#KKvPZ: پشاور زلمی کا کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ


پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں جمعے کو دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف نیشنل سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا پہلا میچ ہے۔

کراچی کی ٹیم: چیڈوک والٹن، بابر اعظم، شرجیل خان، افتخار احمد، کیمرون ڈیلپورٹ،محمد رضوان، عماد وسیم، عمید آصف، محمد عامر،کرس جارڈن،ارشد اقبال۔

پشاور کی ٹیم: ٹام بینٹن، لائم لونگسٹون،کامران اکمل، حیدر علی، محمد محسن شعیب ملک،ڈیرن سیمی، لائم ڈاسن، وہاب ریاض حسن علی اور راحت علی۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن پر بی بی سی اردو کی خصوصی کوریج

پاکستان سپر لیگ فائیو میں مقابلوں کا آغاز جمعرات کی شب نیشنل سٹیڈیم میں ہی ایک رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین میچ سے ہوا تھا جو کوئٹہ نے باآسانی تین وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

اگر ماضی میں پی ایس ایل میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو پشاور زلمی کی ٹیم ایک مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے تاہم کراچی تاحال ٹرافی اٹھانے سے محروم رہی ہے۔

اس مرتبہ کراچی کو پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان اور ان فارم بلے باز بابر اعظم کی خدمات حاصل ہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ نے بابر اعظم کے ہوتے ہوئے بھی آل راؤنڈر عماد وسیم کو کپتان برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی سی بی کا ‘بچہ’ کماؤ پُوت بن گیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا دیا

بابر اعظم کے علاوہ انگلینڈ کے الیکس ہیلز اور جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈیل پورٹ کا تجربہ کراچی کنگز کے کام آ سکتا ہے۔

پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ پر پابندی کا شکار ہونے والے شرجیل خان بھی سزا مکمل کرنے کے بعد کراچی کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے اور نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی ان کے مستقبل کا تعین بھی کرے گی۔

کراچی کا بولنگ اٹیک محمد عامر، کرس جورڈن، عماد وسیم، عمر خان، اسامہ میر اور عامر یامین کی موجودگی میں بہتر نظر آرہا ہے۔

پشاور زلمی وہ ٹیم ہے جس نے ڈیرن سیمی کو کپتان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کم وبیش انھی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو ماضی میں اس کا حصہ رہے ہیں۔

کیرن پولارڈ پشاور کی ٹیم کو سات مارچ تک دستیاب نہیں اور ان کی کمی پوری کرنے کے لیے کارلوس بریتھ ویٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جن کی وجۂ شہرت 2016 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل ہے جس میں انہوں نے بین سٹوکس کو چار چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔

پی ایس ایل

پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص ہے کہ لیگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں

زلمی کی بیٹنگ کا انحصار کامران اکمل اور شعیب ملک کے علاوہ انگلینڈ کے لیئم ِلونگسٹون پر ہو گا جنھوں نے حالیہ بگ بیش میں چار نصف سنچریاں بنائیں۔

پشاور کے بولنگ لائن اپ میں وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی قابل ذکر ہیں۔

اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے 10 مقابلوں میں پشاور کا پلڑہ بھاری رہا ہے۔ کراچی نے صرف دو جبکہ پشاور نے آٹھ میچوں میں فتح حاصل کی۔

کراچی کنگز کے بابر اعظم اور سمرسیٹ کے ٹام بینٹن نے انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی لیگ وائٹیلٹی بلاسٹ میں سمرسیٹ کے لیے تباہ کن اوپننگ شراکت جوڑے رکھی تھی۔ بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز جبکہ ٹام بینٹن نے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنائے تھے۔

https://twitter.com/SomersetCCC/status/1230778269806596096

پی ایس ایل 5: ایک وعدہ جسے پورا کر دکھایا

پاکستان سپر لیگ 5 کا شیڈول اور ٹکٹوں کا حصول

پی ایس ایل کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص ہے کہ لیگ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جا رہے ہیں۔ یہ میچ چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کو پاکستان لانے کی ابتدا تین سال پہلے صرف ایک فائنل سے ہوئی تھی جس کے بعد مرحلہ وار میچوں کی تعداد بڑھا کر سکیورٹی کے بارے میں غیر ملکی کرکٹرز کے خدشات دور کرنے کی کوشش کی گئی اور اب چھ ٹیموں میں شامل تمام غیر ملکی کرکٹرز ہر قسم کے خوف سے آزاد ہو کر پاکستانی میدانوں میں نظرآنے والے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32556 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp