شوبز ڈائری: ’دارو کا کوٹہ تو فُل ہے نا چنٹو چاچا‘


رشی کپور

کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں لوگوں کو بلکل ایک نئے ہی انداز میں جینے پر مجبور کر دیا ہے۔ بازار بند، روزگار بند، سڑکیں سُنسان اور ساتھ ہی فلم انڈسٹری بھی بند۔ ایسے میں بالی وڈ ستارے کیا کریں۔

اب چونکہ سب لوگ خالی ہیں اور خبروں یا سوشل میڈیا پر بھی رہنا ضروی ہے تو سب اپنے اپنے کام پر لگ گئے۔ کسی نے یہ سبق پڑھانا شروع کر دیا کہ ہاتھ کس طرح دھوئیں تو کوئی گھر میں جم کی طرح کی کسرت کرنے کی ٹریننگ دے رہا ہے اور کئی بڑے بڑے ستارے مودی جی کے 21 دن کے لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کرنے کی گذارش کر رہے ہیں۔

دبنگ خان نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں لوگوں کو مشورہ دیا کہ برائے مہربانی ہاتھ دھوتے رہیں، ایک دوسرے سے نہ ملیں اور بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔ ورون دھون لوگوں کی کسرت کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شروتی حاسن کے اعتراف پر لوگوں کا اعتراض

سمرتی ایرانی کو تاپسی کی ’تھپڑ‘ میں دلچسپی کیوں

دلی فسادات پر جاوید اختر کی ٹویٹ، سوشل میڈیا پر تنقید

’اکشے، رنویر، اجے دیوگن کے ہوتے ہوئے قطرینہ کو کون دیکھے گا‘

ڈینو موریہ نے اپنی ورزش کرتی تصاویر پوسٹ کیں جبکہ ارجن کپور فلمیں دیکھ رہے ہیں۔ نیہا دھوپیا کہتی ہیں کہ ان حالات میں بھی ’پوزیٹیو‘ رہیں اور ایشا گپتا کپڑے بدل بدل کر ویڈیوز بنا کر پوسٹ کر رہی ہیں۔

رنویر سنگھ ہمیشہ کی طرح اپنی بیگم دپیکا کو بانہوں میں لیے اپنی تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں۔

شوبز

رنویر سنگھ ہمیشہ کی طرح اپنی بیگم دپیکا کو بانہوں میں لیے اپنی تصاویر پوسٹ کر رہے ہیں

لیکن کچھ لوگو ں کے پاس اب وہ کام ہیں جو پہلے انھوں نے شاید ہی کیے ہوں۔

مثال کے طور پر کترینہ کیف اپنے گھر کی صفائی کر رہی ہیں۔ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر کے ساتھ انھوں نے بتایا کہ آج کل وہ اپنا گھر صاف کر رہی ہیں۔

ورون دھون کے ساتھ ساتھ کئی ستاروں نے ورک آؤٹ کی اپنی تصاویر پوسٹ کیں، ایسے میں فلمساز فرح خان کو غصہ آ گیا تو انھوں نے لکھا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے ان سنگین حالات میں اپنے ورک آؤٹ کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں کیونکہ اس وقت لوگوں کو اپنے فگر کا خیال رکھنے سے بھی زیادہ سنگین مسائل درپیش ہیں۔

فرح خان شاید یہ نہیں سمجھ پائیں کہ روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار غریبوں کے مسائل ہیں جبکہ دولت، شہرت اور عیش و آرام سے لیس لوگوں یا یوں کہیں کہ پیٹ بھرے لوگوں کے مسائل کچھ اور ۔

اب شوبز کے لوگ ’شو آف‘ نہیں کریں گے تو کام کیسے چلے گا۔

فرح خان

’اس وقت لوگوں کو اپنے فگر کا خیال رکھنے سے بھی زیادہ سنگین مسائل درپیش ہیں‘

ویسے غصہ تو رشی کپور صاحب کو بھی کافی آ رہا ہے۔ دراصل انھوں نے بھی کورونا وائرس کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک اچھا سا پیغام لکھ کر اپنی اہم ذمہ داری پوری کرنے کی کوشش کی کہ ’بھائی گھر سے نہ نکلو،لوگوں سے نہ ملو، ہاتھ دھوئیں‘ وغیرہ وغیرہ۔

جواب میں ایک منچلے ٹوئٹر صارف نے لکھا ’دارو کا کوٹہ تو فُل ہے نہ چنٹو چاچا۔‘ جبکہ ایک اور صارف نے جلتی پر تیل چھڑکتے ہوئے لکھا ’وسکی کا سٹاک تو ہے نہ آپ کے پاس۔‘

پھر کیا تھا چنٹو جی کو بہت غصہ آیا اور جواب میں انھوں نے ایسی ایسی سنائیں جنھیں لکھنا ذرا مشکل ہے، بہرحال انھوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لائف سٹائل یا میرے ملک کا مذاق بنانے والوں کو میں بلاک کر دوں گا۔

شاعر اور سینسر بورڈ کے سربراہ پرسن جوشی ایسے وقت میں بھی مودی جی کو خوش کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور انھوں نے ان کے 21 دن کے لاک ڈاؤن پر ایک نظم لکھ ڈالی ہے۔

بالی ووڈ کی تاریخ گواہ ہے پرسن جی نے جب جب ایسا کچھ کارنامہ انجام دیا تب تب انھیں دل کھول کر نوازا گیا ۔اب انھیں کیا چاہیے کوئی ان سے پوچھے کہ بھائی اب بچے کی جان لو گے کیا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp