کورونا وائرس کا شکار برازیل کے اعلی اہلکار کی امریکی صدر سے ملاقات


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کرنے والے برازیل کے ایک اعلی سرکاری اہلکار کے برازیل واپس پہنچنے پر کیا جانے والے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے برازیل کے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ فیبیو وجنگارٹن جو برازیل کے صدر جار بوسونارو کے کمیونیکشن کے سربراہ ہیں وہ ایک سرکاری وفد کے ساتھ امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مارا لاگو کی ساحلی تفریحی قیام گاہ پر ملے تھے۔

برازیل واپس پہنچنے پر ان میں نزلے کی علامات پائی گئیں جس پر ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ اس وفد کے شرکا نے ہفتے کو صدر ٹرمپ کے عشائیے میں شرکت کی تھی اور اس میں وجنگارٹن شامل تھے۔

اخباری اطلاعات کے مطابق وجنگارٹن کی طرف سے ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے البتہ ان کے ہمراہ فلوریڈا جانے والے کئی اور سرکاری عہدے داروں کے بھی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے وجنگارٹن نے اپنے ٹوئٹراکاونٹ پر ایک تصویر لگائی تھی جس میں وہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس کے ساتھ کندھے سے کندھا لگا کر کھڑے دکھائی دیئے۔ اس تصویر میں صدر ٹرمپ نے بیس بال کی ٹوپی پہن رکھی ہے اور اس پر لکھا ہے کہ ‘برازیل کو دوبارہ عظیم بنائیں’۔

یہ بات واضح نہیں ہے کہ یہ تصویر کب لی گئی تھی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اس برازیل وفد کو دیئے گئے اس عشائیے میں صدر ٹرمپ کی بیٹی ایونکا ٹرمپ اور دامد جراڈ کشنر بھی شامل تھے۔

برازیل میں جمعرات تک کورونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والے تہتر مریضوں کی تصدیق ہو چکی تھی جن میں نو سو تیس افراد ایسے بھی ہیں جن کے بارے میں یہ شبہہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں بھی کورونا وائرس نے جکڑ لیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp