پنجاب پولیس کی زہریلی آنسو گیس سے ہمارے 2 کارکن جاں بحق ہوئے، شاہ محمود قریشی


\"shah-mahmood-qureshi\"

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پنجاب پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ نے دوسرے صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ پر حملہ کروایا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی سربراہی میں آنے والے پی ٹی آئی کے قافلے پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا تشدد غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی توجہ اس جانب دلانا چاہتا ہوں کہ پنجاب پولیس کے زائد المعیاد زہریلی آنسو گیس شیل سے تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، آپ نے بربریت اور ظلم کی جو داستان رقم کی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی، آپ نے آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے، خدارا اپنا رویہ تبدیل کرلیں، ایسا ظلم تو آمرانہ ادوار میں بھی کبھی ہوتے نہیں دیکھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ پولیس کو خواتین کا احترام کرنے کے حوالے سے خصوصی احکامات دیئے ہیں، ہماری سابق سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس کو گرفتار کیا گیا اور انہیں زدو کوب کیا گیا اور جس طریقے سے اٹھا کر انہیں پولیس وین میں پھینگا گیا ہمارے معاشرے میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ پر دوسرے صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ نے اپنی پولیس کے ذریعے حملہ کروایا ہے، ہمارے پاس کوئی سرکاری وسائل نہیں تھے لیکن وفاق اور پنجاب حکومت نے پوری ریاستی مشینری کو استعمال کیا۔ پولیس کے وسائل ہمارے پاس بھی ہیں لیکن ہم لڑنے کے لئے نہیں بلکہ اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے آ رہے ہیں، شہباز شریف نے پرویز خٹک سے کہا کہ آپ آجائیں لیکن واضح کردوں کہ پرویز خٹک اکیلے نہیں آئیں گے، وہ صوبے کی عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments