جرمنی میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کی واردات، متعدد زخمی


جرمنی

جرمنی کے شہر فولکمارسن میں پیر کو ایک ہجوم پر تیز رفتار گاڑی چڑہائے جانے کی واردات پیش آئی ہے جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقع میں کم از کم دس افراد زخمی ہوئے ہیں اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اس واردات کے پیچھے کیا عوامل کار فرما تھے اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا رہا۔

بڑی تعداد میں قانون نافذ کرانے والے اداروں اور امدادی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

عینی شاہدین نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ایک سلور رنگ کی مرسڈیز مقامی وقت کے مطابق دو بج کر تیس منٹ پر تیز رفتاری سے ہجوم میں جا گھسی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں اس رنگ کی گاڑی کے گرد جمع لوگوں اور امدادی کارکنوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

عینی شاہدین کا مزید کہنا تھا کہ جب گاڑی ہجوم کی طرف بڑھی تو اس کی رفتار میں اضافہ ہو گیا اور اس کا رخ اس طرف تھا جس طرف بچے بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک ٹوئٹر پیغام میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے پاس واقع کی کوئی ویڈیو یا تصاویر ہو تو وہ پولیس کو فراہم کریں اس کے علاوہ لوگوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ واقع کے بارے میں کوئی رائے زنی یا قیاس آرائی نہ کریں۔

اس واقع کی تفصیلات ابھی موصول ہو رہی ہیں۔

یہ واقع گلابوں کے سوموار کے جشن کے دوران پیش آیا۔ جرمنی کے بعض شہروں میں اس موقع پر جلوس بھی نکالے جاتے ہیں۔ یہ جشن آسٹریا، بلیجئم اور سوئٹزرلینڈ میں بھی منایا جاتا ہے۔

اس جشن کی تقریبات کے سلسلے میں تعلیمی ادارے عموماً بند رکھے جاتے ہیں۔ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32483 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp