سلمان خان: زندگی کا ’بگ باس’ شروع ہو گیا ہے


بالی وڈ سٹار سلمان خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خوف کے درمیان لاک ڈاوٴن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کے لیے پھٹکارا ہے۔

سلمان خان ان دنوں اپنی والدہ سلمیٰ خان، دونوں بہنوں ارپِتا اور الویرہ اور ان کے بچوں کے ساتھ پنویل میں واقع اپنے فارم ہاوٴس میں رہ رہے ہیں۔

انڈین ریاست مہاراشٹرا کا شمار کورونا وائرس سے ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک گیر لاک ڈاوٴن میں تین مئی تک توسیع کر دی ہے۔

مزید پڑھیے:

’بگ باس‘ کے گھر میں آج کل کیا چل رہا ہے

بگ باس 13: اختتام پر بھی تنازع، اب کی بار ’ہندو مسلم‘

آئٹم گرل سے ’بیگم جان‘ تک کا سفر

’جھگڑا اتنا نہیں تھا جتنا بنا دیا گیا‘

سلمان نے بتایا کہ ان کا پورا خاندان پِنویل میں ہی ان کے ساتھ رہ رہا ہے۔ تقریباً دس منٹ کے اس ویڈیو میں سلمان نے لاک ڈاوٴن کے دوران فارم ہاوٴس کے تجربات بھی شیئر کیے ہیں۔ ویڈیو کا آغاز ہی انہوں نے یہ کہتے ہوئے کیا کہ ٹی وی کا بگ باس تو ابھی نہیں شروع ہو رہا ہے لیکن زندگی کا بگ باس جاری ہے۔ سب گھر میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کس طرح وہ پانچ سے چھ کلومیٹر دور اپنے ایک جاننے والے سے سبزیاں خرید رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں سلمان کے گھر کام کرنے والے ایک شخص نے پولیس سے بات کرتے ہوئے اپنا ماسک اتار دیا اور پھر اسے ڈانٹ پڑی۔

سلمان نے اس ویڈیو میں بتایا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ یہ جو آپ کو منع کیا گیا تھا کرنے کو، آپ نے وہی کیا۔’

سلمان نے اس ویڈیو میں کورونا کے متاثرین کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا درد نہ سمجھ پانا انسانیت اور احساس کی کمی ہے۔ سلمان نے لاک ڈاوٴن توڑنے والوں سے گھروں میں رہنے کے لیے کہا۔

سلمان خان نے کہا ’کچھ لوگ ہیں جو کبھی گھر سے باہر نہیں نکلتے تھے، لیکن ان دنوں نکل رہے ہیں۔’

https://twitter.com/BeingSalmanKhan/status/1248609359124246529

انہون نے کہا کہ جو لوگ اپنے خاندان والوں کو مارنا چاہتے ہیں وہ گھروں سے باہر نکلیں۔

سلمان خان نے سخت الفاظ مین سوالات بھی کیے ’انڈیا کی آبادی کم کرنا چاہتے ہو؟ اگر آپ ایسے باہر نہیں نکل رہے ہوتے، اپنے دوستوں اور یاروں کے ساتھ، تو پولیس والے آپ پر ڈنڈے نہیں مار رہے ہوتے۔ آپ کو کیا لگ رہا ہے، پولیس والوں کو مزہ آ رہا ہے؟’

سلمان نے حکومتی اعلان کی یاد دلاتے ہوئے کہا ’کیا کہا ہے سرکار نے؟ گھر سے باہر نہ نکلو۔ انہوں نے کس کے لیے ایسا کہا ہے؟ ہم سب کے لیے۔ مرنا تو ایک دن سب کو ہے، لیکن کیا کوئی مرنا چاہتا ہے؟ بھگوان، اللہ کے گھر جانا ہے تو نکلو باہر۔’

سلمان نے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ڈاکٹر اور پولیس والے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

https://twitter.com/BeingSalmanKhan/status/1246879788146409472

انہوں نے کہا ’یہ کمال ہے۔ ڈاکٹر اور نرس آپ کی جان بچانے کے لیے آئے اور آپ نے ان پر پتھر ہی برسا دیے۔ جو کورونا وائرس پازِٹیو پایا گیا، وہ ہسپتال سے بھاگ رہا ہے۔ بھاگ کر جاوٴ گے کہاں؟ اگر یہ ڈاکٹر قدم نہیں اٹھاتے اور پولیس سڑکوں پر نہیں اترتی، تو چند لوگوں کی وجہ سے، جن کے دماغ میں چل رہا ہے کہ ان کو کچھ نہیں ہوگا، وہ ہندوستان کے آدھے لوگوں کو لے کر چل بستے۔’

منگل کو ریاست اتر پردیش کے مراد آباد ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو قرنطینہ کرنے پہنچی ٹیم پر اس شخص کے خاندان والوں نے حملہ کر دیا تھا۔ حملے کے الزام میں سترہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

اس سے قبل بھی مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ہیلتھ ورکرز پر حملہ کر انہیں زخمی کرنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے کہا کہ بچپن میں یہی پڑھا تھا کہ بھگوان ہم سب کے اندر ہے۔ اگر گھر والوں کے ساتھ اللہ اور بھگوان کے گھر جانا ہے، تبھی نکلو گھر سے باہر۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ گھر رہ کر دعا کریں۔

بدھ کے روز سلمان نے دو مختلف مذاہب کے لوگوں کی عبادت کرتے ہوئے تصویر شیئر کی تھی۔ سلمان نے لکھا تھا ’یہ لوگ مثال پیش کر رہے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp