کورونا وائرس: کیا آپ کو خود ساختہ تنہائی میں رہنے کی ضرورت ہے؟


قرنطینہ

کورونا وائرس سے بچاؤ اور دوسروں کو اس کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے لوگ خود ساختہ طور پر تنہائی اختیار کر رہے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ خود ساختہ تنہائی کے بارے میں آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے اور آپ اپنے آپ کو کیسے خود ساختہ طور پر تنہا کر سکتے ہیں؟

خود ساختہ تنہائی ہے کیا؟

خود ساختہ تنہائی کا مطلب ہے کہ آپ اپنے آپ کو دنیا بھر سے الگ کر لیں۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطابق آپ کو گھر پر رہنا ہو گا، آپ دفتر، سکول یا عوامی مقامات پر نہیں جا سکتے اور آپ ٹیکسی یا پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر نہیں کر سکتے۔

‘عام فہم’ اقدامات میں ایک ہوادار کمرے میں رہنا شامل ہے جس کی کھڑکیاں کھل سکیں۔ اس کے علاوہ آپ کو گھر کے باقی لوگوں سے دور رہنا ہو گا۔

اگر آپ کو سودا سلف، ادویات یا دیگر سامان کی ضرورت ہو تو کسی کی مدد حاصل کریں۔

دوستوں، خاندان والوں یا سامان پہنچانے والے ڈرائیور کی مدد سے سامان حاصل کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

لیکن پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے مطابق آپ کے ہاں مہمان نہیں آ سکتے۔ سامان دروازے کے نیچے سے سرکایا جا سکتا ہے۔ اگر سامان وزنی ہے تو دینے والے کو سامان دروازے پر رکھ کر جانا ہو گا۔ آپ ان سے نہیں مل سکتے۔

کورونا وائرس

کورونا سے متعلق چند بنیادی سوالات اور ان کے جواب

پہلے سے بیمار افراد کورونا وائرس سے کیسے بچیں؟

کورونا وائرس: ان چھ جعلی طبی مشوروں سے بچ کر رہیں

کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچیں؟


کیا آپ کو خود سے تنہا ہونے کی ضرورت ہے؟

جس بھی شخص کو نزلے یا زکام کی طرح کی علامات ہیں اور 100.4 فارن ہائیٹ سے زیادہ بخار ہے یا کافی عرصے سے کھانسی کی شکایت ہے تو انھیں کم از کم سات دن تک گھر پر رہنا چاہیے۔

متاثرہ علاقے سے سفر کر کے آنے والے افراد جو کورونا وائرس کے شکار افراد کے قریب رہے ہوں، انھیں 14 دن تک قرنطینہ میں رہنے کو کہا گیا ہے۔

کورونا وائرس

کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ چھ فٹ سے کم فاصلے پر 15 منٹ گزارنا یا آمنے سامنے آنے کا مطلب ہے کہ آپ وائرس زدہ شخص کے قریب تھے اور یہ ایک بڑا خطرہ ہے۔

مشترکہ گھر اور خود ساختہ تنہائی، کیسے؟

اگر آپ نے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور گھر کا کچن مشترکہ ہے تو ایسے اوقات میں کچن استعمال کرنے سے گریز کیجیے جب گھر کا دوسرا فرد وہاں موجود ہو۔ کھانا اپنے کمرے میں لے جا کر کھائیے۔ گھر میں موجود تمام سطحوں کو گھریلو صفائی ستھرائی کی مصنوعات سے روزانہ صاف کریں۔

کورونا وائرس

اگرچہ آپ کے لیے یہ ممکن نہیں ہو گا کہ آپ مکمل طور پر اپنے آپ کو گھر والوں یا ساتھ رہنے والوں سے الگ کر سکیں لیکن ہر ممکن کوشش کریں کہ کم سے کم آمنا سامنا ہو۔

ساتھ رہنے والوں سے کم از کم چھ فٹ کا فاصلہ رکھیں اور الگ سوئیں۔ ایسے افراد سے دور رہیں جن میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہو۔

ایسے افراد جو خود ساختہ تنہائی میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ رہتے ہیں، انھیں اپنے ہاتھ صابن اور پانی کے ساتھ باقاعدگی سے کم از کم 20 سیکنڈ کے لیے دھونے چاہییں۔

آپ کو خود ساختہ تنہائی میں رہنے والے افراد کے تولیے،ضرورت کی اشیا استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہییے۔ ان کے لیے الگ بیت الخلا ہونا چاہیے۔

اگر ایسا ممکن نہیں ہے تو خود ساختہ تنہائی میں رہنے والے شخص کو سب سے آخر میں بیت الخلا استعمال کرنا چاہیے اور استعمال کے بعد اسے اچھی طرح سے صاف کرنا چاہیے۔

خود ساختہ تنہائی میں رہنے والے شخص کا کچرا دو تھیلوں میں ڈال کر رکھ دیا جائے۔ اگر ان کا ٹیسٹ مثبت میں آتا ہے تو حکام آپ کو بتائیں گے کہ ان کے کچرے کے ساتھ کیا کرنا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp