عمران خان کا حکومتی کریک ڈاؤن کے خلاف کارکنوں کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان


\"imran-khan\"

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے حکومتی کریک ڈاؤن کے خلاف کارکنوں کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم کرپشن کے جرم میں پکڑا گیا ہے اس پر احتجاج اپوزیشن کا جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن ہمارے کارکنوں کو گرفتار اور اغوا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کس قانون کے تحت ہمارے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، لوگوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، نواز شریف کی جمہوریت سے تو پرویز مشرف کی آمریت بہت بہتر تھی، نواز شریف کی جمہوریت کے لبادے میں بھیڑیا چھپا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے 30 سال سے قوم کو بے وقوف بنا رکھا ہے، یہ دونوں بھائی منافق ہیں اور انہیں صرف اپنا پیسہ بنانے کی فکر ہے، آصف زرداری منافق نہیں تھا وہ جیسا تھا ویسا ہی تھا جب کہ ان دونوں بھائیوں کا مقصد اقتدار میں رہ کر پیسا بنانا اور پھر اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے اداروں کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے حکومتی کریک ڈاؤن کے خلاف کارکنوں کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیں گرفتار کر لے لیکن جب ہم باہر آئیں گے تو پھر سے سڑکوں پر آ جائیں گے، نواز شریف 2018 کی باتیں کر رہے ہیں لیکن وہ ابھی بہت دور ہے، 2018 سے پہلے بہت کچھ ہو گا۔ سپریم کورٹ ہمارے کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں پر ازخود نوٹس لے، یہ ہمارا نہیں بلکہ اس ملک کی عدلیہ کا ٹرائل ہو رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے گورنر راج لگایا تو صوبے کی عوام خود اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کرپشن کی بات کرتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آنے لگ جاتی ہے لیکن اب حکمران عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے اور ان کا احتساب ہو کر رہے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments