Imran Khan: نئی دلی کے فسادات پر عمران خان کے ٹوئٹر پیغامات


نئی دہلی

انڈیا کے دارالحکومت نئی دلی میں ہندو مسلم فسادات پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کے روز پر ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ‘نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کا بازار گرم ہو جاتا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے ہمسایہ ملک میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے سلوک پر ممکنہ پاکستان کے اندر ممکنہ رد عمل کی پیش بندی کرتے ہوئے ایک اور پیغام میں خبردار کیا ہے ملک کے اندر موجود اقلیتوں کی طرف کوئی بری نظر ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔

اس پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ‘آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔ ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں۔

یاد رہے کہ انڈیا میں سنہ 1992 میں بابری مسجد کے ردعمل میں پاکستان کے متعدد شہروں بشمول راولپنڈی اور لاہور میں کئی مندرو کو مسمار کر دیا گیا تھا۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1232588458704678912?s=20

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر انڈیا کی سخت گیر نظریات کی حامل حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ‘نازی ازم’ کی وارث قرار دیا۔ ‘آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل ایک ارب سے زیادہ انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں۔’

انھوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں انھوں نے پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے نکل آیا تو خونریزی میں شدت آئے گی۔ کشمیر آغاز تھا۔ ‘آج ہندوستان میں مقیم بیس کروڑ مسلمان نشانے پر ہیں۔ عالمی برادری کیلے کچھ کرنے کا بلاشبہ یہی وقت ہے۔’

عمران خان

عمران خان کے یہ ٹوئٹر پیغامات انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں کئے گئے ہیں اس کے علاوہ صدرِ پاکستان عارف علوی نے بھی نئی دلی میں ایک مسجد کو جلائے جانے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔

گزشتہ تین دن سے دلی میں جاری فسادات پر نریندر مودی نے بدھ کو ایک ٹوئٹر پیغام میں لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘امن اور یگانگت ہماری اقدار کا مرکزی نکتہ رہا ہے۔’ انھوں نے کہا کہ وہ اپنے دلی کے بہنوں اور بھائیوں کو امن اور بھائی چار برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ‘یہ اہم ہے کہ امن اور معمولات کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔’

نریندر مودی نے اس بیان میں دِلی میں پولیس کے اوپر اٹھنے والے سوالات کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp