#PSL2020: ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کے لیے پاکستان کی اعزازی شہریت اور اعلی ترین شہری ایوارڈ کا اعلان


حکومتِ پاکستان نے ویسٹ انڈین کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین شہری ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی انھیں پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اس بات کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا جس میں مزید کہا گیا ہے کہ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں ڈیرن سیمی کو یہ ایوارڈ دیں گے۔

جاوید آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز پشاور زلمی کے حصے میں آیا ہے کہ اس کے کپتان کو حکومت پاکستان کی طرف سے اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔

جاوید آفریدی نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ دیا جانا پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈیرن سیمی کی سیلفی اور پشتو میں ٹویٹ

’یہ جیت میرے کریئر کا ایک اہم مقام ہے‘

کراچی میں کھیلنے پر خوش ہوں: ڈیرن سیمی

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ایوارڈ سے دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ یہ ملک کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرنے والا ملک ہے اور اس کے لوگ ہر اس شخص کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں جو یہاں امن و محبت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

جاوید آفریدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریبِ رونمائی میں انھوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی سے درخواست کی تھی کہ ڈیرن سیمی کی اعزازی شہریت کی درخواست حکومت کے پاس موجود ہے، اسے جلد از جلد عملی شکل دینے میں وہ بھی ان کی مدد کریں۔

https://twitter.com/TheRealPCBMedia/status/1231103863685623808?s=20

پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی مزارِ قائداعظم پر حاضری کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں ڈیرن سیمی کہتے ہیں کہ انھوں نے اپنی زندگی میں اس عظیم رہنما کے اصول، اتحاد، ایمان اور نظم وضبط اپنائے رکھے ہیں۔ اور یہ پیغام وہ نہ صرف زلمی ٹیم بلکہ پاکستانی قوم اور پوری دنیا تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کو بھی حکومت پاکستان نے کرکٹ کی خدمات پر ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp