آج بنی گالہ جاکر عمران کو آزاد کرانے کا اعلان :روکا تو باغی ہو جائینگے:پرویز خٹک


\"tahreek-insaf\"

نوشہرہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں بنی گالا جانے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی، عدلیہ آزاد ہے ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن وفاقی حکومت نے خود عدالت کی توہین کی اور راستے بند کئے۔ ہم آج بنی گالا سے عمران کو نکال کر آزاد کرا دیں گے اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم باغی بن جائیں گے۔ یہ ملک کرپشن اور لوٹ مار کیلئے نہیں بنا، نواز شریف سب سے بڑا چور جبکہ اسفندیار ولی سب سے بڑا ڈاکو ہے ان لوگوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور آج پاکستان کھربوں روپے کا مقروض ہے ہم نے خیبر پی کے سے لوٹ مار اور کرپشن کو ختم کیا جبکہ وفاقی حکومت نے کرپشن سے ملک کھوکھلا بنا دیا۔ عمران پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جو لوٹ مار اور کرپشن کے خلاف نکلے ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے کیونکہ کرپشن لوٹ مار سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانکی شریف میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اسلام آباد میں نہتے عوام پر پولیس کا لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا حق ہے جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ نواز شریف یا اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کریں یا مستعفی ہو جائے کیونکہ قوم کرپٹ وزیراعظم کو برداشت نہیں کر سکتے اس لئے اس ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کے خاتمے کیلئے جو مہم شروع کر رکھا ہے اس میں پوری قوم ہمارے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ ہم آج دس بجے صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد بنی گالا جائیں گے اور دو نومبر کو ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ عوام کے سمندر کو کوئی نہیں روک سکتا کسی نے بھی رکاوٹ ڈالی تو ذمہ داری ان پر ہو گی۔ کسی میں جرات نہیں کہ عمران خان کے بال کو بھی نقصان پہنچا سکے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمیں روکا گیا تو خیبر پی کے میں کوئی جلسہ نہیں کر سکے گا۔ اسفندیار کہتا ہے کہ میرا وطن افغانستان ہے۔ ان سے پوچھتا ہوں کہ اپنے وطن کب واپس جاؤ گے۔ نثار پولیس کا سہارا نہ لو، ہمت ہے تو خود سامنے آؤ۔ شہباز شریف ہم آ رہے ہیں تم روک کر دکھاؤ۔ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آج صبح دس بجے پورے صوبے سے تحریک انصاف کے لاکھوں کارکنوں کا بہت بڑا جلوس صوابی انٹرچینج سے میری قیادت میں بنی گالہ پہنچے گا۔ نواز شریف نے خیبر پی کے کو ملک سے جدا کر کے آئین اور قانون میں عمران کیلئے اسلام آباد بند کرنے کی گنجائش پیدا کر دی ہے۔ ان لوگوں نے اپنی چوری چھپانے کیلئے صوبے کو بند کیا، زندگی کو مفلوج کیا اور پورے پاکستان کو یرغمال بنا کر رکھ دیا اگر یہ سب کچھ آئینی اور قانونی ہے تو عمران خان کی اسلام آباد بند کرنے کی کال کیسے غیرآئینی اور غیرقانونی ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزارت داخلہ نے خیبر پی کے کے محکمہ داخلہ کے سینئر افسروں سے رابطہ کرتے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ مسلح جتھا آنے پر اسلام آباد داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اسلحہ، احتجاجی کارکنوں کو اس طرح داخلے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک آج خود اسلام آباد آنا چاہیں تو مکمل سکیورٹی، پروٹوکول دیں گے۔ جتھے کے ساتھ آنے پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو احتجاجی افراد کے ساتھ تصور کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments