آسکر ایوارڈز میں پیراسائٹ نے سب سے بڑا اپ سیٹ کیا ہے


لورا ڈرن

لورا ڈرن کو ‘دی میرج سٹوری’ میں اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے

رواں سال آسکرز یا اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب لاس اینجلس کے ڈولبی تھيٹر میں منعقد ہو رہی ہے اور مختلف زمروں میں فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے لیکن اس بار سب سے بڑا اپ سیٹ جنوبی کوریا میں بننے والی فلم ’پیراسائٹ` نے کیا ہے اور اسے بہترین ہدایت کار کے اکیڈمی ایوارڈ کے ساتھ بہترین فلم کا ایوارڈ بھی دیا گيا ہے۔

شاید فلم ‘پیراسائٹ’ نے آسکر ایوارڈز میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بہترین فلم اور بہترین ہدایتکار کے ایوارڈ کے علاوہ بھی اس فلم کو مزید ایوارڈز ملے ہیں۔

فلم ‘جوکر’ میں اداکاری کے لیے ہواکین فینکس کو بہترین اداکار کا آسکر دیا گیا ہے۔ اس زمرے میں اینٹونیو بینڈیرس، لیوناردو ڈی کیپریو، ایڈم ڈرائیور، جوناتھن پرائس مقابلے میں شامل تھے۔

جواکن فینکس

جواکن فینکس کو جوکر میں اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا

جبکہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ رینے زیلویگر کو جوڈی گارلینڈ کا کردار ادا کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کے مد مقابل سنتھیا ایرویو، سکارلٹ جوہانسن، سوئرسے رونن، چارلیزے تھیرون تھیں۔ اس سے قبل انھیں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ مل چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آسکر 2020 سے متعلق 17 دلچسپ حقائق

سیول کے نیم تہہ خانے جہاں ’پیراسائٹ‘ فلمائی گئی

معروف اداکار بریڈ پٹ نے فلم ‘ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ’ میں اداکاری کے لیے بہترین معاون اداکار کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ ‘میرج سٹوری’ کے لیے لارا ڈرن کو بہترین معاون اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

لورا ڈرن نے نیوز روم کو بتایا کہ ‘اگر میں یہ ایوارڈ کسی کو دے سکتی تو میں ابھی یہ ایوارڈ گریٹا گرونگ اور لولا وانگ کو دے دیتی۔ خیال رہے کہ یہ دونوں خواتین ہدایت کار رواں سال بہترین ہدایت کاروں کے زمرے میں نامزدگی سے محروم رہ گئیں اور پانچوں نامزد ہونے والے افراد مرد ہیں۔

بونگ جون ہو

جنوبی کوریا کے بونگ جون ہو اور ہان جن ون اپنے ایوارڈ کے ساتھ

بہترین اوریجنل سکور کا ایوارڈ ‘دی جوکر’ کے لیے ہلڈر گونادوتیر کو دیا گیا اور اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ ‘کوئی نغمہ نگار اتنا ہی تخلیقی ہو سکتا ہے جتنا کہ اس کی ہدایت کار سے بات ہوتی ہے۔’

دوسری جانب بہترین اوریجینل گیت کا ایوارڈ سر ایلٹن جان اور معاون تخلیق کار برنی ٹوپن کو فلم ’راکٹ مین` کے گیت ‘لو میں اگین’ کے لیے ملا۔

‘ٹوائے سٹوری 4’ کو بہترین اینیمیٹیڈ فیچر فلم کا ایوارڈ ملا ہے جبکہ اس زمرے میں مختصر فلم کے لیے ‘ہیئر لو’ کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کے دو خاندانوں کی رہائش پر مبنی ‘پیراسائٹ’ نے اکیڈمی ایوارڈ میں نامزدگی سے قبل ہی اپنی پہچان بنا لی تھی۔ اس فلم کو اوریجنل سکرین پلے کے لیے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جبکہ ماخوذ سکرین پلے کا ایوارڈ فلم ‘جو جو ریبٹ’ کو ملا۔

بریڈ پٹ

اس فلم کو بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کا بھی ایوارڈ ملا ہے۔

دستاویزی فیچر فلم کے زمرے میں ‘امریکن فیکٹری’ نے انعام حاصل کیا۔

روا سال پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے امریکی شہر لاس اینجلس میں ریڈ کارپٹ واک کے ساتھ اس تقریب کا آغاز ہوا اور چھ بجے سے فاتحین کے ناموں کا اعلان شروع کیا گیا۔

ایلٹن جان

اس بار آسکر میں کیا خاص ہے؟

گذشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اس تقریب کا کوئی میزبان نہیں ہے۔ تاہم ٹام ہینکس، نتالی پورٹ مین اور آسکر ایزک جیسے تقریباً 40 مشاہیر اس تقریب کو پیش کررہے ہیں۔

ہالی وڈ کی تقریباً تمام تر تقاریب میں شرکت کرنے والی بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے ٹویٹ کیا ہے کہ وہ اس بار آسکر میں شرکت نہیں کرسکیں ہیں لیکن وہ اسے ٹی وی پر دیکھ رہی ہیں۔

اس مرتبہ فلم ‘جوکر’ کو آسکر ایوارڈ میں11 زمروں میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ملیں جبکہ ‘دی آئرش مین’، ‘1917’ اور ‘ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ’ کو دس زمرون میں نامزد کیا گیا ہے۔

نیٹ فلکس فلموں کو رواں سال 20 سے زیادہ نامزدگیاں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں ‘میرج سٹوری’، ‘آئرش مین’ اور ‘دی ٹو پوپس’ شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp