کورونا وائرس: ’بند سٹیڈیم میں کرکٹ ممکن مگر کھلاڑیوں کی حفاظت مقدم ہے‘


کرکٹ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس برس آئرلینڈ اور انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور اگر یہ دونوں ممالک پاکستان کرکٹ بورڈ سے بند سٹیڈیمز میں کھیلنے کی بات کرتے ہیں تو وہ اس پر غور کر سکتا ہے لیکن حتمی فیصلہ کرتے وقت کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کی حفاظت کو مقدم سمجھا جائے گا۔

آئی سی سی کے رکن ممالک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز کا اجلاس جمعرات کو ٹیلی فونک لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کرکٹ دوبارہ شروع کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پوری دنیائے کرکٹ کے لیے انتہائی مشکل وقت ہے۔ آئی سی سی اور تمام کرکٹ بورڈز نے اس بات کو محسوس کیا کہ باہمی اتفاق سے ہی کرکٹ کی دنیا اس مشکل صورتحال سے نکل سکتی ہے اور اس کے لیے تمام رکن ممالک کا ایک دوسرے سے تعاون اور مدد بہت ضروری ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج دو طرفہ سیریز کو ازسرنو ترتیب دینا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا کہیں کرکٹ کو بھی غریب نہ کر جائے

’جس شخص کو اپنی عمر یاد نہ ہو وہ میرے ریکارڈ کیا یاد رکھے گا‘

ٹیسٹ کرکٹ کے وہ بولنگ سپیل جو کبھی بھلائے نہیں جا سکتے

کرکٹ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورۂ انگلینڈ

وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے لیے یہ سب سے مشکل وقت ہے کیونکہ اسے اس برس ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرنی ہے اور اگر وہ یہ میچز نہ کروا سکے تو انھیں بہت زیادہ مالی نقصان کا سامنا ہو گا۔

وسیم خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا پاکستانی کرکٹ ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ میں اپنے میچز بند سٹیڈیمز میں کھیل سکتی ہے تو ان کا جواب تھا کہ اس تجویز کو خارج از امکان نہیں سمجھا جا سکتا لیکن اس میں خطرات بھی لاحق ہیں۔

’ٹیم کے سفر اور ہوٹلوں میں قیام جیسے اہم پہلوؤں کے بارے میں بھی سوچنا پڑے گا۔ ہمیں اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت کی حفاظت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ اگر آئرلینڈ اورانگلینڈ کے کرکٹ بورڈز بند سٹیڈیمز میں کھیلنے کی بات کرتے ہیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لے گا۔‘

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا مستقبل

وسیم خان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ وہ ہر لمحہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اس کے لیے اس مرحلے پر کوئی بھی بات حتمی طور پر کہنا ممکن نہیں ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس سال اکتوبر نومبر میں منعقد ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے شیڈول پر برقرار ہے لیکن اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ آسٹریلوی حکومت کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔

کرکٹ

آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی

وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئی سی سی نے اپنے مستقبل کے ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش کا عمل مؤخر کر دیا ہے اور اس سلسلے میں آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس عمل کے لیے ابھی مناسب وقت موجود ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اماراتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر 2023 سے 2031 تک کے عرصے میں آئی سی سی کے پانچ چھ ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp