پاکستان سپر لیگ 5،وعدہ جسے پورا کر دکھایا


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ گیارہ ماہ قبل انہوں نے پوری پی ایس ایل پاکستان لانے کی بات کی تھی۔ انہوں نے تمام چھ ٹیموں کے مالکان کے ساتھ یہ وعدہ پورا کردکھایا ہے۔

احسان مانی نے بدھ کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ایس ایل درحقیقت ایک ایسا دروازہ ہے جسے کھول کر دیکھیں تو ایک خوبصورت پاکستان نظرآتا ہے۔ پی ایس ایل نے صحیح معنوں میں پاکستان کی اصل تصویر دنیا کو دکھائی ہے۔

اس موقع پر پی ایس ایل میں شریک تمام چھ ٹیموں کے مالکان بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیے

28 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل کھیلنے پر رضامند

’پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانا پاگل پن ہے‘

احسان مانی نے کہا کہ جب انہوں نے پوری پی ایس ایل پاکستان میں کرانے کی بات تھی تو کسی کو بھی تسلی نہیں تھی کہ یہ کس طرح ممکن ہوگا لیکن تمام فرنچائزز کی مدد سے یہ ممکن ہوا ہے۔ یہ پورے پاکستان کی لیگ ہے اوراس کی کامیابی میں شائقین کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ پاکستان نے اس سے قبل 1987اور 1996 کے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی کی اور 2008 میں ایشیا کپ کرایا لیکن پی ایس ایل سائز کے اعتبار سے پاکستان میں ہونے والا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دس سال تک ہمارے کرکٹرز ہوم گراؤنڈ پر اپنے شائقین کے سامنے کھیلنے کے منتظر رہے اب انہیں اس کی سحرانگیزی کا پتہ چل گیا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ اگلے سال کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں بھی کرائے جائیں جبکہ کوئٹہ بھی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت

احسان مانی اور فرنچائز مالکان کی پریس کانفرنس کے موقع پر پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے احسان مانی کی توجہ اس جانب دلائی کہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں نمایاں خدمات ہیں انہوں نے حکومت سے درخواست کررکھی ہے کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے یہ معاملہ حکومت کے پاس ہے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس ضمن میں حکومت سے بات کرے۔

جہانگیرخان ٹرافی اسٹیڈیم لائے

پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں سب کی توجہ کا مرکز اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان تھے جو یہ خوبصورت ٹرافی تقریب میں لے کر آئے۔ انہوں نے یہ ٹرافی دفاعی چیمپئن ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کی۔ تقریب میں چھ میں سے پانچ ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود تقریب میں موجود نہیں تھے۔

جہانگیرخان نے تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے پاکستان میں کامیاب انعقاد سے دنیا کو ایک بھرپور پیغام جائے گا اور دیگر کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کے پاکستان میں انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔

پاکستان آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے لیے کوشاں

پاکستان کرکٹ بورڈ 2023 سے 2031 تک کے آئی سی سی کلینڈر میں متعدد بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کی پیشکش کا ارادہ رکھتا ہے جن میں مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور مینز انڈر19 ورلڈ کپ شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp