ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: لاہور میں بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر


تصویر

پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے 25ویں میچ میں آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر موجود ٹیم ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدِ مقابل ہیں۔

اس وقت ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس سے ان کی پوزیشن میں تو کوئی فرق نہیں آئے گا لیکن کوئٹہ کے اگلے راؤنڈ میں جانے کے امکانات ضرور کم ہو جائیں گے۔

پوائنٹس ٹیبل پر سرِ فہرست ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے جانے والے پانچ میچوں میں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تین جبکہ ملتان سلطانز کو دو میں فتح حاصل ہوئی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں اس سے قبل یہ دونوں ٹیمیں ملتان سلطانز کے ہوم گراؤنڈ پر مدِ مقابل آئی تھیں جہاں ملتان نے کوئٹہ کے خلاف 30 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ اس میچ میں ملتان سلطانز کے رائلی روسو کی اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف عمدہ سنچری نمایاں رہی تھی۔

اب تک اس ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپیئن کوئٹہ کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک آٹھ میچ کھیلے ہیں جن اسے تین میں فتح اور پانچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کی پرفارمنس انتہائی اچھی رہی ہے اور اس نے اب سات میں سے پانچ میچوں میں فتح حاصل کی ہے، ایک ہارا ہے اور ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سکواڈ: سرفراز احمد (کپتان)، جیسن روئے، شین واٹسن، احمد شہزاد، اعظم خان، ، بین کٹنگ، محمد نواز، سہیل خان، محمد حسنین، فواد احمد، زاہد محمود، عبدالناصر، کیمو پال، نسیم شاہ، ٹائمل ملز، خرم منظور، عریش علی خان۔

ملتان سلطانز کا سکواڈ: شان مسعود (کپتان)، شاہد آفریدی، رائلی روسو، معین علی، عمران طاہر، خوشدل شاہ، محمد الیاس، محمد عرفان، شہیل تنویر، ذیشان اشرف، روی بوپار، جیمز ونس، عثمان قادر، روحیل نظیر، وین میڈسن، جنید خان، بلاول بھٹی، فیبین ایلن، علی شفیق۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp