پشاور: میرے شوہر ٹک ٹاک ڈیڈی بن گئے ہیں، گھر کے اخراجات ادا نہیں کر رہے


ٹک ٹاک ڈیڈی

پشاور میں ایک خاتون نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کے شوہر خود اور اپنے بچوں کو ٹک ٹاک کی ویڈیوز بنا کر مصروف رکھے ہوئے ہیں جبکہ گھر کے اخراجات ادا نہیں کر رہے۔ یہ خاتون اس شخص کی تیسری بیوی ہیں اور اپنے خاوند کو ’ٹک ٹاک ڈیڈی‘ کہتی ہیں۔ اب انھوں نے پشاور کی ایک فیملی کورٹ میں حق مہر اور خرچے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ ان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے شوہر نے چار شادیاں کی ہیں اور ان کے 13 بچے ہیں۔

ٹک ٹاک نوجوانوں میں مقبول ایک سوشل میڈیا موبائل ایپ ہے جس پر لوگ ہر طرح کی مزاحیہ اور سنجیدہ ویڈیوز لگاتے ہیں۔ خاتون کے وکیل سیف اللہ محب کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے شوہر ٹک ٹاک کے شوقین ہیں اور وہ اپنی ویڈیوز اس پر اپ لوڈ کرتے رہتے ہیں۔ خاتون نے اپنے خاوند پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنے دو بچوں کو بھی اسی کام پر لگائے رکھتے ہیں جس سے بچوں کی تعلیم بُری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے شوہر کا نام وحید مراد ہے اور وہ خود کو وحید مراد کی طرح ’چاکلیٹی ہیرو‘ سمجھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے شوہر نے چار شادیاں کی ہیں۔ خاتون کے مؤقف کے مطابق ان کے خاوند نے چوتھی بیوی ٹک ٹاک پر ہی تلاش کی تھی۔ خاتون کے مطابق دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے جبکہ دو بچے شوہر کے پاس ہیں اور دو بچے ان کے (خاتون) کے پاس ہیں۔ انھوں نے باقی دونوں بچوں کو بھی اپنی تحویل میں لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر طریقے سے پرورش کر سکیں اور بچوں کو ایک اچھا شہری بنا سکیں۔

انھوں نے درخواست میں کہا ہے کہ ان کے والد نے اپنے بچوں کو بھی ٹک ٹاک کا عادی بنا دیا ہے جس وجہ سے وہ بھی ’ٹک ٹاک بچے‘ بن گئے ہیں۔ خاتون نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ جو بچہ ٹک ٹاک نہیں استعمال کرتا، والد انھیں اپنے ساتھ نہیں رکھتے اور اس کے علاوہ وہ بیوی بچوں کو خرچہ بھی نہیں دیتے۔ اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی سکول فیس بھی ادا نہیں کی گئی جس وجہ سے انھیں اس مرتبہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی جبکہ جس مکان میں وہ رہتی ہیں اس کا کرایہ بھی ادا نہیں ہوا جس کی وجہ سے مکان مالک نے انھیں نوٹس بھیج رکھا ہے۔

سول جج سمیع اللہ خان نے عدالت میں ابتدائی سماعت کے بعد اگلی تاریخ 2 اپریل مقرر کی ہے جس میں خاتون کے شوہر کو طلب کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp