دِلی انتخابات: عام آدمی پارٹی تاریخ رقم کرنے کو تیار


اروند کیجریوال

دِلی کی اسمبلی کے انتخابات کے ابتدائی رجحانات کے مطابق حکمراں جماعت ‏عام آدمی پارٹی دوسری جماعتوں سے بہت آگے چل رہی ہے۔

ووٹنگ کے بعد تمام ایگزٹ پولز میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی کو دوبارہ اقتدار میں آنے کی پیش گوئی کی گئی تھی لیکن بی جے پی کے بہت سے رہنماؤں نے دعوی کیا تھا کہ ایگزٹ پول کے نتائج غلط ثابت ہوں گے اور حکومت بی جے پی کی بنے گی۔

ان کے دعووں نے مبصرین اور ووٹروں میں شک و شبہات پیدا ہو گئے تھے۔

لیکن منگل کی صبح 70 سیٹوں پر آنے والے ابتدائی رجحانات بتاتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی کو 50 سے زیادہ سیٹوں پر سبقت حاصل ہے۔ ووٹ سنیچر کو ڈالے گئے تھے۔

دِلی میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت کے لیے 36 سیٹیں درکار ہیں اور رجحانات اگر نتائج میں تبدیل ہوتے ہیں تو عام آدمی پارٹی لگاتار تیسری بار دِلی میں حکومت بنائے گی۔

اس سے قبل پچھلے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 67 سیٹیں آئی تھیں جبکہ تین سیٹیں بی جے پی کے حق میں گئی تھیں۔ اس بار بی جے پی کو جتنی زیادہ سیٹیں آتی ہیں وہ ان کے لیے فائدہ ہی کہلائے گا۔

عام آدمی پارٹی نے اپنے کام کے نام پر ووٹ مانگے تھے جبکہ بی جے پی نے دِلی کے مسائل سے زیادہ ملکی مسائل کو اٹھایا تھا اور وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی کے تمام قومی سطح کے رہنماؤں نے دِلی کے انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے شرکت کی تھی۔

عام آدمی پارٹی سے قبل کانگریس نے دِلی پر مسلسل 15 سال حکومت کی تھی۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے سوائے انتخابی منشور کے زیادہ کوشش نظر نہیں آئی۔

 

دلی کے نائب وزیر اعلی اور وزیر تعلیم منیش سیسودیا نے کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی کی جیت کے متعلق پر اعتماد ہیں کیونکہ ان کی پارٹی نے پچھلے پانچ سالوں میں بہت کام کیا ہے۔

بی جے پی کو یہ امید تھی کہ اسے شہریت کے متنازع قانون کا فائدہ پہنچے گا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس کے روایتی ووٹ میں زیادہ اضافہ نہیں دیکھا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp