شوبز راؤنڈ اپ: سمرتی ایرانی کو تاپسی کی فلم ’تھپڑ‘ میں دلچسپی کیوں


تاپسی پنوں

تاپسی پنوں اپنے مختلف کرداروں کے لیے مشہور ہیں

انڈین وزیر سمرتی ایرانی نے فلمساز انو بھؤو سنہا اور تاپسی پنو کی فلم ’تھپڑ‘ کا ٹریلر دیکھنے کے بعد ان دونوں پر ایک احسان کرنے کااعلان کیا ہے۔

سمرتی کا کہنا ہے کہ حالانکہ وہ انو بھؤو اور تاپسی کے سیاسی خیالات سے اتفاق نہیں کرتیں پھر بھی ان کی فلم ’تھپڑ‘ ضرور دیکھوں گی۔

ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ کسی بھی عورت کے ساتھ مارپیٹ غلط ہے، بلکل غلط ہے چاہے وہ ایک تھپڑ ہی کیوں نہ ہو ۔

‘ملک’ اور ’آرٹیکل 15′ جیسی فلمیں بنانے والے فلسماز انوبھؤو سنہا کو ان کے سیکولر خیالات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جاتا ہے۔

جہاں تک سمرتی ایرانی کا تعلق ہے تو ماضی میں کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جب خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں میں ان کا نام دکھائی نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں

انوپم کھیر اور نصیرالدین شاہ کے ’پیار بھرے پیغام‘

داؤد ابراہیم کی تصویر اور سونم کپور کی مشکل

اگلے سال بالی وڈ میں کس کس کی شادی ہو سکتی ہے

انڈین فلم انڈسٹری سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا: صبا قمر

اب چاہے وہ انھی کی جماعت کے سابق وزیر سوامی چنمیانند پر ریپ کا الزام لگنا ہو یا ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کا ریپ کے الزام میں جیل جانا یا پھر کٹھوا میں آٹھ سالہ بچی کے ریپ اور قتل کے ملزمان کے حق میں بی جے پی کی حمایت والی تنظیموں کا احتجاج سمرتی ایرانی خاموش ہی نظر آئیں

تو ان کے حساب سے ایک تھپڑ میں ایسا کیا ہے کہ وہ نہ چاہتے ہوئے بھی یہ فلم دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔

عدنان سمع اپنی بیگم بیٹی اور گلوکار انو ملک کے ساتھ

عدنان سمع اپنی بیگم بیٹی اور گلوکار انو ملک کے ساتھ

عدنان سمیع اور ’بیچارے لوگ‘

گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع کو انڈیا میں فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے پدم شری کا اعزاز ملنے کے بعد کچھ لوگو ں نے خوشی تو کچھ نے غصے کا اظہار کیا اور کچھ نے انہیں طنز کا نشانہ بنایا۔

عدنان جو اب انڈین شہری ہیں کافی عرصے سے غائب تھے یعنی ان کا کوئی نیا گانا یا کمپبوزیشن سامنے نہیں آئی تھی۔

اس ہفتے ممبئی میں اپنے نئے گانے ‘تو یاد آیا‘ کی ریلیز کے موقع پر جب عدنان سے ان کے پدم شری ایوارڈ پر مختلف طرح کے ردِ عمل کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آئی تو اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عدنان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے اور یہ بیچارے لوگ ہیں جنھیں انھوں نے معاف بھی کر دیا۔

تاہم عدنان سمجھتے ہیں کہ یہ اعزاز نے ان کے کندھے پر ایک ذمہ داری کی طرح ہے اور وہ موسیقی کے شعبے میں بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

عرفان خان

کینسر کے علاج کے فوراً بعد ہی عرفان نے فلم انگریزی میڈیم کی شوٹنگ شروع کر دی تھی

عرفان خان کے آڈیو پیغام سے پرستار پریشان

بالی وڈ فلم ہندی میڈیم کا سیکوئل انگریزی میڈیم کا ٹریلر اسی ہفتے ریلیز ہوا ہے اور ٹریلر کی ریلیز سے پہلے فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے عرفان خان نے فلم کے پوسٹرز کے ساتھ ایک انتہائی جذباتی آڈیو بھی جاری کی۔

اس پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ‘میں آپ کے ساتھ ہوں اور نہیں بھی ہوں۔ فلم انگریزی میڈیم میرے لیے ایک خاص فلم ہے۔ میں اس فلم کی تشہیر اسی جذبے سے کرنا چاہتا تھا جس جذبے کے ساتھ ہم نے یہ فلم بنائی ہے لیکن کیا کروں اس وقت میرے جسم میں کچھ بن بلائے مہمان بیٹھے ہیں جو مجھے مصروف رکھے ہوئے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں اس بارے میں آپ کو پھر کبھی تفصیل کے ساتھ بتاؤں گا لیکن ہم مثبت رہنے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے۔ ہماری یہ فلم بھی مثبت انداز میں بنائی گئی ہے جو آپ کو ہنسائے گی بھی اور رلائے گی بھی۔‘

خیال رہے کہ 2018 میں عرفان خان کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے علاج کے لیے انہیں لندن جانا پڑا تھا۔

علاج کے فوراً بعد ہی عرفان نے فلم انگریزی میڈیم کی شوٹنگ شروع کر دی تھی مگر اب ان کے اس طرح کے پیغام سے لوگوں میں ان کی صحت کے بارے میں ایک بار پھر تشویش پیدا ہوتی نظر آ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp