گلیلیو کا جرم!


ہرگاہ کہ تم مسمی گلیلیو ولد مرحوم ونچن زیو گیلی لائی‘ سکنہ فلورنس‘ عمر 70 برس، 1615ء میں اس مقدس عدالت کے حضور پیش کئے گئے۔ تمہارا جرم یہ تھا کہ تم اس غلط عقیدے کو درست سمجھتے ہو کہ سورج کائنات کا مرکز اور غیر متحرک ہے اور یہ کہ زمین گردش میں ہے اور یہ کہ تم زمین کو دوری اور محوری لحاظ سے متحرک سمجھتے ہو اور یہ کہ تم نے یہ خرافات اپنے بہت سے شاگردوں کو تعلیم کرنے کی جسارت بھی کی ہے اور یہ کہ تم نے اس موضوع پر کچھ جرمن ریاضی دانوں سے خط و کتابت بھی کی ہے اور یہ کہ تم نے سورج پر دھبوں کے بارے کچھ مکتوبات بھی طبع کئے ہیں جن میں تم نے انہی لغو خیالات کا اعادہ کیا ہے اور یہ کہ جب مقدس صحائف کی روشنی میں تمہارے بدعتی خیالات پر گرفت کی گئی تو تم نے مقدس کتب کو من مانے معانی پہنانے کا جرم کیا اس ضمن ہمارے حضور ایک مکتوب کی نقل پیش کی گئی اور تم اقرار کرتے ہو کہ تم نے یہ خط اپنے ایک سابق شاگرد کو لکھا تھا۔ اس مکتوب میں تم نے کوپرنیکس کے غلط مفروضات کی تقلید میں ایسے خیالات ظاہر کئے ہیں جن سے مقدس صحائف کی فضیلت اور صحیح شرح پر حرف آتا ہے۔ چنانچہ یہ مقدس عدالت چاہتی ہے کہ تمہارے پھیلائے ہوئے شر کی بیخ کنی کرے اور تم نے مقدس دین کو ضرر پہنچانے کی قبیح نیت سے جو فساد پھیلا رکھا ہے اس کا قلع قمع کیا جائے۔ مقدس ترین اور عزت مآب عمائدین‘ علمائے کرام اور اس عالمی اور بالا ترین عدالت ہائے دین مقدس کے تمام ارکان کی رائے میں سکوت سورج اور حرکت زمین کے بارے میں مقدس فقہاء کی رائے درج ذیل ہے -:

یہ عقیدہ کہ سورج کائنات کا مرکز اور ساکن ہے قطعی طور پر لغو‘ پوچ اور بیہودہ ہے۔ علم الہیات کی روشنی میں یہ عقیدہ بے بنیاد ہے اور شرک کے مترادف ہے۔ زمین کو کائنات کا مرکز ماننے سے انکار نیز محوری اور دوری اعتبار سے متحرک جاننا غلط اور لایعنی ہے۔ علم فلسفہ کے اعتبار سے غیر درست ہے اور علم الہیات کے نصوص قطعی کی روشنی میں دین مقدس میں افترا پردازی ہے۔ چنانچہ اپنے آقا یسوع مسیح اور مقدسہ مریم کے نام پر ہم جملہ اراکین عدالت ہائے احتساب دینی تمہیں سزا سنانے کا اعلان کرتے ہیں ہم فیصلہ دیتے ہیں حکم لگاتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ تم مسمی گلیلیو اس مقدس عدالت کی رائے میں شرک کے مرتکب قرار پائے ہو۔ تم نے مقدس اور الہامی صحائف کی تعلیمات کے برعکس عقائد اختیار کر رکھے ہیں نیز یہ کہ تم ایسے کلمات کفریہ بکنے کے مرتکب ہوئے ہو کہ مقدس علمائے دین مسیحی کے حتمی فرامین سے برعکس آراء پر یقین رکھنا روا اور مباح ہو سکتا ہے چنانچہ تم ایسی کبیرہ لغزشوں کے لئے مقدس قوانین میں موجود تمام سزاﺅں اور عقوبتوں کے سزاوار ٹھہرتے ہو۔ تاہم عدالت مقدس تمہیں ایک موقع عطا کرنے پر تیار ہے بشرطیکہ تم خلوص قلب اور پختہ ایمان کے ساتھ ہماری موجودگی میں اپنے گناہوں سے توبہ کرو‘ مذکورہ خطاﺅں اور کلمات ہائے شرک پر لعنت بھیجو نیز کیتھولک رومن چرچ کے مسلمہ اور حتمی عقائد پر اپنے غیر متزلزل ایمان کا اعلان کرو۔

بایں ہمہ تمہاری غلطیاں سنگین ہیں اور تمہارے جرائم گھناﺅنے ہیں۔ تمہیں کچھ نہ کچھ سزا دینا مستحسن ہو گا تاکہ تم مستقبل میں محتاط رہو اور اس قسم کے ناقابل قبول جرائم پر مائل دیگر افراد عبرت پکڑیں۔ چنانچہ ہم حکم دیتے ہیں کہ ایک عوامی فرمان کے ذریعے تمہاری کتاب مکالمات گلیلیو ممنوع قرار دے کر اس کے تمام نسخے ضبط کئے جائیں۔ مزید یہ کہ تم اس وقت تک اس مقدس دینی عدالت کی قید میں رہو گے جب تک علمائے دین مسیحی تمہیں بندی خانے میں رکھنا چاہیں۔ تمہارے تزکیہ نفس کیلئے ہم حکم دیتے ہیں کہ تین برس تک تم ہر ہفتے کتاب مقدس کی سات زبور ہائے استغفار کی تلاوت کرو گے یہ مقدس عدالت اپنے اختیارات الہامی اور فرائض دینی کی روشنی میں تمہیں سنائی جانے والی ان سزاﺅں اور عقوبتوں میں کسی قسم کی تبدیلی‘ کمی یا زیادتی کا حق محفوظ رکھتی ہے تاکہ مقدس دین مسیحی کو فاسد عقائد کے فتنے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مترجم: وجاہت مسعود


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments