سرسبز ماحول دوست، پاکستان بحریہ


شجر کاری نا صرف سنتِ رسول ﷺہے بلکہ ما حول کو خوبصورت اور دلکش بھی بناتی ہے، ہرے بھرے درخت پروردگار کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک ہیں، سر سبز ماحول قدرت کا ایک اور بہترین تحفہ ہے، جس کے بے شمار فائدے ہیں، جب ہی مالک کائنات بار بار کہتا ہے کہ اور تم میری کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔

شجرکاری کے ذریعے نہ صرف سرسبز و شاداب ماحول ملتا ہے، بلکہ انسانوں، جانوروں اور پرندوں کو تروتازہ آکسیجن بھی ملتی ہے، اس سے جسمانی صحت و ذہنی نشوونما تو بہتر ہونے کے ساتھ معاشی و معاشرتی فوائد کا حصول بھی ممکن ہے، معاشی فوائد کا ذکر کریں تو درختوں سے حاصل ہونے والے پھل، پتے اور لکڑی انسان کی عذا اور کاروبار کے لئے سود مند ثابت ہوتی ہے، یہ اشیا ادویات بنانے کے بھی کام آتی ہیں۔

جس طرح زمینی حیات کی بقا کے لئے شجر کاری کا سلسلہ جاری رکھنا حد ضروری ہے، اسی طرح سمندری حیات کے تحفظ و افرائش نسل کے لئے مینگروز کے درخت بہت اہم ہیں، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مینگروز کے درخت کیوں اور کس لئے اہم ہیں؟

مینگروز ہسپانوی زبان کا لفظ ہے۔ اسے اردو میں ’تمر‘ کہا جاتا ہے۔ ان میں آکسیجن فراہم کرنے کی بھی صلاحیت ہوتی ہے۔

مینگروز کے درخت سمندر اور ساحل کے لیے محافظ کا کام کرتا ہے، اس درخت کی جڑیں ساحل کی دلدلی زمین میں آکسیجن خارج کرتی ہیں جو سمندری حیات کے لئے بہت فائدے مند ہے۔

مینگروز کی نرم جڑوں میں جھینگے اور مچھلیاں انڈے دیتی ہیں، انڈوں سے نکلنے والے بچے مینگروز کی جڑوں سے آکسیجن اور خوراک حاصل کرتے ہیں۔

مینگروز کی یہی جڑیں سمندر اور ساحل کے درمیان ایک مضبوط جالی کی دیوار کی حیثیت رکھتی ہیں کہ یہ سمندر کو ساحل کی طرف اور ساحل کو سمندرکی جانب آگے بڑھنے سے روکتی ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ مینگروز کے درخت سمندری طوفانوں اور سونامیوں کے روک تھام کے لئے بھی اہم ہیں۔

پاکستان نیوی ملک کے دفاع کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے بھی متحرک ہے، جبکہ سمندری حیات کی بقا کے لئے بھی فکرمند ہوکر اس کے سدباب کے لئے کوشاں ہے، اسی لئے پاک بحریہ کے جوان ساحل سمندر کی صفائی، سمندری حیات کی بقا کے اقدامات سمیت صحت مند ماحول کو یقینی بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ پاک بحریہ نے گزشتہ تین سالوں کے دوران ساحلی پٹی میں مینگرووزکے چالیس لاکھ ( 400,00,00 ) پودے اُگائے اور پاکستان بھر میں واقع پاک بحریہ کی یونٹس نے سات لاکھ ( 700,000 ) درخت لگائے ہیں۔

2020 میں بھی پاک بحریہ شجرکاری مہم کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

رواں سال پاکستان نیوی 1.41 ملین عام درخت جبکہ تین ملین مینگروز درخت لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پاکستان نیوی نے سمندری حیات کے بقا کے لئے سال 2016 سے اب تک 4 ملین سے زائد مینگرووز کے پودے لگائے ہیں

جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کی شراکت داری کے ذریعے سے ایک دن میں زیادہ سے زیادہ مینگروز شجر کاری کا عالمی ریکارڈ بھی بنا چکی ہے۔

زمینی حیات کی بقا کے لئے شجرکاری مہم قدرت سے تعلق مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے بالکل اسی طرح مینگروز سمندری حیات کی افرائش موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ سنت نبی پر عمل کرتے ہوئے سال میں دو بار شجرکاری مہم کا حصہ بنتے ہوئے کم از کم ایک درخت ضرور لگائیں اور اس کی نگہداشت کے لئے تھورا سا وقت نکال کر نہ صرف قدرتی ماحول کے دوست بن جائیں بلکہ اللہ سے اپنا تعلق مزید پائیدار کرلیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments