بولر گیند کو تھوک نہ لگائے گا تو کیا کرے گا؟


Cricket ball

اچھی بھلی زندگی کی گاڑی چل رہی تھی کہ اچانک بیچ میں کورونا کا سپیڈ بریکر آ گیا اور ہر شے اس جھٹکے سے رک گئی۔ اب یہ ہے کہ کورونا جائے نہ جائے، کاروبارِ زندگی تو پھر سے شروع کرنا ہی ہے۔

اس تگ و دو میں ہر شعبۂ حیات اپنے اپنے تئیں ایسے ضابطے وضع کرنے میں مگن ہے جن سے کاروبارِ زیست کا پہیہ بھی چلنے لگے اور کورونا کا پھیلاؤ بھی رک جائے۔ یہی کاوش اس وقت کرکٹ کو بھی درپیش ہے کہ کوئی ایسا ‘بائیو سکیور’ یعنی حیاتیاتی طور پہ محفوظ ماحول پیدا کیا جائے جہاں کھیل بنا کسی نقصان کے ممکن ہو۔

اس میں دیگر عوامل تو وہی معمول کے ہیں کہ کھیل کے سبھی شرکا خود کو چودہ روز تک الگ تھلگ ماحول میں رکھیں، باہمی میل جول اور سفر سے اجتناب برتیں اور کم سے کم وینیوز پہ زیادہ سے زیادہ میچز منعقد کروائے جائیں، سٹیڈیم خالی ہوں اور صرف ٹی وی رائٹس کی ڈیلز ہی اس شعبے سے وابستہ افراد کا نان نفقہ فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیے

بال ٹیمپرنگ ہوتی کیسے ہے؟

پی ایس ایل: ’بال ٹیمپرنگ پکڑنی ہے تو خود پکڑیں‘

بال ٹیمپرنگ سکینڈل: سٹیو سمتھ پر ایک میچ کی پابندی

میں نے بال ٹیمپرنگ کی: کیمرون بینکروفٹ

مگر سب سے دلچسپ پہلو بولرز کے حوالے سے ہے کہ بولر گیند چمکانے کے لیے اپنے لعابِ دہن کے استعمال سے گریز کریں۔

ریورس سوئنگ پیدا کرنے کے اگرچہ مختلف قانونی اور غیر قانونی طریقے رواج پذیر ہوئے ہیں مگر ان سبھی طریقوں میں بنیادی تکنیک یکساں ہے کہ گیند کے ایک رخ کو مسلسل چمکایا جائے اور دوسرے رخ کو پسینے اور لعاب کے استعمال سے بھاری بنایا جائے۔

سوئنگ

گو اس میں خاصا وقت لگتا ہے مگر ریورس سوئنگ پیدا کرنے کا فطری طریقہ یہی ہے۔

اس کے علاوہ ماضی میں بوتلوں کے ڈھکن بھی گیند کی ‘تیاری’ میں استعمال ہوتے رہے ہیں۔ ہمارے ایک سپر سٹار تو گیند کو سیب کی طرح چبا بھی چکے ہیں۔

علاوہ ازیں پیپر منٹ اور ٹافیوں کے مصنوعی کیمیکلز بھی زیرِ استعمال رہے اور ماضی قریب میں سینڈ پیپر تک اس مقصد کے لیے استعمال ہو چکے ہیں مگر ڈوپلیسی کے ‘منٹ گیٹ’ سے لے کر سٹیو سمتھ کے ‘سینڈ پیپر گیٹ’ تک کوئی بھی غیر فطری طریقہ آئی سی سی کے طے کردہ قوانین سے تطابق میں شمار نہیں ہوا اور بجا طور پہ سکینڈلز اور تنازعات کا باعث بنا۔

ریورس سوئنگ

آئی سی سی کے موجودہ قوانین یہ کہتے ہیں کہ گیند کی حالت میں تغیر پیدا کرنے کے لیے کسی بھی غیر فطری طریقے کا استعمال بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے یعنی گیند سے چھیڑ چھاڑ کے مترادف ہے اور قابلِ سزا جرم ہے۔

لیکن اب کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر آئی سی سی یہ غور کر رہا ہے کہ گیند چمکانے کے فطری طریقوں یعنی لعاب اور پسینے کے استعمال پہ پابندی عائد کر دی جائے اور بال ٹیمپرنگ کو قانونی قرار دے کر یہ عمل کسی مصنوعی کیمیکل مثلاً ویکس یا شو پالش کی مدد سے جائز قرار دیا جائے۔

اس پروسیجر میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز بھی زیرِ غور ہے کہ یہ سارا عمل امپائر کی نگرانی میں سر انجام پائے تاکہ لا یعنی مباحث اور بے وجہ تنازعات سے بچا جا سکے۔

آسٹریلیا

مگر اس سارے عمل میں ایک بات ہمارے فہم سے بالاتر ہے کہ اگر کھیل میں شریک ہر شخص بائیو سکیورٹی کے پروسیجرز کی چھلنی سے گزر کر آئے گا تو پھر لعابِ دہن کو اس قدر مشکوک کیوں بنایا جا رہا ہے؟

سوال یہ بھی ہے کہ سالہا سال سے گیند پہ تھوک لگانے اور پسینے کا استعمال کرنے والے ریفلیکسز کیسے اس نئے عمل سے ہم آہنگ ہوں گے اور اگر لا شعوری طور پہ کسی نے لعاب گیند پہ لگا دیا تو کیا وہ گیند مزید استعمال کے قابل سمجھی جائے گی یا امپائر اسے تبدیل کرے گا یا ریفری سے درخواست کر کے گیند کو سینیٹائز کروائے گا؟

وقار یونس نے بالکل بجا کہا ہے کہ کرکٹ کے رک جانے کے باعث آئی سی سی پہ اضطراب کی صورتِ حال طاری ہے اور اس کیفیت سے نکلنے کے لیے وہ ضرورت سے زیادہ سوچ رہے ہیں۔

ان کی بات میں وزن ہے کہ کسی فاسٹ بولر کو گیند چمکانے کے لیے تھوک یا پسینے کے استعمال سے روکا نہیں جا سکتا کیونکہ کسی بولر کو گیند تیار کرنے کے لیے تھوک کے استعمال سے روکنا ایسا ہی ہے جیسے کسی اندھے کو راہ ٹٹولنے کے لیے چھڑی کے استعمال سے روکنا۔

آئی سی سی کو دھیرج رکھنا چاہیے اور کرکٹ کی بحالی کے لیے مناسب وقت کا انتظار کرنا چاہیے۔

پھر بھی اگر ٹی وی رائٹس کے چھن جانے اور ہزاروں وابستگان کے بیروزگار ہونے کے خدشات آڑے آ رہے ہیں تو چودہ روزہ آئسولیشن کے دورانیے اور احتیاطی تدابیر پہ ہی اکتفا کرنا بہتر ہے نہ کہ کھیل کی بنیادی فطری خوبصورتیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp