سندھ روہڑی: تیز رفتار ٹرین بس سے ٹکرا گئی کم از کم 22 افراد ہلاک


ٹرین حادثہ

بس کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا ہے

سندھ کے شہر روہڑی سٹیشن کے قریب تیز رفتار ٹرین بس سے ٹکرا گئی ہے جس میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ جمعے کی شب کندھرا کے علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق انھوں نے بتایا کہ پاکستان ایکسپریس کراچی سے لاہور جارہی تھی کہ پنجاب جانے والی بس شاہین کوچ نے غیر معمولی طور پر یہاں سے پھاٹک کراس کرنے کی کوشش کی لیکن بس پٹڑیوں کے درمیان میں پھنس گئی اسی اثنا میں پاکستان ایکسپریس آگئی اور اس نے بس کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں بس ٹکڑوں میں بٹ گئی۔

ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ بس کو کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا گیا ہے اندھیرے میں موبائل ٹارچس اور گاڑیوں کی ہیڈلائٹس میں یہ امدادی آپریشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

لودھراں میں ٹرین اور رکشے کی ٹکر، چھ طلبہ ہلاک

ٹرین حادثہ

حادثے کے بعد ٹرین روٹ بند کردیا گیا ہے

انھوں نے بتایا کہ یہ کھلا پھاٹک ہے جس پر کوئی چوکیدار نہیں ہو تا ہے اور بس ڈرائیور نے شاٹ کٹ کے لیے یہاں کا رخ کیا۔

حادثے کے بعد ٹرین روٹ بند کردیا گیا ہے۔ مقامی صحافی ممتاز بخاری کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے یہاں کا رخ کیا اور حادثے کا شکار ہوگیا۔

ٹرین میں سفر کرنے والے نوجوان محمد جمیل نے بتایا کہ جب وہ ٹرین سے اترے تو دیکھا انسانی اعضا کٹے ہوئے پڑے تھے۔’

کچھ زخمی تھے جو بتا رہے تھے کہ ان کا تعلق جھنگ، سرگودھا اور خوشاب سے ہے۔ اسی دوران علاقے کے لوگ اور پولیس آگئی اور زخمیوں اور لاشوں کو منتقل کیا گیا۔ ‘

اکرم نامی شخص نے بتایا کہ ٹرین ڈرائیور نے ہوشیاری سے احتیاط سے بریک لگائی اس قدر کہ جھٹکا نہیں لگا۔

انھوں نے بتایا کہ جب وہ اترے تو بس دو حصوں میں تقسیم تھی جو اے سی والا حصہ تھا اس میں آگ نہ لگ جائے لوگوں کو متنبہ کیا گیا کہ ماچس اور لائٹر نہ جلائی جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp