برطانیہ 40 ارب پاؤنڈ کے نوٹوں کے ساتھ کیا کرنے جا رہا ہے؟


برطانیہ میں 20 پاؤنڈ کا نوٹ عنقریب کھاد کی صورت اختیار کر جائے گا۔ بینک آف انگلینڈ 40 ارب پاؤنڈ مالیت کے کاغذ کے نوٹ ختم کرنے کا عمل شروع کر رہا ہے۔ ان نوٹوں کی جگہ پولیمر کے بنے 20 پاؤنڈ لے لیں گے۔

اس عمل کے دوران کاغذ کے تقریباً 2 ارب نوٹ سرکولیشن سے نکالے جائیں گے اور ان کو کھاد میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

برطانیہ کے دو تہائی نوٹوں کی ذمہ دار ’جی 4 ایس‘ سے تعلق رکھنے والے مارک سانڈرز نے بتایا کہ یہ ایک بہت بڑی کارروائی ہو گی لیکن عوام کو شاید اس کا پتہ بھی نہ چلے۔

2 ارب نوٹوں کی تبدیلی برطانوی تاریخ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی کارروائی ہو گی۔ اکانومسٹ ایڈم سمتھ کی تصویر والے 20 پاؤنڈ کے نوٹ گردش سے نکالے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے جو 20 پاؤنڈ کا نوٹ بینکوں کو یا دکانداروں کی طرف سے کیش سنٹروں کو دیا جائے گا دوبارہ استعمال نہیں ہو گا۔

اس کارروائی میں کئی ماہ لگیں گے۔ لیکن جب نوٹوں کی ایک قابل ذکر تعداد سرکولیشن سے نکل جائے گی تو بینک آف انگلینڈ باقی نوٹوں کی واپسی کے لیے چھ مہینے کا نوٹس دے گا۔ اس سے پہلے سن 2007 میں 20 پاؤنڈ کا نوٹ تبدیل ہوا تھا۔

سرکولیشن سے نکالے گئے نوٹ کس کام آتے ہیں؟

لندن کی ایک گلی میں ایک انتہائی محفوظ گودام میں نوٹ چھانٹنے کی دو بہت بڑی مشینیں ہیں جو منٹوں میں ہزاروں نوٹ گن سکتی ہیں۔ ان مشینوں پر ایک سیکنڈ میں 33 نوٹ چھانٹی کیے جا سکتے ہیں۔ گزشتہ برس نوٹ سرکولیشن سکیم کے تحت 93 ارب

پاؤنڈ کی مالیت کے نوٹوں کی چھانٹی کی گئی۔

مارک سانڈرز نے بتایا کہ پرانے 20 پاؤنڈ کے نوٹوں کو 50 ہزار پاؤنڈ مالیت کے بنڈل بنا کر کیشن سنٹروں میں مضبوط پنجروں میں رکھا جائے گا۔

1990 تک بینک آف انگلینڈ پرانے نوٹوں کو جلا کر اپنی عمارتوں کو گرم رکھنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ اب 50 ہزار پاؤنڈ کی مالیت کے بنڈل جب بینک میں واپس آتے ہیں تو ان کو کھاد میں تبدیلی کے لیے اسی عمل سے گزارا جاتا جس سے ضائع ہونے والا کھانا گزرتا ہے۔

20 پاؤنڈ کے نئے نوٹ پرانے نوٹوں سے سائز میں چھوٹے ہیں اور اسی وجہ سے ملک بھر میں ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں کو تبدیل کرنا پڑا ہے۔ .”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32542 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp