کورونا وائرس: میک اپ کی دکان میں ’ٹیسٹرز‘ نہ استعمال کریں


میک اپ سٹور

برطانیہ میں میک اپ کا سامان فروخت والے سٹورز نے اپنی دکانوں میں موجود میک اپ ٹیسٹرز کو پھینکنے کا اعلان کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ ٹیسٹرز صارفین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔

میک اپ کی دکانوں میں موجود ٹیسٹرز کو کوئی بھی گاہک کسی مخصوص چیز کی خریداری سے قبل اپنے اوپر استعمال کر کے دیکھ سکتا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی ان اشیا کے ذریعے جراثیم پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ برطانیہ کے میک اپ فروخت کرنے والے چند سٹورز نے کہا ہے کہ وہ ان ٹیسٹرز کو مستقبل قریب میں اپنی دکانوں سے ہٹا دیں گے۔

کووڈ 19 کا وائرس کھانسی کے ساتھ منہ سے خارج ہونے والے ذرات کے ذریعے پھیلتا ہے۔ ہونٹوں، آنکھوں یا چہرے کے کسی اور حصے پر استعمال کیا گیا ٹیسٹر کسی دوسرے گاہک کے لیے وائرس منتقل کرنے کا ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔

کورونا بینر

کورونا: دنیا میں کیا ہو رہا ہے، لائیو

کورونا: پاکستان میں کیا ہو رہا ہے: لائیو کوریج

کورونا وائرس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچیں؟

کورونا وائرس: سماجی دوری اور خود ساختہ تنہائی کا مطلب کیا ہے؟


عام طور پر دکانوں میں نمونے کے طور پر رکھے جانے والے ٹیسٹر آئی لائنر، لپ سٹک اور دوسری اشیا کو استعمال کرنے کے لیے کسی پر روک ٹوک نہیں ہوتی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی قیمت ہوتی ہے۔ برطانیہ میں میک اپ بیچنے والی ’بوٹس‘ اور ’سوپر ڈرگ‘ جیسی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ استعمال شدہ میک اپ ٹیسٹرز بہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

تاہم متعدد فارمیسیز اور میک اپ بیچنے والی دوسری دکانوں میں اب بھی یہ نمونے موجود ہیں۔ حالانکہ ان دکانوں میں لوگوں کے لیے جگہ جگہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ اختیار کرنے کا مشورہ دینے والے پوسٹر بھی آویزاں ہیں۔

میک اپ سٹور

برطانیہ میں ادویات اور میک اپ بیچنے والی کمپنی بوٹس کا کہنا ہے کہ ’ہمارے گاہکوں اور یہاں کام کرنے والوں کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہم ٹیسٹرز کے استعمال سے متعلق نئی ہدایات جاری کر رہے ہیں۔ دکانوں میں میک اپ کمپنیوں کے نمائندگان کی موجودگی میں ہم ٹیسٹرز کو ہٹا رہے ہیں۔‘

بوٹس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اپنے یہاں کام کرنے والے سبھی ملازمین اور خریداری کے لیے دکان میں آنے والے سبھی صارفین کے لیے ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ اس کے علاوہ دکانوں میں کام کرنے والے افراد سے بھی بار بار ہاتھ دھونے کو کہا جا رہا ہے۔

اسی طرح ایک اور کمپنی سوپر ڈرگ نے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے تمام سٹورز سے ٹیسٹرز ہٹا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات کے مطابق یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ٹیسٹرز دکانوں میں کب دوبارہ استعمال کیے جا سکیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp