میرا جسم، کس کی مرضی؟


”میرا جسم میری مرضی؟ “

کس قدر غلیظ نعرہ ہے یہ اس کی ہمارے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں کیونکہ

وہ جب کل میں آفس سے واپسی پر سڑک کراس کر رہی تھی تو موٹر بائیک پہ گزرتے جس لڑکے نے میرے کولہے پہ اپنا دست مبارک مہارت سے دھر دیا تھا

”میرا جسم اس کی مرضی! “

اور وہ جو بازار میں اس دن بھیڑ دیکھتے ہوئے وہ آدمی ایک فخریہ مُسکراہٹ کے ساتھ اپنا کندھا دانستہ طور پر میرے کندھے سے مسلتا گیا تھا

”میرا جسم اس کی مرضی“

یار! شادی کے وقت میری مرضی نہیں پوچھی گئی تھی مگر خیر اب بستر پر تو؟

نہیں!

”میرا جسم اس کی مرضی“

پتا ہے کل کھانے میں نمک تھوڑا زیادہ ہوگیا تھا!

ارے تو پھر؟

نہیں نہیں ں سب ٹھیک ہے، ہڈی تو نہیں ٹوٹی!

ویسے بھی

”میرا جسم اس کی مرضی“

میں نے تمہیں صاف بتایا تھا کہ تم کمزور ہو اور پچھلی زچگی کے بعد تمہارا جسم ایک اور حمل کی بالکل بھی اجازت نہیں دیتا! کیا تم نے یہ بات اپنے شوہر کو نہیں بتائی؟

وہ کہتے ہیں میں کوئی انوکھی نہیں جو بچہ جن رہی ہوں سب عورتوں کا یہی کام ہے!

وہ تو ٹھیک ہے مگر اس وقت تمہارا جسم۔

”میرا جسم اس کی مرضی“

یاد ہے جو 13 سالہ بچی دو دن پہلے محلے سے گم ہو گئی تھی؟ اور اس کی لاش کچرے سے ملی تھی!

کل رات میرے خواب میں آئی تھی کہہ رہی تھی

”میرا جسم اس کی مرضی! “

ارے دروازہ لاک کر دو مجھے ڈر لگ رہا ہے!

کیا ہوا؟

یار محلے کے اس لڑکے نے بہت تنگ کر رکھا ہے کئی بار بے عزت کیا ہے کہتا ہے میں انکار سننے کا عادی نہیں! اب تو وہ دھمکیاں دے رہا ہے کے میں باہر نکلی تو مجھ پہ تیزاب پھینک دے گا!

تو کیا تم گھر میں ہی قید ہو جاؤ گی؟

ہاں! کیونکہ

”میرا جسم اس کی مرضی“

میرا جی چاہ رہا ہے ایک تھپڑ لگاؤں اور پوچھوں کہ کیا گھور رہا ہے؟

ہاں مگر وہ تم نے جینز کیوں پہن رکھی ہے؟

مطلب؟ میں اس میں کمفرٹیبل تھی اس لیے!

ارے اب تم نے اگر جینز پہن لی تو اب

”تمہارا جسم اس کی مرضی“

مگر امی میں ابھی پڑھنا چاہتی ہوں میں شادی کے لیے تیار نہیں ہوں

ارے آہستہ بولو کیا کرنا ہے پڑھ کے؟ اپنے گھر کی ہو اپنا گھر سنبھالو۔ ویسے بھی تمہارے ابا نے زبان دے دی ہے اور اب تم ان کی بے عزتی کرواؤ گی کیا؟

نہیں امی!

”میرا جسم ان کی مرضی“

موٹی ہوگئی ہو

ارے اتنا وزن بڑھا لیا

بس کرو کتنی ڈائیٹنگ کرو گی؟

چہرے سے نور ہی ختم ہوگیا

کون شادی کرے گا تم سے؟

رنگ تھوڑا پھیکا ہے بچی کا!

ارے ہائٹ تو بہت کم ہے!

میرے بیٹے کو تو پتلی لڑکیاں پسند ہیں

تھوڑا وزن گھٹا لو

دیکھو لڑکی کو تو خوبصورت ہی ہونا چاہیے!

جی بہتر!

”میرا جسم سب کی مرضی“

تم گھر بتا کیوں نہیں دیتی کہ تم کسی کو پسند کرتی ہو؟

ارے پاگل ہو کیا؟ آہستہ بولو

بھائی نے سن لیا تو مجھے زندہ جلا دے گا!

میرا بھائی بہت غیرت مند ہے نا!

اس لیے

”میرا جسم اس کی مرضی“

میرے پیدا ہونے پر گھر میں بہت شور ہو رہا تھا

اماں بستر پر پڑی گھبرائے جاتی تھی

باہر سے کچھ لوگوں کی آوازیں سنتی تھی اور مجھے سینے میں زور سے چھپا رہی تھی!

اتنی دیر میں ابا کمرے میں آئے اور مجھے مانگا!

اماں نہیں دے رہی تھی ابا نے مجھے کھینچا تو میں سمجھی کہ شاید دونوں مجھسے اتنی محبت کرتے ہیں کے میرے لیے آپس میں جھگڑ رہے ہیں!

اماں اونچا اونچا رونے لگی تو ابا مجھے لے کر باہر آ گئے!

میں انتظار کر رہی تھی ک ابھی میرے چیرے سے کپڑا ہٹائیں گے اور کہیں گے ماشا اللہ مگر میرے چہرے پر ناجانے بابا مٹی کیوں ڈالنے لگے؟

میں نے تو میرا جسم میری مرضی بھی نہیں کہا تھا!

لڑکی بناتے ہوئے مجھ سے تو نہیں پوچھا گیا تھا!

”میرا جسم تو خُدا کی مرضی تھا“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments