#PSL2020: وہ کھلاڑی جو پی ایس ایل سے پہچانے جاتے ہیں


پاکستان سپر لیگ

پاکستان سپر لیگ فائیو اس لحاظ سے گذشتہ چار ٹورنامنٹس سے مختلف ہے کہ اس بار تمام کے تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جا رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے سنہ 2016 میں آغاز کے بعد سے اب تک بیس پاکستانی کرکٹرز اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی ابتدا کر چکے ہیں جن میں سے بیشتر کی صلاحیتیں پی ایس ایل کی وجہ سے ابھر کر سامنے آئی ہیں۔

حسن علی

حسن علی اگرچہ پی ایس ایل میں آنے سے پہلے ہی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کھیل چکے تھے اور فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز بھی کر چکے تھے لیکن پی ایس ایل نے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ڈومیسٹک کرکٹ میں حسن علی کی عمدہ بولنگ پر نظر رکھے ہوئے تھے اور اسی بنا پر انھوں نے حسن علی کو ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کر کے پہلی پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل کیا کیا بیچے گی؟

پاکستان سپر لیگ 5 کا شیڈول اور ٹکٹوں کا حصول

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی بدلتی ٹیمیں

حسن علی کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور وہ سنہ 2016 ہی میں پاکستانی ٹیم میں شامل کر لیے گئے۔

حسن علی

حسن علی کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور وہ سنہ 2016 ہی میں پاکستانی ٹیم میں شامل کر لیے گئے

سنہ 2017 میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی میں حسن علی کا جادو سرچڑھ کر بولا اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ اس شاندار کارکردگی کے سبب وہ آئی سی سی کے بہترین ایمرجنگ کرکٹر کا ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

حسن علی نے گزشتہ سال پی ایس ایل میں سب سے زیادہ پچیس وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے بعد سے وہ فٹنس کے مسائل سے دوچار رہے ہیں اور یہ پی ایس ایل ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گی۔

شاداب خان

شاداب خان نے سنہ 2016 میں پاکستان اے کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا متاثر کن آغاز کیا تھا لیکن 2017 کی پی ایس ایل نے صحیح معنوں میں ان کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے پیش کیا اور وہ اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کرنے کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں منتخب کر لیے گئے تھے۔

شاداب خان

شاداب خان اس بار اسلام آباد یونائٹڈ کی قیادت کررہے ہیں

اس سال وہ اسلام آباد یونائٹڈ کی قیادت کررہے ہیں۔

فخرزمان

فخرزمان اگرچہ سنہ 2013 سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن سنہ 2017 کی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی طرف سے جارحانہ بیٹنگ انھیں چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ میں لے آئی اور اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔

فخرزمان نے فائنل میں بھارت کے خلاف سنچری بنائی اور پھر اگلے ہی سال انھوں نے زمبابوے کے خلاف پاکستان کی پہلی ون ڈے انٹرنیشنل ڈبل سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام درج کرا دیا۔

فخر زمان

آصف علی

آصف علی نے سنہ 2011 کے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنے اولین میچ میں ہی سنچری بنا کر اپنا پہلا تعارف کرایا تھا۔ اسوقت ان کے ساتھ کریز پر مصباح الحق موجود تھے جن کا آصف علی کےکریئر پر کافی اثر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل میں وہ اسلام آباد یونائٹڈ اور پھر پاکستانی ٹیم کا حصہ بنے۔

آصف علی گزشتہ سال ورلڈ کپ سکواڈ میں بھی شامل تھے۔

وہ پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں میں کامران اکمل اور شین واٹسن کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں جس کی ایک جھلک انھیں دو سال پہلے فائنل میں دکھائی تھی جب انھوں نے حسن علی کو لگاتار تین چھکے لگا کر اسلام آباد یونائٹڈ کو پشاور زلمی کے خلاف فاتح بنوادیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی

طویل قامت فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے سنہ 2017 میں اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ کی ایک اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کر کے اولین فرسٹ کلاس میچ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے بعد وہ انڈر19 ورلڈ کپ کھیلے اور آئرلینڈ کے خلاف میچ میں چھ وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔

شاہین شاہ آفریدی

اپنی عمدہ کارکردگی کے سبب شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹس میں ایک قابل اعتماد بولر کا روپ دھار چکے ہیں

شاہین آفریدی کو تیسری پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کا موقع ملا۔ کراچی کنگز کے خلاف انھوں نے صرف چار رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

پی ایس ایل کے فوراً بعد انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کریئر کی ابتدا کی۔ گزشتہ سال ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز میں انھوں نے پنتیس رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں جو ورلڈ کپ مقابلوں میں کسی بھی پاکستانی بولر کی بہترین انفرادی کارکردگی ہے۔

اپنی عمدہ کارکردگی کے سبب شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹس میں ایک قابل اعتماد بولر کا روپ دھار چکے ہیں۔

محمد حسنین

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد حسنین کی بولنگ کی سب سے بڑی خوبی ان کی رفتار ہے جس نے بہت کم عرصے میں انھیں انٹرنیشنل کرکٹ تک پہنچادیا۔

گزشتہ سال کی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انہیں ایک اور نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جو کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے تھے۔

محمد حسنین نے سات میچوں میں بارہ وکٹیں حاصل کیں جن میں زلمی کے خلاف فائنل میں تیس رنز دے کر تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی بھی شامل تھی جس نے انھیں مین آف دی میچ بنوادیا ۔

پی ایس ایل میں وہ تواتر کے ساتھ ایک سو چالیس سے اوپر کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے جبکہ ملتان کے خلاف ان کی اسپیڈ ایک سو پچاس ریکارڈ کی گئی۔

محمد حسنین ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل تھے لیکن انھیں کسی بھی میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔

حارث رؤف

حارث رؤف پہلی بار ابوظہبی کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھیلے جس کے بعد وہ لاہور قلندر کی طرف سے اپنے کھیل کو مزید نکھارنے کے لیے آسٹریلیا گئے

اس سال وہ کیریبئن لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی طرف سے کھیلے۔ سینٹ کٹس کے خلاف میچ میں تین وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر ان کی ٹیم کے مالک اداکار شاہ رخ خان نے ڈریسنگ روم میں آ کر انھیں گلے لگایا تھا۔

حارث رؤف

لاہور قلندرز کے ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے منظرعام پر آنے والے حارث رؤف پہلی بار ابوظہبی کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کھیلے جس کے بعد وہ لاہور قلندر کی طرف سے اپنے کھیل کو مزید نکھارنے کے لیے آسٹریلیا گئے۔

گزشتہ سال انھیں پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا، جس میں انھوں نے دس میچوں میں گیارہ وکٹیں حاصل کیں لیکن انھیں صحیح معنوں میں شہرت اسوقت ملی جب میلبرن اسٹارز نے انھیں بگ بیش کی ٹیم میں شامل کر لیا اور وہاں کی شاندار کارکردگی انھیں پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں لے آئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp