رب ذوالجلال کے حضور ایک دعا



اے خالق دو جہاں۔ اے مالک جن و بشر ہم تیرے ہی بندے ہیں۔ تیری ہی اطاعت کرتے ہیں۔ تیرے سامنے ہی سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ تجھے سے ہی مانگتے ہیں۔ تیرے ہی حبیب کا دم بھرتے ہیں۔

اے رب کائنات، اے مالک دو جہاں۔ تو سب دنیاوں کا مالک ہے۔ ہر شے تیری منشاء کے تائب ہے۔ ہر ذی روح تیری ہی حمد کرتا ہے۔ تو ہی عطا کرنے والا ہے۔ تو ہی درگرز کرنے والا ہے۔ تو ہی بخش دینے والا ہے۔

اے قادر مطلق، اے رب کعبہ تیری مخلوق پر کرونا کی صورت میں بہت بڑا عذاب نازل ہو چکا ہے۔ ہر ذی روح خوفزدہ ہے۔ ہر جان خطرے میں ہے۔ ہم تجھ سے معافی کے خواستگا ر ہیں۔ ہم تجھ سے اس عذاب سے پناہ کی درخواست کرتے ہیں۔ دینا بھر کے انسان تیرے در پر ہاتھ اٹھائے کھڑے ہیں۔ تیری ہی در پر جھکے ہیں۔ تجھ ہی سے اس عذاب کو ٹالنے کی استدعا کرتے ہیں۔

اے خالق کائنات، اے رب العالمین۔ ہم گناگاروں کی معافی قبول فرما۔ امریکہ سے لے کر ایران، اٹلی سے لے برطانیہ تک، کرونا سے بیمار تمام انسانوں کو اپنی قدرت سے شفا دے۔ اپنے حکم سے اس مرض کو پھیلنے سے روک دے۔ خلق کو خوف سے نجات دے۔ زندہ درگور لوگوں کو زندگی گزارنے کا حوصلہ عطا فرما۔ گھروں سے موت کا خوف نکال دے۔

اے میرے رب تجھے تیرے محبوب کا واسطہ اس بلا کو انسانوں سے ٹال دے۔ اس مشکل سے ہر بشر کو نکال دے۔ اس اذیت سے سب کو نجات دے۔ ہم تیرے ہی بندے ہیں تجھ ہی سے مانگتے ہیں۔ تو ہی سب واسطہ ہے تو ہی واحد راستہ ہے۔

اے میرے اللہ، اے میرے پروردگار۔ ۔ ہر مسلمان کو کرونا کے شر سے بچا۔ ہر کلمہ گو کی حفاظت فرما۔ ہر مسجد کو محفوظ بنا۔ حرم پاک میں سعی کرنے والوں کی دعائیں قبول فرما۔ تمام انبیاء کرام، تمام صحابہ کرام کے صدقے مسلمانوں کو اس آفت سے بچا۔ تمام بیمار مسلمانوں کو شفاء کاملہ عطا فرما۔ تمام مسلمانوں کی زندگیوں کو محفوظ بنا۔

اے میرے خدا، اے خدائے لم یزل تو ہماری حفاظت فرما۔ ہمارے وہ ڈاکٹر بچے اور بچیاں جو اس مرض میں مبتلا مریضوں کا علاج کر رہے ہیں تو ان پر اپنی رحمت کی بارش کر۔ ان کی زندگیوں کو محفوظ بنا۔ ان کے حوصلوں کو جلا بخش، ان کی ہمتوں کا انہیں اس جہاں میں اور جہان آخرمیں صلہ عطا فرما۔ جنت کے دروازے ان کے لئے کھول دے۔ ان کی نسلوں کو بخش دے۔ ان کی کوہتائیوں سے درگزر فرما۔ ان بچوں نے تیرے ہی نام سے دوا دینی ہے۔ شفا تو نے عطا کرنی ہے۔ ان کے ہاتھ میں شفا بخش دے۔ ہر مریض کو صحت بخش دے۔ ان ڈاکٹروں کی حفاظت فرما۔ تیرے بعد اب زندگیاں انہیں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ان کو فیصلہ کرنے کی قوت دے اور ہمیں ان کا شکر گزار ہونے کی توفیق عطا فرما۔

اے مالک مشرق و مغرب، اے خالق ارض و سما۔ اس ملک کے نرسنگ سٹاف کی شفاعت فرما۔ ان بچوں کو مریضوں کی دیکھ بھال کی توفیق عطا فرما۔ ان پر اپنے کرم کی بارش کر دے۔ ان کے لئے اپنے خزانے کھول دے۔ اس دور ابتلاء میں یہ تیری مخلوق کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مریضوں کو شفا دے رہے ہیں۔ ان پر اپنا کرم فرما۔ ان کو ہر مشکل سے محفوظ رکھ۔ اس وطن کے مریضوں کے ان محافظوں کے دلوں کو طاقت اور جسموں کو قوت بخش دے۔ ان کو اپنی عافیت میں لے۔ ان کی مشکلات آسان کر۔

اے دوجہانوں کے رازق، اے رحم کرنے والے۔ ہمارے پولیس والوں کی حفاظت فرما۔ اس مشکل دور میں جس جانفشانی سے یہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، خلق کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ہمیں قوم کے ان بیٹیوں اور بیٹیوں کا شکرگزار ہونے کی توفیق عطا فرما۔ ان بہادر جوانوں کو حوصلہ عطا فرما۔ ان کے حوصلے پر ہمیں فخر سے سر بلند کرنے کی ہمت عطا فرما۔ ان کی محنتوں اور محبتوں کا پھل دے۔ ان کی پیشانیوں کو نور سے بھر دے۔ ان بازوں کو ہمت عطا فرما۔

اے رحمان و الرحیم، اے خالق القدوس۔ اس مشکل کے دور میں مفلسوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما۔ اس قوم کو بھوک کے عذاب سے بچا۔ اس ملک کے مخیر افراد کے سینے موم کر دے۔ اس ملک میں مفلسی کو ختم کر دے۔ اس دور پر آشوب میں ہر بھوکے تک رزق پہنچانے کی توفیق عطا فرما۔ بیماروں تک دوا پہنچانے کی ہمت عطا فرما۔ بے چاروں کی خبر گیری کی طاقت عطا فرما۔ تو اپنی شان سے پتھر میں کیڑے کو رزق دیتا ہے۔ تو اپنی عطا سے حاجرہ کو صحرا میں زمزم عطا کرتا ہے۔ تو ہم پر بھی رحم فرما۔

اے غفار اے قہار۔ تو ہمارے حمکرانوں کو اس ملک کی رعایا کی خدمت کی توفیق عطا فرما۔ بٹے ہوئے لوگوں کو ایک مٹھی کی طرح بنا۔ تقسیم شدہ لوگوں کو متحد کر۔ ہمارے حکمرانوں کو درست فیصلہ کرنے کی توفیق عطا فرما۔ ان کے سینوں کو بغض اور کینے سے محفوظ رکھ۔ ان کو ہوش عطا فرما۔ ان کو راہ ہدایت دکھا۔ ان کو اس ملک کی قیادت کے قابل بنا۔ اور اگر یہ ملک چلانے کی استطاعت نہیں رکھتے تواے اللہ تو ہمیں اچھے حکمران عطا کر۔ ہمیں عدل کرنے والے قاضی عطا کر۔ اے اللہ ہمیں بہتان لگانے والوں کے شر سے بچا۔ اے اللہ اگر اس ملک کے عوام سے کوئی غلطی ہو گئی ہے تو اپنی رحمت کے طفیل اس غلطی کو معاف فرما۔ اے اللہ تو ہمیں فتنہ پھیلانے والوں کے شر سے بچا۔ اے میرے رب تو بدزبانوں کو ہدایت عطا کر۔ گالی دینے والوں کو معاف کردے

اے اول و آخر۔ ہم تجھ ہی سے مانگتے ہیں اور تیرے ہی آگے سجدہ ریز ہوتے ہیں تو اس مشکل میں اپنی مخلوق کی مشکل بڑھانے والوں پر اپنا عذاب نازل کر۔ اے اللہ تو اس دور میں غریب لوگوں کے لئے آٹا، چینی اور اشیائے ضروری سے ناجائز منافع خوری کرنے والوں پر اپنا عتاب نازل فرما۔ اے میرے رب ہمیں اقربا پروری کی لعنت سے محفوظ رکھ۔ اے میرے خدا۔ تو ہمیں اپنی رحمت کے واسطے ظالموں کے ظلم سے بچا۔ اے میرے خدا تو ہمیں اپنی قدرت کی بدولت جابروں کے جبر سے نجات دلا۔ اے میرے مالک وخالق تو اس مشکل کو ہم پر سے ٹال دے۔ تمام انسانیت کو اس عذاب سے نکال دے۔

اے خالق دو جہاں۔ اے مالک جن و بشر ہم تیرے ہی بندے ہیں۔ تیری ہی اطاعت کرتے ہیں۔ تیرے سامنے ہی سجدہ ریز ہوتے ہیں۔ تجھے سے مانگتے ہیں۔ تیرے ہی حبیب کا دم بھرتے ہیں۔ ہماری دعاوں کو قبول فرما۔

عمار مسعود

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عمار مسعود

عمار مسعود ۔ میڈیا کنسلٹنٹ ۔الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ہر شعبے سےتعلق ۔ پہلے افسانہ لکھا اور پھر کالم کی طرف ا گئے۔ مزاح ایسا سرشت میں ہے کہ اپنی تحریر کو خود ہی سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ مختلف ٹی وی چینلز پر میزبانی بھی کر چکے ہیں۔ کبھی کبھار ملنے پر دلچسپ آدمی ہیں۔

ammar has 265 posts and counting.See all posts by ammar

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments