ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل کا معاملہ مزید الجھ گیا: پولیس افسر کی تیسری شادی بھی سامنے آ گئی


ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل لاپتہ کیس کی تحقیقات میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مفخر عدیل نے تین شادیاں کر رکھی تھیں۔ ایک بیوی ناروال میں رہائش پذیر تھی۔ جبکہ دوسری بیوی آسیہ اور تیسری بیوی عیزہ نامی خاتون ہے۔ مفخر عدیل اپنا تمام خرچہ عیزہ سے لیتا تھا۔ جبکہ آسیہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیا کرتا تھا۔  بتایا گیا ہے کہ دوسری بیوی آسیہ سے شادی ہونے کا معلوم ہونے کے بعد سے عیزہ اور مفخر عدیل کے درمیان ناراضی چل رہی تھی۔

یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ مفخر عدیل نے دوسری بیوی عاسیہ کے ایک ملازم سے تیزاب کے دو ڈرم بھی منگوائے تھے۔ مفخر عدیل نے ایک سی ایس ایس اکیڈمی بھی بنا رکھی تھی جہاں خواتین کو لایا جاتا اور پھر ان خواتین سے شادی بھی کر لیتا تھا۔ ان ہی معاملات کی وجہ سے مفخر عدیل کے عیزہ سے تعلقات کشیدہ تھے۔ بعد ازاں پھر عیزہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد مفخر عدیل نے تیسری بیوی کیساتھ تعلقات بہتر کر لیے تھے۔ مفخر عدیل جس روز فرار ہوا اس سے کچھ روز قبل بھی اس نے عیزہ سے ایک لاکھ روپے کی رقم لی تھی اور اسی رقم سے فیصل ٹاون میں ایک گھر کرایہ پر حاصل کیا تھا جہاں غیر اخلاقی پارٹیوں کا انعقاد کیا جاتا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مفخر عدیل کے قریبی دوست اسد بھٹی کے موبائل فون سے اہم تفصیلات مل گئی ہیں۔ پولیس نے مفخر عدیل کی گمشدگی کی تحقیقات کے دوران ان کے دوست اسد بھٹی کو حراست میں لیا۔ جس کے موبائل سے 7 فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات مل گئیں۔ گرفتار ملزم اسد بھٹی نے شہباز تتلا کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔ اسد بھٹی کی نشاندہی پر فزیکل شواہد چیک کیے گئے۔ تاہم تیسری بار چیک کرنے پر بھی ٹھوس شواہد ہاتھ نہ لگ سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسد بھٹی کے انکشاف درست ہونے کا انحصار شواہد پر ہے۔ جائے وقوعہ پر واٹر باؤزر عباس لائن سے بلایا گیا تھا۔ تمام تر کوششوں کے باوجود جائے وقوعہ سے لاش یا خون کے نمونے نہیں مل سکے۔ اسد بھٹی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ قتل میں ملوث نہیں ہوں لیکن شواہد ضائع کرنے میں معاونت کی۔ پولیس نے اسد بھٹی کے موبائل فون سے سات فروری کو ہونے والی پارٹی کی تفصیلات بھی حاصل کر لی تھیں۔ اسد بھٹی کی نشاندہی پر پارٹی گرلز اور منشیات فروشوں کے موبائل فون ٹریک بھی کیے گئے۔

شہباز تتلہ کے آفس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایس ایس پی کے ساتھ دفتر سے گئے۔ جس کے بعد ایس ایس پی مفخر عدیل سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ کچھ دیر بعد ہی ایس ایس پی نے عیاشی کے لیے لیا گیا گھر پنجاب کانسٹبلری کے واٹر باؤزر اور دس ملازمین کی مدد سے پانی سے دھلوایا اور خود کہیں روپوش ہو گئے۔ مفخر عدیل اور شہباز تتلا سمیت دیگر لوگ بھی پارٹی میں شامل تھے۔

مفخر عدیل کو سامنے لانے کے لئے سی آئی اے کی ٹیمیں پنجاب سمیت بلوچستان میں چھاپے مار رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو اسد بھٹی سے دیگر معلومات بھی ملی ہیں جن پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments