انڈیا: بالی وڈ اداکارہ سونم کپور کی اردو شاعری پر مبنی پوسٹس پر چند مداح حیران، چند نالاں


سونم

حال ہی میں بالی وڈ اداکارہ سونم کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک نہیں بلکہ متعدد اردو اشعار پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو ایک خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔

مرزا غالب سے لے کر امیر مینائی اور جگر مراد آبادی، بشیر بدر، اور مومن خان مومن سے لے کر فیض احمد فیض تک، سونم نے ان تمام مشہور شعرا کے اشعار اپنی خوبصورت تصاویر کے ساتھ شیئر کیے۔

اور جیسا کہ کہتے ہیں کہ آپ اپنے مداحوں کو کبھی مکمل طور پر خوش نہیں رکھ سکتے، ایسا ہی کچھ سونم کے ساتھ بھی ہوا۔

بہت سے لوگ ان کی پوسٹوں پر سر دھنتے نظر آئے اور اس بات کی تعریف کی کہ انھوں نے اردو اشعار پوسٹ کیے مگر کچھ ایسے تھے جنھیں اشعار تو پسند آئے مگر ان کا گلہ یہ تھا کہ اردو زبان میں شعر ہی کیوں؟

ان کے مداحوں کی جانب سے کچھ اس طرح کے سوال پوچھے گئے کہ ’واقعی، کیا آپ کو اردو ٹائپنگ آتی ہے۔ اردو! خوبصورت سرپرائز۔ آپ کو اردو کس نے سکھائی۔‘

یاد رہے کہ چند دن قبل انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی کے شاہین باغ میں شہریت کے متنازع بل کے خلاف ہونے والے مظاہرے پر ایک شخص کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے بعد سونم کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس واقعے کی مذمت کی تھی جس پر انھیں زبردست ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا بالی وڈ کو ایک سیاسی آواز مل گئی ہے؟

داؤد ابراہیم کی تصویر اور سونم کپور کی مشکل

کبیر سنگھ کی ’بندی‘ سے لے کر ہم جنس پرست سونم کپور تک

اپنی ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایسا واقعہ ہے جس کا میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ انڈیا میں ہو گا۔ اس تفرقہ انگیز خطرناک سیاست کو بند کرو۔ یہ (سیاست) نفرت کو بڑھائے گی۔ اگر آپ خود کو ہندو مانتے ہیں تو سمجھ لیں کہ مذہب کرما اور دھرم کے بارے میں ہے اور یہ (واقعہ) ان میں سے کچھ بھی نہیں۔‘

https://twitter.com/sonamakapoor/status/1223678490089680896?s=20

اور اب ان کی جانب سے اردو شاعری پوسٹ کرنے کو بھی چند لوگوں کی جانب سے اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

بی بی سی نے سونم کپور سے اس حوالے سے سوال کیا تو انھوں نے اپنے مختصر جواب میں کہا کہ ’یہ بالکل مناسب ہے۔ یہ شاعری ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ لوگوں پر چھوڑتی ہیں کہ وہ اس کا کیا مطلب اخذ کرتے ہیں۔

انڈیا میں شہریت کے متنازع قانون پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی شاعری کو بھی وہاں کے نوجوان اس حوالے سے ہونے والے مظاہروں میں خوب بڑھ چڑھ کر پڑھتے ہیں۔

سونم نے فیض کی مشہور زمانہ غزل کا یہ شعر ’اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا، راحتیں اور بھی وصل کی راحت کے سوا‘ بھی پوسٹ کیا۔

تاہم چند انڈین انسٹاگرام صارفین پر یہ اردو اشعار گراں گزرے۔ ایک صارف نے ان کی پوسٹ پر ردعمل میں لکھا کہ ’انڈیا کی سلیبرٹی ہونے کے ناطے ہندی میں لکھیے۔ تشہر کے لیے اوور ایکٹنگ مت کیجیے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp