#KabaddiWorldCup2020: پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر کبڈی ورلڈکپ پہلی مرتبہ اپنے نام کر لیا


لاہور کے پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے کبڈی ورلڈکپ 2020 کے فائنل میں پاکستان نے انڈیا کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دے کر کبڈی کا پہلا ورلڈکپ اپنے نام کر لیا ہے۔

مقابلے میں انڈیا کو آغاز سے ہی برتری حاصل رہی جو دوسرے ہالف کے وسط تک برقرار رہی تاہم پاکستان کی ٹیم کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بازی پلٹ گئی۔

ایک موقع پر میچ ختم ہونے میں صرف 10 منٹ باقی تھے اور انڈیا کو پاکستان پر 30 کے مقابلے میں 32 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے لگائے جانے والے پھرتیلے داؤ کارگر ثابت ہوئے اور ایک انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے انڈیا کو 41 کے مقابلے 43 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

https://twitter.com/UsmanAKBuzdar/status/1229085008339570690

میچ کے دوران کئی مرتبہ میچ تاخیر کا شکار ہوا۔ اس کی وجہ امپائرز کی جانب سے دیے جانے والے چند متنازع فیصلے تھے۔

اس سے قبل گذشتہ روز سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے ایران جبکہ انڈیا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے کبڈی کے تمام ورلڈ کپ بھارت میں ہوئے اور پاکستان نے فائنل تک رسائی کے باوجود چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل نہیں کر پایا تھا۔

کبڈی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ بھارت سے باہر پاکستان میں ہوا جہاں آسٹریلیا، امریکا اور ایران سمیت دنیا بھر سے ٹیمیں آئیں اور پنجاب کے مختلف شہروں میں میچز منعقد ہوئے۔

لاہور میں 9 فروری کو ایک رنگارنگ تقریب کے بعد کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز ہوگیا تھا اور پاکستان نے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو شکست دے دی تھی۔

کبڈی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اس کی میزبانی بھارت کے علاوہ کسی ملک کے پاس آئی ہے۔

اتفاق سے یہ بھی پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا ہے۔ پاکستان کو بھارت کے خلاف یہ فتح مسلسل چار مرتبہ اس سے شکست کھانے کے بعد ملی ہے

پاکستان کے کپتان محمد عرفان عرف منا جٹ نے پہلے ہالف میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو میچ میں رکھا۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان اس ورلڈ کپ کا یہ پہلا مقابلہ تھا۔

https://twitter.com/realshoaibmalik/status/1229076858660061184

یہ ورلڈ کپ لاہور کے علاہ گجرات اور فیصل آباد میں بھی منعقد ہوا جس میں انڈیا، جرمنی، انگلینڈ، آسٹریلیا، ایران، آذربائیجان، کینیا، کینیڈا اور سیئیرا لیون بھی شامل تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp