پاکستان سپر لیگ: ’ایسی کارکردگی دکھانی ہے جو مجھے آگے لے جائے‘ شرجیل خان


شرجیل خان

شرجیل خان سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی پاداش میں ڈھائی سال کی سزا مکمل ہونے کے بعد کرکٹ کے میدان میں واپس آئے ہیں

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی کراچی کنگز کے پہلے میڈیا سیشن میں ہیڈ کوچ ڈین جونز اور کپتان عماد وسیم سمیت تمام ہی ملکی اور غیرملکی کرکٹرز تین صفوں میں ترتیب دی ہوئی نشستوں پر موجود ہیں لیکن کیمروں کا رخ پہلی صف کے درمیان میں بیٹھے ایک کرکٹر پر ہے اور جب سوال جواب کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو زیادہ تر سوالات اسی کرکٹر سے کیے جاتے ہیں۔

یہ کرکٹر شرجیل خان ہیں جو سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کی پاداش میں ڈھائی سال کی سزا مکمل ہونے کے بعد کرکٹ کے میدان میں واپس آئے ہیں اور کراچی کنگز نے انھیں پی ایس ایل کی گولڈ کیٹگری سے اپنے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور کراچی کنگز شرجیل خان کے معاملے خاصے محتاط ہیں اسی لیے میڈیا سیشن میں متعدد بار یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ سوالات کا تعلق صرف پی ایس ایل اور کراچی کنگز تک ہی ہو تو اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’خالد لطیف ُبکی سے ملے اور شرجیل کو بھی ملوایا‘

’شرجیل جانتے تھے کہ وہ کس سے ملنے جا رہے ہیں‘

پی ایس ایل فائیو: شرجیل خان کی گولڈ کیٹگری میں واپسی

سب سے اہم بات یہ تھی کہ شرجیل خان نے جس اعتماد اور پرسکون انداز میں تمام سوالات کے جوابات دیے اس سے اندازہ ہوتا تھا کہ نہ صرف انہیں اچھی طرح گائیڈ کردیا گیا ہے بلکہ وہ خود نئی اننگز شروع کرنے کے لیے ذہنی طور پر کتنے تیار ہیں۔

شرجیل خان پاکستانی ٹیم میں دوبارہ واپسی کے یقیناً خواہش مند ہیں لیکن ایک ہی جست میں فاصلہ طے کرنے کے بجائے پھونک پھونک کر قدم رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

شرجیل خان

شرجیل خان پاکستانی ٹیم میں دوبارہ واپسی کے یقیناً خواہش مند ہیں لیکن ایک ہی جست میں فاصلہ طے کرنے کے بجائے پھونک پھونک کر قدم رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں

میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا ’میرے ساتھ جو پرانا چیپٹر (باب) تھا وہ کلیئر ہوچکا۔ ہر ایک کا ایک ماضی اور ایک مستقبل ہوتا ہے۔ میں اب آگے کی طرف دیکھ رہا ہوں اور ایک ایک قدم کے ساتھ چل رہا ہوں۔ یہ پی ایس ایل میرے لیے بہت اہم ہے۔ یہ اس وقت میرے لیے سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔ میں ایسی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں جو مجھے آگے لے جائِے۔‘

ماضی کی طرف نگاہ ڈالیں تو شرجیل خان کو عروج اور زوال اسی پی ایس ایل سے ملا۔

2016 میں اسلام آباد یونائیڈ پہلی پی ایس ایل کی چیمپئن بنی تو اس میں شرجیل خان کے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے بنائے گئے 299 رنز کا عمل دخل نمایاں تھا۔

اسی کارکردگی کی وجہ سے وہ دوبارہ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد قسمت بھی ان پر مہربان ہوگئی۔

آسٹریلیا کے دورے میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں انھوں نے نصف سنچریاں بنائیں تو بگ بیش اور کاؤنٹی کے دروازے بھی ان پر کھلنے لگے۔ انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر نے ان سے معاہدہ کیا لیکن صرف ایک غلط قدم اٹھاکر انھوں نے اپنے کریئر کو داؤ پر لگادیا۔

شرجیل خان

شرجیل خان نے کراچی کنگز کی بلیو شرٹ تو پہن لی ہے لیکن انھیں پاکستان کی گرین شرٹ دوبارہ پہننے کا موقع کب ملتا ہے اس کا سب کو انتظار ہے

شرجیل خان کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں کھیلتے ہوئے کرکٹ سے دور ہوئے تھے لیکن اب اسی پی ایس ایل سے واپسی پر وہ خوش ہیں۔ ان کی خوشی کی ایک وجہ وہ دو چہرے ہیں جو انھیں اسلام آباد یونائٹڈ کے بعد کراچی کنگز میں بھی نظر آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں کہ ڈین جونز اور وسیم اکرم کراچی کنگز میں موجود ہیں میری کوشش ہوگی کہ ان کی موجودگی میں بہترین کارکردگی دکھا کر کراچی کنگز کو جتوا سکوں۔‘

شرجیل خان کو اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ فٹنس کے بغیر وہ پاکستانی ٹیم میں قدم نہیں جما سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’میں اپنی فٹنس پر کام کررہا ہوں ۔ فیلڈنگ پر بھی بہت توجہ دے رہا ہوں کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے یہ دونوں چیزیں بہت اہم ہیں۔‘

شرجیل خان نے کراچی کنگز کی بلیو شرٹ تو پہن لی ہے لیکن انھیں پاکستان کی گرین شرٹ دوبارہ پہننے کا موقع کب ملتا ہے اس کا سب کو انتظار ہے لیکن عام رائے یہی ہے کہ یہ انتظار زیادہ طویل نہیں ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp