#PSL5: کراچی میں افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِمقابل


ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جمعرات کی شب کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن پر بی بی سی اردو کی خصوصی کوریج

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپیئن ہے جبکہ اسلام آباد کی ٹیم ماضی میں دو مرتبہ یہ ٹرافی اٹھا چکی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو بار فائنل ہارنے کے بعد گذشتہ سال پشاور زلمی کو فائنل میں شکست دی تھی۔

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کے لیے یہ پی ایس ایل اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کہ وہ اس لیگ میں بہترین کارکردگی کے ذریعے پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 5: ایک وعدہ جسے پورا کر دکھایا

پاکستان سپر لیگ 5 کا شیڈول اور ٹکٹوں کا حصول

اینڈی فلاور: پی ایس ایل بہترین بولنگ اٹیک کی لیگ ہے

’جس کی کوئی ٹیم نہیں، اُس کی ٹیم کوئٹہ ہے‘

کوئٹہ کی بولنگ میں نوجوان محمد حسنین اور نسیم شاہ کے علاوہ تجربہ کار سہیل خان اور محمد نواز بھی موجود ہیں جبکہ بیٹنگ لائن میں آسٹریلیا کے شین واٹسن اور انگلینڈ کے جیسن روئے کا کردار بہت اہم ہے۔

ان کے علاوہ ٹیم کو احمد شہزاد اور احسان علی سے بھی اچھی کارکردگی کی امید ہے۔

کوئٹہ کو پہلے ہی میچ سے قبل اس وقت دھچکا لگا جب جمعرات کو اس ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا گیا۔

کرکٹ

پاکستان سپر لیگ نے یہ قدم شائقین کو اس ایونٹ سے مزید قریب لانے کی سوچ کے تحت اٹھایا ہے

عمر اکمل اس معطلی کی وجہ سے پی ایس ایل سے بھی باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ سکواڈ میں انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔

اس میچ میں کوئٹہ کی مدمقابل اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں اور اس کی بیٹنگ لائن کالن منرو، کالن انگرم، آصف علی، فلپ سالٹ اور لیوک رونکی کی موجودگی میں مضبوط دکھائی دیتی ہے۔

اسلام آباد کو اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار پی ایس ایل کھیلنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل سٹین کی خدمات بھی حاصل ہیں جبکہ ماضی میں پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ رہنے والے رومان رئیس بھی فٹ ہونے کے بعد دوبارہ اپنی کرکٹ شروع کر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص ہے کہ لیگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔ یہ میچ چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کو پاکستان لانے کی ابتدا تین سال پہلے صرف ایک فائنل سے ہوئی تھی جس کے بعد مرحلہ وار میچوں کی تعداد بڑھا کر سکیورٹی کے بارے میں غیرملکی کرکٹرز کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی گئی اور اب چھ ٹیموں میں شامل تمام غیرملکی کرکٹرز ہر قسم کے خوف سے آزاد ہو کر پاکستانی میدانوں میں نظرآنے والے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp