عالمی چیمپیئن محمد آصف کو انعامی رقم نہ ملی، سنوکر کے کھلاڑیوں کا سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج


سنوکر کے عالمی امیچور چیمپیئن محمد آصف کو قومی سپورٹس پالیسی کے تحت عالمی اعزاز جیتنے پر نقد انعام نہ دیے جانے پر سنوکر کے کھلاڑی بطور احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر قومی سنوکر چیمپئن شپ کے میچز کھیلیں گے۔

قومی سنوکر چیمپئن شپ ان دنوں کراچی میں جاری ہے۔

یاد رہے کہ محمد آصف نے گذشتہ سال ترکی میں منعقدہ عالمی امیچور سنوکر چیمپیئن شپ جیتی تھی۔

اس سے قبل انھوں نے 2012 میں بلغاریہ میں ہونے والی ورلڈ امیچور سنوکر چیمپیئن شپ بھی جیتی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

محمد آصف دوسری بار سنوکر کے عالمی چیمپیئن بن گئے

پاکستانی کھلاڑی پروفیشنل سنوکر سے دور کیوں ہیں؟

’جہاں مبارکباد کوئی نہیں دیتا وہاں روزگار کون دے گا‘

حکومتِ پاکستان کی قومی سپورٹس پالیسی میں یہ کہا گیا ہے کہ جو بھی کھلاڑی عالمی اعزاز یا اولمپک گولڈ میڈل جیتے گا اسے ایک کروڑ روپے نقد انعام دیا جائے گا لیکن محمد آصف دونوں مرتبہ اس نقد انعام سے محروم رہے ہیں۔

2012 کی عالمی چمپئن شپ میں محمد آصف کی کامیابی اس اعتبار سے کبھی نہیں بھولی جاسکتی کہ اس میں ان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کو مخیر حضرات سے مدد لینی پڑی تھی کیونکہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے ایسوسی ایشن کو صرف آٹھ لاکھ روپے دینے سے انکار کردیا تھا۔

محمد آصف کے نمایاں اعزازات

  • 2012 میں ورلڈ امیچر سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں انگلینڈ کے گیری ولسن کو شکست دی۔
  • 2019 میں دوسری مرتبہ ورلڈ ٹائٹل جیتا۔ فائنل میں فلپائن کے جیفری روڈا کو ہرایا۔
  • 2013 میں محمد سجاد کے ساتھ ورلڈ ٹیم ٹائٹل جیتا۔
  • 2017 میں بابرمسیح کے ساتھ دوسری مرتبہ ورلڈ ٹیم ٹائٹل جیتا۔
  • 2013 میں ایشین 6 ریڈ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کو شکست دی۔
  • 2018 میں ایشین ٹیم سنوکر ٹائٹل بابرمسیح کے ساتھ جیتا۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اب احتجاج کا یہی ایک راستہ رہ گیا ہے کہ تمام کھلاڑی قومی چیمپئن شپ میں اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلیں۔

عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ محمد آصف کو عالمی اعزاز جیتے ہوئے تین ماہ ہوگئے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ حکومت پاکستان خود اپنی سپورٹس پالیسی کے تحت انہیں ان کا حق دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

محمد آصف

محمد آصف نے گذشتہ سال ترکی میں منعقدہ عالمی امیچور سنوکر چیمپیئن شپ جیتی تھی

عالمگیر شیخ نے کہا کہ انھوں نے اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کو نو خطوط لکھ ڈالے ہیں جن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

عالمگیرشیخ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس ضمن میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کی جنہوں نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ محمد آصف کا معاملہ وزیراعظم کو پیش کریں گی لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اسی طرح انھوں نے محمد آصف کے ساتھ صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی اور انہیں قومی سپورٹس پالیسی کے بارے میں بتایا۔ صدر مملکت نے بھی وعدہ کیا تھا کہ وہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے بات کریں گے۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق محمد آصف نے جب 2012 میں عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی تو اس وقت بھی انہیں ایک کروڑ روپے کے بجائے چند لاکھ روپے دے دیے گئے تھے۔ اس وقت بھی ایسوسی ایشن کی کوششوں کے نتیجے میں چند مخیر حضرات نے محمد آصف کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا تھا۔

عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ جہانگیرخان اور جان شیرخان کے بعد محمد آصف سب سے زیادہ انفرادی اعزازات جیتنے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے عالمی اور ایشین مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن حکومت پاکستان نے کبھی بھی انہیں وہ اہمیت نہیں دی جس کے وہ مستحق ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp