#coronavirusoutbreak: پاکستان میں پانچ کیسز کی تصدیق، عالمی ادارہ صحت کی دنیا کو ‘غیر یقینی خطرے’ پر تنبیہ


کورونا وائرس

پاکستان میں منگل کو کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والی افراد کی کُل تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

منگل کی صبح وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا وائرس کے پانچویں کیس کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مریضہ کو ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پانچ افراد میں سے تین کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جبکہ دو کا تعلق کراچی سے ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے حکام کے مطابق گلگت بلتستان سے مزید 12 مشتبہ افراد کے خون کے نمونے بھی ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔ گذشتہ روز گلگت بلتستان حکومت نے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر 7 مارچ تک بند کر دیا تھا۔

پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن سے ملحقہ افغانستان کی سرحد کو بھی بند کر دیا ہے۔


کورونا وائرس: تشخیص، تحقیق اور علاج

کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے محفوظ رہا جائے؟

وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھ کیسے دھوئیں؟

اس وائرس کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

کورونا وائرس کیا ہے، کیسے پھیلتا ہے؟

کیا سائنسدان کورونا وائرس کے علاج کی ویکسین ایجاد کر پائیں گے؟


دنیا کو ’غیر یقینی خطرے‘ کا سامنا

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کو ایک ‘غیر یقینی خطرے’ کا سامنا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ یہ وائرس’نیا’ ہے لیکن درست اقدامات سے اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

عالمی سطح پر اس وائرس سے اموات کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں زیادہ تر چینی باشندے شامل ہیں۔ تاہم گذشتہ روز کے اعداد و شمار کے مطابق چین کی نسبت دیگر ممالک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد میں نو گنا اضافہ ہوا ہے۔

Israel set up a dedicated polling station where people under quarantine could vote in Monday's general election

Israel set up a dedicated polling station where people under quarantine could vote in Monday’s general election

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے زور دیا ہے کہ ‘ہم اس وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔’ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مرض کا خوف اصل مرض سے زیادہ خطرناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ کووڈ 19 مرض کا عالمی سطح پر پھیلاؤ ‘یک طرفہ عمل’ نہیں تھا اور اگر دنیا کے ممالک فوری اور مؤثر طور پر اس کے عدم پھیلاؤ کے اقدامات اپنا تے تو اس سے لڑ جا سکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اب عملی اقدامات کرنے کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔’

عالمی ادارہ صحت نے اور کیا کہا

ڈاکٹر ٹیڈروس کا بنیادی مشورہ یہ تھا کہ ہر ملک کو اپنی اپنی صورتحال کو دیکھنا ہوگا کیوں کہ وبا سے نمٹنے کے لیے یکطرفہ طریقہ کار نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘ہر ایک ملک کو اپنی اپنی حکمت عملی اپنانا ہوگی لیکن اس کی شروعات اس کے عدم پھیلاؤ کے اقدامات سے کی جانی چاہئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ نیا وائرس مختلف خصوصیات کے ساتھ سامنے آیا تھا’ اور عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق یہ ابتک وبا کی صورت اختیار کر سکتا تھا لیکن اس کے عدم پھیلاؤ کے اقدامات نے بظاہر کام کیا اور اس کو وبائی صورت اختیار کرنے سے روکا ہے۔ کیونکہ 62 متاثرہ ممالک میں سے 38 ممالک ایسے ہیں جہاں اس سےمتاثرہ افراد کی تعداد دس یا اس سے کم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘تقریباً آٹھ ممالک میں دو ہفتوں سے نئے کیسز سامنے نہیں آئے ہیں اور وہ اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ چین نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ بڑی تعداد میں اس سےمتاثر ہونے کے بعد بھی اس پر قابو پانا ممکن ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس نہ کہا کہ ‘عالمی ادارہ صحت اس کی نگرانی کرتا رہے گا کہ آیا اس وبا کو عالمی وبا قرار دیا جائے یا نہیں۔’

عالمی سطح پر صورتحال کیا ہے؟

Coronavirus global map 2 March 2020

اب تک اس وائرس سے دنیا کے 70 ممالک میں تقریباً 90 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق چین کے صوبے ہوبائی سے ہے جہاں سے یہ پھیلا ہے۔

8800 متاثرہ افراد کا تعلق دیگر ممالک سے ہے جبکہ اس وائرس سے متاثرہ 81 فیصد افراد کا تعلق چین، جنوبی کوریا، اٹلی اور جاپان سے ہے۔ چین کے علاوہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا ملک اٹلی ہے، جہاں گذشتہ روز ہلاکتوں کی تعداد 34 سے بڑھ کر 52 ہو گئی ہے۔ جبکہ 1835 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایران میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی ہے۔

جنوبی کوریا میں بھی اس وائرس سے مزید دو ہلاکتوں کے ساتھ کل ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں اس وائرس سے 4000 افراد متاثر ہیں۔

امریکہ میں صحت حکام کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوا ساز اداروں کو اس وائرس کے خلاف ویکسین تیاری میں تیزی لانے کے لیے کہا ہے۔

برطانیہ میں بھی 39 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ وزیر اعظم بورس جانسن نے اس وائرس سے مزید افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

فرانس میں بھی گذشتہ روز 61 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی اور ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 191 تک پہنچ گئی۔ پرتگال، آئس لینڈ، اردن، تنظانیہ، ارمینیا، لاٹویا، سنیگال اور اندورا میں بھی پیر کو کورونا وائرس سے متاثرہ پہلے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

جبکہ قطر، ایکواڈور، لیگزمبرگ،چیک ری پبلک اور ائرلینڈ میں اتوار کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ پہلے کیس کی تصدیق کی گئی۔

امراض کے قابو کے حوالے سے یورپی ادارے یورپین سنٹر فار ڈیزز کنٹرول نے اس بات کی تصدیق کی کہ یورپی یونین میں اس وائرس سے خطرے کی حد کو ‘اعتدال پسند’ سے بڑھا کر ‘بلند’ کر دی گئی ہے۔

کورونا وائرس کووڈ-19 کتنا مہلک ہے؟

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وائرس خاص طور پر 60 سال سے زیادہ عمر والوں کو اور ان افراد کو زیادہ متاثر کرتا ہے جو پہلے ہی بیمار ہیں۔ چین میں 44000 سے زیادہ واقعات کے پہلے بتجزیے میں درمیانی عمر کے مقابلے میں انتہائی عمر رسیدہ افراد میں اموات کی شرح 10 گنا زیادہ تھی۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مریضوں میں اس بیماری کی صرف ہلکی علامات ہوتی ہیں اور اموات کی شرح دو فیصد سے پانچ فیصد کے درمیان ہوتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp