جیو ٹی وی کی شرائط کو ٹھوکر مارتا ہوں: خلیل الرحمان قمر نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا


نجی انٹر ٹینمنٹ چینل جیو اور سیونتھ سکائی انٹر ٹینمنٹ نے شرط عائد کی تھی کہ اگر خلیل الرحمان قمر ایک ٹی وی چینل شو میں استعمال کی گئی غیر مہذب زبان پر معافی نہیں مانگیں گے تو پھر ان کے ساتھ چار ڈراموں اور ایک فلم سکرپٹ کا معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔ اب اس معاملے پر خلیل الرحمان قمر نے اپنا بیان جاری کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق خلیل الرحمان قمر نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیوانٹر ٹیمنٹ کی جانب سے کنٹریکٹ منسوخ کیے جانے کے آفیشل بیان کا جواب ہے جو کہ چاہتے ہیں کہ میں چند غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی فیمنسٹ کے شرمناک سلوگنز اور مذموم مقاصد کو تقویت بخشنے کیلئے ان سے معافی مانگوں۔ خلیل الرحمان قمر نے لکھا ہے کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے اپنے نیک مقصد کیلئے قربانی دینے کا موقع ملا اور میں اپنے آپ کو اللہ کی مرضی کے مطابق پیش کروں۔ اس لیے میں جیو کے ساتھ کنٹریکٹ کو فی الفور منسوخ کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور اپنے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اپنی آنے والی زندگی میں کبھی اس چینل کے ساتھ کام نہیں کروں گا ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جیو انٹر ٹیمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ ایک غیر خصوصی معاہدہ ہے جو کہ خلیل الرحمان قمر نے دیگر چینلز کے ساتھ بھی کر رکھا ہے۔ جیو خیالات کے تبادلے پر یقین رکھتا ہے۔ ہم جیو اور جینے دو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہر کسی کو اپنی بات کرنے کا حق ہے۔ اس طرح کے مباحثے شائستہ انداز میں ایک دوسرے کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے کیے جانے چاہئیں۔ خلیل الرحمان قمر نے نہ صرف ایک خاتون کو گالیاں دیں بلکہ اپنی غلطی پر معافی مانگنے سے بھی انکار کیا اس لیے جیو کی انتظامیہ نے ان کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments