نئی تحقیق سے پتا چلا کہ مہنگی کاروں والے برے ڈرائیور ہوتے ہیں!


کار

یہ صرف آپ کے دماغ میں ہی نہیں ہے کہ مہنگی کاروں کے ڈرائیور سڑک پر زیادہ برے طریقے سے گاڑی چلاتے ہیں۔

ایک امریکی تحقیق کے مطابق کار جتنی مہنگی ہو گی، اتنے ہی امکانات زیادہ ہیں کہ ڈرائیور سڑک پار کرنے والوں کے لیے نہیں رکے گا۔

جرنل آف ٹرانسپورٹ اینڈ ہیلتھ میں یونیورسٹی آف نیواڈا کے تحقیق کار لکھتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ وہ ڈرائیور ’سڑک استعمال کرنے والوں پر برتری کا احساس‘ محسوس کرتے ہوں اور دوسرے کے لیے رکنے کی ضرورت نہ محسوس کرتے ہوں۔

وہ کہتے ہیں کہ اس کے برعکس جو ڈرائیور کم چکمدار کاریں چلاتے ہیں وہ پیدل چلنے والوں کا احساس زیادہ کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے مزید پڑھیے

ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر کتنا جرمانہ ہو سکتا ہے؟

گاڑیوں سے جذباتی محبت میں مبتلا جرمن قوم

ہائی سٹیٹس کا مسئلہ

تحقیق کے دوران دو مردوں (ایک سفید فام اور ایک سیاہ فام) اور دو عورتوں (ایک سفید فام اور ایک سیاہ فام) نے لاس ویگاس میں سڑکوں کو پار کیا۔

انھوں نے شہر کے ایک پوش اور ایک متوسط علاقے میں زیبرا کراسنگ استعمال کی۔ ان کے سڑک کراس کرنے کے عمل کو ویڈیو پر ریکارڈ کیا گیا اور کاروں کی قیمت کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق کاروں کے مطابق جوں جوں کاروں کی قیمت 1000 ڈالر بڑھتی گئی ویسے ہی ڈرائیوروں کے پیدل چلنے والوں کے لیے رکنے والوں کے امکانات تین تین فیصد کم ہوتے گئے۔

یونیورسٹی آف نیواڈا (لاس ویگاس) کی ریسرچر اور پبلک ہیلتھ پروفیسر کرٹنی کوفیناور کہتی ہیں کہ نتائج پہلے کی گئی تحقیقات سے مطابقت رکھتے ہیں جن کے مطابق اونچے سٹیٹس والی کاریں پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لیے نہیں رکتیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ہر سال ٹریفک کے حادثات میں ساڑھے بارہ لاکھ کے قریب افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ ان میں سے پانچویں حصے سے زیادہ پیدل چلنے والے ہوتے ہیں۔

’کوئی ایک شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ سڑک کا مالک ہے، پیدل چلنے والے اور سائکلسٹوں کا بھی ان مشترکہ جگہوں پر اتنا ہی حق ہے اور وہ احترام کے مستحق ہیں۔‘

اگرچہ سائنس نے مجموعی طور پر چمکدار کاروں اور بری ڈرائیونگ کے درمیان تعلق کی تصدیق کی ہے، لیکن دوسری تحقیق امیر ڈرائیوروں کے مختلف طبقوں کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔

مرسڈیز کون چلاتا ہے؟

کار

دسمبر میں انٹرنیشنل جنرل آف سائیکولوجی میں شائع ہونے والی فن لینڈ کی ایک تحقیق کے مطابق صرف برے لوگ ہی مرسڈیز نہیں چلاتے بلکہ ناپسندیدہ لوگوں کے ساتھ ساتھ باضمیر لوگ بھی ہائی سٹیٹس کاریں چلاتے ہیں۔

اور یہ اس لیے ہے کہ وہ جو کار چلاتے ہیں اس کے ساتھ اچھا معیار منسلک رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ اچھے معیار کے ڈرائیور بھی نظر آئیں۔

یونیورسٹی آف ہیلسنکی کے پروفیسر آف سوشل سائیکالوجی جان ایرک لونکوئسٹ نے اس سوال کو امریکی تحقیق کاروں کی نسبت ایک مختلف زاویے سے دیکھا ہے۔

انھوں نے اس بات پر تحقیق کی کہ کیا لاپرواہ ڈرائیور اپنی شخصیت میں مخصوص خصوصیات کی وجہ سے ہائی سٹیٹس کاروں کو ترجیح دیتے ہیں یا کہ اپنی جیب میں پیسوں کی وجہ سے۔

اس تحقیق میں فن لینڈ میں 1892 کار مالکان پر کی جانے والی رائے شماری کا تجزیہ کیا گیا جس میں ان کی گاڑی، استعمال کی عادات اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

کاریں

گاڑیاں آپ کے متعلق کیا کہتی ہیں

پروفیسر لونکوئسٹ کہتے ہیں کہ جن کی شخصیت زیادہ ناپسندیدہ ہوتی ہے ان کا رجحان ہائی سٹیٹس کاروں کی طرف زیادہ ہوتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو اکثر دوسروں سے برتر سمجھتے ہیں اور ان کی یہ کوشش ہوتی ہیں کہ اس کا احساس دوسروں کو بھی دلائیں۔

تاہم ان کے مطابق باضمیر لوگ بھی مہنگی کاریں استعمال کرتے ہیں۔

’اس کو شاید ان کی اعلیٰ معیار کو دی جانے والی اہمیت سے سمجھا جا سکتا ہے۔ ہر ماڈل کی کار کا ایک مخصوص تصور ہوتا ہے، اور ایک قابلِ اعتبار کار چلا کر وہ یہ پیغام دے رہے ہوتے ہیں کہ وہ خود بھی قابلِ اعتبار ہیں۔‘

وہ کہتے ہیں کہ اس لیے بری ڈرائیونگ اور چمکدار گاڑیوں کے درمیان کڑی شاید دولت نہیں ہے بلکہ متکبر شخصیت ہے۔

جو بھی ہو، جب آپ اگلی مرتبہ سڑک پار کر رہے ہوں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ سڑک پر پاؤں رکھنے سے پہلے آپ نے احتیاط سے ادھر ادھر دیکھ لیا ہے اور اس ایس یو وی پر تو خاص نظر رکھیں جو آپ کی طرف آ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp