افغانستان: ہلمند میں فضائی حملے میں مارے جانے والے دو پاکستانیوں کی لاشیں ضلع چاغی میں حکام کے حوالے


ڈرون

یہ واضح نہیں ہے کہ یہ حملہ ڈرون سے کیا گیا یا اس میں کوئی فوجی ہیلی کاپٹر استعمال ہوا تھا (فائل فوٹو)

افغانستان میں ایک فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے دو پاکستانی شہریوں کی لاشیں بلوچستان کے ضلع چاغی میں حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

یہ دونوں افراد ضلع چاغی سے متصل افغانستان کے علاقے چاربان میں ہلاک ہوئے تھے۔

چاغی میں ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دونوں افراد رباط کے قریب چاربان کے علاقے میں فضائی حملے کا نشانہ بنے۔ چاربان ضلع چاغی سے متصل افغانستان کا سرحدی علاقہ ہے۔

یہ علاقہ افغانستان کے سرحدی ضلع ہلمند میں ہے جو کہ پاکستانی سرحدی علاقے سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے

افغانستان: جنگی جرائم کی تحقیقات مسترد

افغانستان: قندوز میں طالبان کو ‘شکست’

کابل: جاسوس، شدت پسند اور دو پراسرار قتل

انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ دستیاب تفصیلات کے مطابق جس وقت حملہ ہوا اس وقت ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص گاڑی کے اندر بیٹھا تھا جبکہ دوسرا گاڑی سے باہر کھڑا تھا۔

موصول ہونے والی بعض اطلاعات کے مطابق یہ دونوں افراد ڈرون حملے میں مارے گئے جبکہ چاغی میں چند افراد کا کہنا ہے کہ جس وقت حملہ ہوا اس وقت فضا میں ایک ہیلی کاپٹر پرواز کر رہا تھا۔ ہلمند افغان طالبان کا ایک مظبوط گڑھ ہے جہاں امریکی اور نیٹو ممالک کے افراد کو سخت مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔

دیگر سرحدی اضلاع کی طرح اس صوبے میں بھی پاکستان سے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ پاکستان سے لوگ کاروبار کی غرض سے بھی اس علاقے میں آتے جاتے رہتے ہیں۔

ماضی میں بھی ہلمند میں ڈرون کے علاوہ دیگر فضائی حملوں میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔

ہلاک ہونے والے پاکستانی شہری کون تھے؟

چاغی

منصور اسحق زئی کا تعلق ضلع چاغی کے علاقے گردی جنگل سے تھا (فائل فوٹو)

انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ چاربان میں مارے جانے والے دونوں پاکستانی شہریوں کی شناخت ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک شخص کی شناخت منصور اسحق زئی کے نام سے جبکہ دوسرے کی شناخت محمد عارف کاکڑ کے نام سے ہوئی ہے۔ منصور اسحق زئی کا تعلق ضلع چاغی کے علاقے گردی جنگل سے تھا جبکہ محمد عارف کاکڑ کوئٹہ کے رہائشی تھے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا یہ افراد کس کام سے افغانستان میں داخل ہوئے تھے تاہم بعض اطلاعات کے مطابق مارے جانے والے یہ دونوں افراد سنگ مرمر کے کاروبار سے منسلک تھے۔

خیال رہے کہ نہ صرف ضلع چاغی میں سنگ مرمر کے ذخائر ہیں بلکہ افغان علاقے ہلمند میں بھی اس کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32509 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp