Coronavirus: سعودی عرب میں مسجدالحرام کے مطاف کو صفائی کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا، سوشل میڈیا صارفین پریشان


سعودی حکومت نے گذشتہ روز سعودی عرب میں مسجد الحرام کے مطاف اور مسجد نبوی کو کورونا وائرس کے انفکیشن سے بچاؤ کے لیے صفائی کی غرض سے بند کر دیا تھا لیکن اب اسے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ تاہم اس دوران مسجدالحرام کے بالائی منزل پر طواف کی اجازت تھی۔

خلیجی نیوز اور سعودی عرب کے نجی نیوز چینلز کے مطابق خانہ کعبہ سے متصل صحن کو عازمین سے خالی کروا لیا گیا اور نماز عشا سے فجر کی نماز تک اسے بند رکھا گیا۔

سعودی عرب نے پہلے ہی مسلمانوں کے مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن کورونا وائرس سے متعلق خدشات کے پیشِ نظر اب اس پابندی میں سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس: ایران کا کرنسی نوٹوں کا استعمال کم کرنے پر زور

کیا سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسین ایجاد کر پائیں گے؟

کورونا سے متعلق چند بنیادی سوالات اور ان کے جواب

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تقریباً 25 ممالک کے غیر ملکیوں اور روایتی سیاحوں کے لیے ان مقامات کو بند کر دیا۔ ساتھ ہی خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے شہریوں اور باشندوں کو ہدایات دی ہیں کہ اگر وہ سعودی عرب میں داخل ہونا چاہتے ہیں اور انھوں نے خطے سے باہر کسی ملک کا دورہ کیا ہے، تو انھیں 14 دن انتظار کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔

ایک دن پہلے عشا کی نماز کے بعد خانہ کعبہ سے متصل صحن کو زائرین سے خالی کر کے بند کردیا گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں مطاف میں ہونے والا ’طواف‘ رک گیا۔

مفتی فاروق القادری نے مشورہ دیا ہے کہ مسجد الحرام کو بند کرنے کے بجائے صحت کے بارے میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ زائرین کو مقدس مقامات تک واپس جانے کی اجازت کب ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ردِعمل:

مسجد الحرام کے مطاف اور مسجد نبوی کو کورونا وائرس کے انفکیشن سے بچاؤ کے لیے صفائی کی غرض سے بند کرنے کی خبر پر دنیا بھر میں سوشل میڈیا صارفین کافی پریشان نظر آئے۔

https://twitter.com/hxhassan/status/1235585139784245250?s=20

حسن نامی صارف نے زائرین سے خالی خانہ کعبہ کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا ’کبھی سنا بھی نہیں تھا۔۔ مکہ مکرمہ میں طواف والی جگہ مکمل طور پر خالی ہے۔‘

عالقہ حیدر نامی صارف دیگر صارفین کو نصیحت کرتی نظر آئیں کہ ’خلیل الرحمٰن قمر اور ماروی سرمد کی لفظی جنگ سے باہر نکلیں،بحیثیت مسلمان ہمیں استغفار کرنے کی ضرورت ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے پہلی بار مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف روک دیا گیا۔‘

متعدد صارفین بھرے ہوئے خانہ کعبہ کی تصاویر کے ساتھ گذشتہ روز کی تصاویر شئیر کرکے دونوں کا موازنہ کرتے بھی نظر آئے۔

اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے علشبہ بخاری کہتی ہیں ’بچپن میں سنتے تھے جب خانہ کعبہ کا طواف رک جائے گا تو قیامت برپا ہو جائے گی۔‘

https://twitter.com/skekimi/status/1235660165451522048?s=20

کئی صارفین مسجدِ نبوی اور خانہ کعبہ میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر کم رش والی تصاویر شئیر کرتے اور اس پر افسوس کا اظہار کرتے بھی نظر آئے۔ جبکہ کچھ لوگوں نے وہاں ہونے والی صفائی کی ویڈیوز بھی شئیر کیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp