ہی شامل ہو جاتا ہے۔ اگر ٹیچر شاگرد کو مارے تو اسے حق بجانب سمجھا جاتا ہے، کچھ ماں باپ بھی غلطی کرنے یا سدھارنے کے نام پر بچے پر ہاتھ اٹھاتے ہیں اور اسے بری بات نہیں سمجھا جاتا۔

کہا جاتا ہے کہ بھائی والدین مارتے ہیں تو پیار بھی تو کرتے ہیں۔ اس طرح بچہ بڑا ہو کر ان چیزوں کو دہراتا ہے کیونکہ اسے لگتا ہے یہ معمول کی بات ہے۔ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں ہے اور نہ ہی مار پیٹ سے کسی کو سدھارا جا سکتا ہے جہاں تک محبت کا تعلق ہے تو تھپڑ محبت کا اظہار کیسے ہو سکتا ہے؟

داؤد ابراہیم کی تصویر اور سونم کپور کی مشکل

سونم کپور

سونم کپور جو سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتی ہیں اپنے پاپا کی ایک پرانی تصویر کی وجہ سے ٹرول ہو رہی ہیں۔

دراصل ہوا یوں کے انھوں نے دلی کے شاہین باغ میں حالیہ فائرنگ کی خبر کے ساتھ انڈیا کے موجودہ سیاسی حالات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس وقت انڈیا میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا انھوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ تقسیم کرنے والی خطرناک سیاست کو فورا بند کیا جائے اس سے نفرت پھیلتی ہے اگر آپ خود کو ہندو کہتے ہیں تو یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ مذہب صرف آپ کے اعمال سے ہوتا ہے اور آج کل جو ہو رہا ہے وہ غلط ہے۔‘

سونم کی اس ٹوئٹ کے بعد انھیں ٹرول تو کیا گیا ساتھ ہی ایک صارف نے سونم کے پاپا انل کپور کی داؤد ابراھیم کے ساتھ ایک پرانی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ بتائیں گی کہ آپ کے پاپا دہشت گرد داؤد ابراھیم کے ساتھ کیا کر رہے ہیں اس کا تعلق ان کے اعمال سے ہے یا مذہب سے۔‘

اس صارف کو جواب دیتے ہوئے سونم نے لکھا ’کرکٹ سے‘۔

سونم نے مزید لکھا کہ ’میرے پاپا وہاں انڈین ٹیم کا کھیل دیکھنے گئے تھے اور انھیں یہ علم نہیں تھا کہ کس کے ساتھ ان کی تصویر لی جا رہی ہے۔ میں آپ کو دوسروں کی دل آزاری کرنے اور نفرت پھیلانے کے لیے معاف کرتی ہوں۔‘

دبنگ خان اور ٹائیگر شروف

ٹائیگر شروف

انڈیا کے موجودہ حالات پر بالی ووڈ کی کئی اہم شخصیات نے اپنی آرا کا اظہار کیا ہے اور ان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی سلوک ہوا۔ حالانکہ بڑے پردے پر وِلن کرپٹ اور بدمعاشوں کو مار مار کر لہولہان کرنے اور ہر برائی کے خلاف آواز اٹھانے والے ہمارے ہیرو بڑی بہادری کے ساتھ خاموش بیٹھے ہیں۔

اب دیکھیے نہ انڈسٹری کے دبنگ خان یعنی ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے وِلن نام نہاد شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے سابق سربراہ ابوبکر البغدادی کو مارنے کے لیے جنگ زدہ شام اور عراق تک پہنچ گئے تھے اور ایک، ایک گولی سے 20، 20 دہشت گردوں کو اڑا دیا تھا۔

لیکن وہ صرف سنہرے پردے پر تھا۔

بہرحال اب ٹائیگر شروف بھی دولتِ اسلامیہ کے اُسی سابق سربراہ ابوبکر البغدادی کو پھر سے مارنے پہنچ گئے لیکن فلم ’باغی تھری‘ میں۔

فرق صرف اتنا ہے کہ سلمان نے مشین گن سے بدمعاشوں کو بھون ڈالا تھا ٹائیگر شرٹ اتار کر اپنے سیکسی سکس پیک کے ساتھ دہشت گردوں کو تہس نہس کرتے نظر آ رہے ہیں۔

دبنگ خان نے شرٹ اتارنے کا چلن شروع کیا تھا لیکن اب عمر کا تقاضا ہے اس لیے وہ شرٹ پہن کر ہی کرتب دکھاتے ہیں لیکن یہ چلن اب نئی نسل پورا کر رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32559 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp