شوبز ڈائری: شروتی حسن کے اعتراف پر لوگوں کا اعتراض، رنویر کپور اور دیپکا پادوکون کی 1983


شروتی حسن

شروتی اداکار کمل حاسن اور ساریکا کی بیٹی ہیں

اداکارہ شروتی حسن ہندی فلموں میں کم اور جنوبی انڈیا کی فلموں میں کافی کامیاب رہی ہیں۔ اداکار کمل حاسن اور اداکارہ ساریکا کی بیٹی شروتی ایک اچھی اداکارہ ہیں اور ان کا شمار بے پناہ حسین ہیروئنز میں کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں انہوں نے اپنی کچھ نئی تصاویر کے ساتھ یہ قبول کیا کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے اور انہیں اس پر کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی۔

شروتی حسن

شروتی کہتی ہیں کہ انکے وزن کے حوالے سے انہںی ٹرول کیا جاتا رہا ہے

اپنی نئی تصویر میں شروتی کافی پتلی دبلی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا ‘میں دوسرے لوگوں کی رائے کا اثر لینے والوں میں سے نہیں ہوں لیکن مسلسل اس طرح کے کمنٹس کرنا ضروری نہیں کہ پہلے میں موٹی تھی اور زیادہ پتلی ہو گئی ہوں۔

شروتی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں اور یہ آسان نہیں ہے۔ شروتی کہتی ہیں کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروائی ہے لیکن وہ نہ تو اس کی حمایت کرتی ہیں اور نہ ہی اس کی مخالف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو کسی کے بارے میں رائے قائم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں

’جب سے کام شروع کیا ہے پدرشاہی کا مطلب سمجھ آ گیا ہے‘

سمرتی ایرانی کو تاپسی کی ’تھپڑ‘ میں دلچسپی کیوں

’ایسی سکرپٹ لے کر کنگنا کے پاس آئے بھگوان ہی بچائے‘

سونم

سونم ملک کے سیاسی حالات پر دل کھول کر تبصرہ کرتی ہیں

دلی میں ہونے والے حالیہ فرقہ وارانہ فسادات پر جہاں ہر کسی کا دل دہل اٹھا وہیں بالی ووڈ میں بھی دکھ اور تشویش کی لہر دوڑتی محسوس ہوئی۔ ان میں ہمیشہ کی طرح سونم کپور، رچا چڈھا، انوراگ کشپ، سوارا بھاسکر اور انوبھو سنہا شامل ہیں۔

فلمساز انوراگ کشپ نے سب سے پہلے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ ‘اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ شہریت کے متنازع قانون کی حمایت کا مطلب مسلمانوں کی مخالفت ہے’۔

رچا چڈھا اور سونم کپور نے بھی اپنی پوسٹ میں دکھ اور خوف کا اظہار کیا۔ مشہور مصنف چیتن بھگت جو کسی زمانے میں بی جے پی کے حامی تصور کیے جاتے تھے کچھ عرصے سے مختلف انداز میں نظر آ رہے ہیں۔

انوراگ

انوراگ کشیپ شاہین باغ بھی گئے تھے

کچھ عرصہ پہلے انہوں نے سی اے اے قانون کی مخلفت میں ٹویٹ کیا تھا اور اب دلی کے فسادات پر لکھا کہ ‘ہم 1947 سے 2020 تک ہندو مسلم، ہندو مسلم کرتے آ رہے ہیں لیکن دنیا چاند پر پہنچنے سے لیکر کمپیوٹر انٹرنیٹ، آرٹفیشل انٹیلی جنس، سمارٹ فونز اور ایپس بنانے میں مصروف ہے، لیکن ہم کیا کر رہے ہیں’۔

چیتن بھگت کی یہ ٹویٹ مودی جی کے پکے بھکت انوپم کھیر کو پسند نہیں آئی اور جواب میں انوپم نے ٹویٹ کیا ‘چیتن جی آپ کی ٹویٹ سمارٹ لیکن حقیقت سے کافی دور ہے’۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پچھلے 72 برسوں میں انڈیا نے ہر شعبے میں غضب کی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔‘

دپیکا اور رنویر

دپیکا اپنے شوہر رنویر کے ساتھ

دپیکا پادوکون ان دنوں اپنے شوہر رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’83’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ یہ فلم 1983 میں کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا کی تاریخی جیت پر بنائی گئی ہے۔ فلم میں رنویر سنگھ کپل دیو اور دپیکا کپل دیو کی بیوی رومی دیو کا کردار نبھا رہی ہیں۔

دپیکا کہتی ہیں ’یہ فلم ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے جس کے کردار، کوسٹیوم ، ڈائیلاگ، دور اور سیٹنگ سبھی کچھ مختلف ہے۔ ساتھ ہی رنویر کے ساتھ اس طرح کی فلم میں کام کرنے کا تجربہ بھی کافی انوکھا ہے۔

دپیکا تیزاب حملے کی شکار لڑکی لکشمی کے ساتھ

دپیکا کی فلم چھپاک باکس آفس پر اچھا پرفارم نہیں کر پائی تھی

دپیکا کہتی ہیں کہ انہوں نے پہلے بھی رنویر کے ساتھ کام کیا ہے لیکن وہ کردار کسی اور دور اور دنیا کے تھے لیکن یہ کہانی اور کردار آج کی دنیا کے ہیں۔

دپیکا اور رنویر سنگھ نے اس سے پہلے فلم ‘گولیوں کی راس لیلیٰ رام لیلی’ اور ‘باجی راؤ مستانی’ میں ساتھ کام کیا تھا۔ لیکن ’83’ ایک سچی کہانی ہے جس کے کردار آج بھی ہمارے سامنے ہیں اور ان کرداروں کو نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج ہو سکتا ہے۔

اب دیکھنا ہے کہ اصل زندگی کا یہ جوڑا پردے پر ان حقیقی کرداروں کو نبھانے میں کس حد تک کامیاب ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp