نہ یورو 2020، نہ ڈزنی لینڈ، نہ نئی فلمیں: کیا کھیل اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا کورونا بحران برداشت کر پائے گی؟


ڈزنی پارک

رواں برس فٹبال سیزن کے وسط میں کھیل کے تقریباً سبھی مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

منسوخ ہونے والا تازہ ترین ٹورنامنٹ یورو 2020 ہے۔ یورپ میں فٹبال کی نگران تنظیم یوئیفا نے 17 مارچ کو اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ کو ایک سال کے ملتوی کیا جا رہا ہے۔

اس اعلان کا کھیلوں سے جڑی معیشت پر کافی زیادہ اثر ہو گا۔ سنہ 2016 میں فرانس کی میزبانی میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ سے یوئیفا کے مطابق مقامی معیشت کو 1.3 ارب ڈالر کا فائدہ ہوا تھا۔

اور کورونا وائرس کی وجہ سے صرف فٹبال ہی متاثر نہیں ہوا۔ بہت سے کھیلوں کے ٹورنامنٹ یکے بعد دیگرے منسوخ کیے جا رہے ہیں۔

امریکہ میں باسکٹ بال کی لیگ این بی اے، آئس ہاکی کی لیگ این ایچ ایل کے تمام مقابلے روک دیے گئے ہیں۔ فرانس میں ٹینس کا ٹورنامنٹ فرنچ اوپن، ایف ون ریسز سمیت تمام بڑے مقابلے اس سال نہیں ہوں گے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس سے ٹوکیو 2020 اولمپکس بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کینیڈا کا اولمپکس گیمز 2020 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

کھلاڑی میں کورونا کا خدشہ، پی ایس ایل کے بقیہ میچ ملتوی

دس سال پرانی فلم میں کورونا جیسی بیماری کا ذکر کیسے آیا؟

کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کے علاوہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا، میوزک فیسٹیولز، اور مذہبی اجتماع سبھی درہم برہم ہو گئے ہیں۔

ان تقریبات کی منسوخی سے اربوں ڈالر کا نقصان ہو گا اور لاکھوں لوگوں کا روزگار متاثر ہو گا۔

فٹبال سیزن منسوخ

لندن سٹیڈیم

دنیا بھر میں فٹبال میچ منسوخ کر دیے گئے ہیں

یورپ کی پانچ بڑی فٹبال لیگز، اٹلی، انگلینڈ، سپین، جرمنی، اور فرانس، سبھی کے سیزن روک دیے گئے ہیں۔

فٹبال کلبوں کو ان کھیلوں کے مقابلوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کی مد میں شدید معاشی نقصان ہو گا جبکہ دوسری جانب ان کلبوں کو کھلاڑیوں کی بھاری تنخواہیں دینی ہوں گی۔ ادھر ٹی وی کمپنیوں پر دباؤ ہے کہ وہ صارفین کو سپورٹس چینل کی نشریات خریدنے کے لیے دیے گئے پیسے واپس لوٹائیں۔

یوئیفا نے یورو 2020 کے ساتھ ساتھ چیمپیئنز لیگ اور یورپا لیگ کو بھی منسوخ کیا ہے۔ ادھر جون اور جولائی میں ارجنٹینا اور چلی میں پلان شدہ کوپا امریکہ کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ منسوخ ہونے والے یورو 2020 میں پہلی مرتبہ بارہ شہروں کو مختلف میچوں کی میزبانی کرنی تھی۔ ان شہروں میں بوکاریسٹ، ڈبلن، اور باکو جیسے نئے شہر بھی شامل تھے۔

افریقہ میں 2021 افریقہ کپ آف نیشز کے لیے کوالیفائنگ میچز بھی اب منعقد نہیں کیے جا رہے۔ ایشیا میں متعدد مقامی لیگز اور ایشیئنز چیمپیئنز لیگ بھی نہیں کروائی جا رہی۔

میسی

اٹلی میں مقیم ماہرِ معاشیات سیزر گافیٹی کہتے ہیں کہ ’یہ معاملہ صرف ٹکٹوں کی خرید و فروخت کا نہیں ہے۔ یورو 2020 یورپ میں سیاحت کی صنعت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔‘

انھوں نے ایک جائزے کا حوالہ دیا جو کہ ’ای وائی ڈی کے ایم‘ نامی کمپنی نے کیا تھا اور اس کے مطابق یورو 2020 کے چار میچوں کی میزبانی کرنے سے آئرلینڈ میں 96 ہزار نئے سیاحوں کی آمد متوقع تھی جس سے ملک کی معیشت کو 110 ملین کا فائدہ ہونا تھا۔

ٹیمیں اور کھیلوں کی نگران تنظیمیں تو بیمہ کمپنیوں سے اپنا نقصان پورا کر لیں گی مگر میزبان شہروں میں چلنے والے چھوٹے کاروبار جیسے کہ دکانیں اور ریستوران ایسا نہیں کر سکیں گے۔

مکی ماؤس بھی قرنطینہ میں

ڈزنی میجک کنگڈم

13 مارچ کو ڈزنی نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ میں ان کے معروف تھیم پارکس کو کورونا وائرس کے خدشات کے پیشِ نظر بند کر دیا گیا ہے۔

بعد میں پارکس کی بندش کو فرانس میں یورو ڈزنی سمیت ٹوکیو اور شنگائی کے پارکس پر بھی لاگو کر دیا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے لیے یہ ایک انتہائی اہم بات ہے۔ امریکی شہر اورلانڈو میں ڈزنی کا میجک کنگڈم پارک دنیا کا مقبول ترین تھیم پارک ہے جہاں 2018 میں 20.8 ملین سیاح آئے تھے اور ڈزنی کے پارکس نے گذشتہ برس 26 ارب ڈالر کی سیلز کی تھیں۔

اورلانڈو میں ڈزنی کی طرح کے اور بھی پارکس ہیں اور وہاں 280000 نوکریاں سیاحت کے شعبے سے منسلک ہیں۔ شہر میں 2018 میں 75 ملین سیاح آئے تھے۔ یہ تعداد نیویارک اور پیرس دونوں میں آنے والے اس سال میں کل سیاحوں سے زیادہ ہے۔

ای 3 کے لیے بھی گیم اوور

ای 3 گیمینگ

دنیا میں ویڈئو گیمز کا سب سے بڑا شو ’ای 3‘ کہلاتا ہے۔ تاہم اس سال کا ایڈیشن جو کہ لاس اینجلس میں نو سے 11 جون کو ہونا تھا، منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس سال لوگوں کو اس شو سے بہت زیادہ توقعات تھیں کیونکہ سونی اور مائیکرو سافٹ دونوں نے اپنے نئے گیمنگ کونسولز متعارف کروانے تھے۔

اسی طرح سالانہ ٹیڈ کانفرنس 20 اپریل سے کینیڈا میں ہونی تھی، مگر یہ اب نہیں ہو گی۔ اس کانفرنس میں دنیا کے سب سے معروف تجزیہ کار اور بااثر افراد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

ٹیکنالوجی سے منسلک کم از کم دس بڑی کانفرنسز بھی منسوخ کی گئی ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی وجہ سے کم از کم ایک ارب ڈالر کا نقصان ہو گا۔

بی ٹی ایس اور منسوخ ہونے والے دیگر کانسرٹ

ساؤتھ کوریئن بینڈ

جنوبی کوریا کے مقبول بینڈ بی ٹی ایس نے دنیا بھر میں ایلبمز کی سیلز کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوور کا آخری حصہ منسوخ کر دیا ہے جو کہ 11 اپریل سے شروع ہونا تھا۔

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے بہت سے کیسز سامنے آئے ہیں اور ملک میں تقریباً آٹھ ہزار لوگ اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

تاہم امریکہ میں اس وبا کے پھیلنے کے بعد اس بینڈ کا 25 اپریل سے شروع ہونے والا امریکہ کا ٹوور بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

ادھر ایشیائی مداح ریپر سٹورمیز اور راک بینڈ گرین ڈے کے کانسرٹس سے بھی محروم ہو جایئں گے کیونکہ ان کے دورے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

امریکہ میں دو بڑے میوزک فیسٹیولز کوچیلا اور سٹیج کوچ کو اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا جبکہ ساؤتھ بائی ساؤتھ ویسٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ میں افریقہ کا شاید سب سے بڑے میوزک فیسٹیول، افریقہ برن، کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ میوزک انڈسٹری کے تجزیہ کاروں نے فوربز میگزین کو بتایا کہ اس سیکٹر میں پانچ ارب ڈالر کے نقصانات ہو سکتے ہیں۔

نئی فلموں کی ریلیز ملتوی

جیمز بانڈ

ادھر فلم انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کو ہونے والے نقصان کا اندازہ تقریباً پانچ ارب ڈالر ہے۔ ان میں سے زیادہ تر نقصان فلموں کے ریلیز میں تاخیر کی وجہ سے ہو گا کیونکہ نئی فلموں کی ریلیز کو نئے پلانز کے تحت جاری کیا جائے گا کیونکہ لوگ اب سینما گھروں کا رخ نہیں کر رہے۔

اس کی ایک مثال نئی جیمز بانڈ فلم ہے جو کہ اس کردار میں ڈینیئل کریج کی آخری فلم ہونا تھی۔ اس میں ایک نیا 007 متعارف کروایا جانا تھا اور پہلی مرتبہ یہ کردار ایک سیاہ فام خاتون کو دیا جانا تھا۔ تاہم فلم سازوں کا کہنا ہے کہ اس کی ریلیز اپریل سے ملتوی کر کے نومبر میں لے جائی گئی ہے۔

اسی طرح ڈزنی کی فلم مولان کا نیا ورژن اور ہارر فلم ’اے کوائٹ پلیس‘ بھی ریلیز نہیں کی جا رہی ہیں تاہم ان کی نئی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

معروف فلمی فرنچائز ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کی نویں فلم اس سال مئی کے بجائے آئندہ سال اپریل میں ریلیز کی جائے گی۔

کچھ سٹوڈیوز اپنے نقصان کم کرنے کے لیے فلموں کے ہوم ورژم ہی ریلیز کر رہے ہیں۔

ویٹیکن میں ایسٹر کینسل، حج پر بھی دباؤ

خانہ کعبہ

کورونا وائرس کی وجہ سے مذہبی تقاریب کا کیلنڈر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

اٹلی کے شہر روم میں کیتھولک ہولی ویک جس میں سینٹ پالز کتھیڈرل میں ایسٹر منایا جاتا ہے، اس کی تاریخیں تبدیل کر دی گئی ہیں۔

اٹلی مکمل لاک ڈاؤن کی زد میں ہے اور حکام پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ عام عوام کو سینٹ پیٹرز سکوئر میں جمع ہونے نہیں دیا جائے گا جہاں ہر سال کئی ہزار کیتھولکس جمع ہوتے ہیں۔

ادھر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مسلمانوں کا سعودی عرب کے شہر مکہ المکرمہ میں خانہ کعبہ کا سالانہ حج بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

گذشتہ سال حج پر دنیا بھر سے 20 لاکھ لوگ آئے تھے۔

یاد رہے کہ مارچ کے ابتدا میں سعودی حکام نے خانہ کعبہ کو عمرے کے لیے بند کر دیا تھا۔

حج کو منسوخ کرنا ایک ایسا اقدام ہو گا جس کی مثال بہت مشکل سے تاریخ میں ملتی ہے۔ ایسا آخری بار 1918 میں فلو کی وبا کے دوران کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ مر گئے تھے۔

حج ہر سال تقریباً 12 ارب ڈالر سعودی معیشت میں لاتا ہے اور یہ سعودی حکومت کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

مشرقی ایشیا میں نئے سال کی تقریبات بھی متاثر

تھائی لینڈ

کورونا کی وجہ سے چینی نئے سال کی تقریبات تو متاثر ہوئی تھیں مگر اب تھائی لینڈ میں سنگ کران (تھائی نئے سال) کے فیسٹیول بھی شاید نہ ہو پائے۔ اس فیسٹیول کے دوران پورے ملک میں بہت ساری سٹریٹ پارٹیز کی جاتی ہیں۔

ملک میں سیاحتی حکام اس بات کر غور کر رہے ہیں کہ اس فیسٹیول کو اپریل سے ملتوی کر کے جولائی میں لے جایا جائے۔

سنگ کران تھائی لینڈ میں سیاحت کے حوالے سے سال کا اہم ترین وقت ہے اور تھائی لینڈ کی معیشت کا تقریباً 20 فیصد سیاحت سے منسلک ہے۔

تھائی لینڈ کو چین کے ساتھ سفری پابندی کا بھی نقصان ہوا ہے کیونکہ ملک میں آنے والے ہر چار سیاحوں میں سے ایک چینی باشندہ ہوتا ہے۔

اور کورونا وائرس کی وجہ سے کورونا وائرس پر ہونے والی کانفرنس بھی رُک گئی!

سٹیڈیم

ڈوئنگ بزنس انڈر کورونا نام سے ایک کانفرنس جو کہ امریکی تھینک ٹینک ’کونسل آن فارن ریلیشنز‘ نے 13 مارچ کو نیویارک میں کروانی تھی، منسوخ کر دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی متعدد دیگر کانفرنسز بھی منسوخ کی گئی ہیں جن میں سب سے معروف شاید ورلڈ موبائل کانگریس ہے جس میں بارسلونا میں ہر سال سمارٹ فونز کے جدید ترین نمونے متعارف کروائے جاتے ہیں۔ اس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہر سال یہ کانفرنس 15 ہزار عارضی نوکریوں کے مواقع پیدا کرتی ہے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp